Updated: July 29, 2026, 9:03 PM IST
| Melbourne
کنڑ سنیما کے معروف اداکار، ہدایت کار اور مصنف رشبھ شیٹی کو انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم) (IFFM) ۲۰۲۶ء میں باوقار ’لیڈرشپ اِن سنیما ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز ہندوستانی سنیما میں ان کی نمایاں خدمات، منفرد فلمی وژن اور ثقافتی ورثے سے جڑی کہانیوں کو عالمی سطح پر پہنچانے کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
رشبھ شیٹی۔ تصویر:آئی این این
کنڑ سنیما کے معروف اداکار، ہدایت کار اور مصنف رشبھ شیٹی کو انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم) (IFFM) ۲۰۲۶ء میں باوقار ’لیڈرشپ اِن سنیما ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز ہندوستانی سنیما میں ان کی نمایاں خدمات، منفرد فلمی وژن اور ثقافتی ورثے سے جڑی کہانیوں کو عالمی سطح پر پہنچانے کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق یہ اعزاز ایسے فلم سازوں اور فنکاروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور جرات مندانہ اندازِ بیان سے جدید ہندوستانی سنیما کو نئی شناخت دی ہو۔ رشبھ شیٹی نے اپنی فلموں کے ذریعے مقامی ثقافت، روایات اور دیہی زندگی کو عالمی ناظرین تک مؤثر انداز میں پہنچایا، جس کی وجہ سے انہیں یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:اٹلی: پیپ سمر کیمپ، گارڈیالا نے ۳۰؍ فلسطینی بچوں کا خیرمقدم کیا
ایوارڈ کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رشبھ شیٹی نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کہانی سنانا ہمیشہ سے ان کے لیے اپنی ثقافت، روایات اور ان لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ رہا ہے جنہوں نے انہیں متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ہندوستانی تہذیب سے جڑی کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں کو چھو رہی ہیں۔
انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن کی فیسٹیول ڈائریکٹر میتو بھومک لانگے نے کہا کہ رشبھ شیٹی ہندوستانی فلم سازوں کی نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں، جن کی کہانیاں مقامی جڑوں سے وابستہ ہونے کے باوجود عالمی سطح پر اثر چھوڑتی ہیں۔ ان کے مطابق شیٹی نے ثابت کیا ہے کہ اپنی مٹی سے جڑی کہانیاں بھی بین الاقوامی ناظرین کو متاثر کر سکتی ہیں، اسی لیے انہیں ’لیڈرشپ اِن سنیما ایوارڈ‘ سے نوازنا فیسٹیول کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھئے:گوکیش جنیوا میں اپنے عالمی خطاب کا دفاع کریں گے
رشبھ شیٹی نے فلم ’’کانتارا‘‘ کے ذریعے نہ صرف باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی بلکہ ساحلی کرناٹک کی روایات، لوک عقائد اور روحانی ورثے کو بھی عالمی سطح پر متعارف کرایا۔ ناقدین کے مطابق ان کا فلمی انداز ہندوستانی علاقائی سنیما کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے، جس کے باعث وہ آج ملک کے نمایاں فلم سازوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ رواں سال میلبورن میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی فلمی میلے میں رشبھ شیٹی بطور خصوصی مہمان بھی شریک ہوں گے، جہاں مختلف ممالک کے فلم ساز، اداکار اور سنیما سے وابستہ شخصیات ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گی۔