• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوم آئین پر سماجوادی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرنے کا اعلان

Updated: October 20, 2026, 11:28 AM IST | Inquilab News Network | Luckhnow

اکھلیش کا کارکنوں سے خطاب، مینو فیسٹو میں’پی ڈی اے‘ مساوات کو وعدوں میں ڈھالنے کی تیاری، روزگار، کسان، خواتین اور سماجی انصاف سے جڑے ایشوزشامل ہو سکتے ہیں۔

Akhilesh Yadav has robbed the BJP of its sleep by announcing the release of his manifesto. Photo: INN
اکھلیش یادو نے مینو فیسٹو جاری کرنے کااعلان کرکے بی جے پی کی نیند حرام کردی ہے۔ تصویر: آئی این این

یوپی کے اسمبلی انتخابات کیلئے تاریخوں کا ابھی باقاعدہ اعلان نہیں ہوا ہے لیکن سیاسی جماعتوں نے اس کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں تازہ دھماکہ سماجوادی پارٹی نے کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ۲۶؍ نومبر کو ’یوم آئین‘ پر پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسے ’جن- من کا مینی فیسٹو‘ اور ’پی ڈی اے کا پرن پتر‘نام دیا گیا ہے۔ اس تاریخ اور نام کے ذریعہ پارٹی کی سماجی انصاف کی اپنے سیاسی فکر کو آئین اور عوامی امیدوں سے جوڑنے کی کوشش ہے۔ اب نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ پی ڈی اے کے سیاسی تصورات کو سماجوادی پارٹی کن مضبوط پالیسیوں،  فلاحی اسکیموں اور روزگار سے متعلق وعدوں میں بدلتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:نیہا بورا دہلی پولیس کیخلاف ہائی کورٹ پہنچیں

سماجوادی پارٹی سربراہ نے پیر کو’ ایکس‘ پرجاری پوسٹ میں اعلان کیا کہ پارٹی ۲۶؍ نومبر کو اپنا ’جن -من کا مینی فیسٹو‘ جاری کرے گی۔ ان کے پیغام میں ’۲۷؍ کا سنکلپ‘ اور ’پی ڈی اے کا پرن پتر‘ درج ہے۔یعنی انتخابی منشور کو پارٹی کے وسیع سیاسی ایجنڈے سے جوڑنے کی تیاری ہے۔ یوم آئین پر اعلان سے سماجوادی پارٹی پسماندہ، دلت اور اقلیتی طبقہ کی نمائندگی، مساوی مواقع اور آئینی حقوق جیسے موضوعات کو اپنے ایجنڈے میں ترجیح دے سکتی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پارٹی کون سی نئی پالیسیاں یا اسکیموں کا اعلان کرے گی، لیکن گزشتہ کچھ ماہ میں بہت سے بڑے وعدوں سے سماجوادی پارٹی سربراہ پردہ اٹھاچکے ہیں۔

ان میں ’استری سمردھی یوجنا‘ اور خواتین کو ۴۰؍ ہزار روپے دینے کا اعلان شامل ہے۔ حالانکہ گزشتہ دنوں بی جے پی کے ذریعہ ۵۰؍ ہزار روپے دیئے جانے کے اعلان کے بعد سماجوادی پارٹی کے سربراہ دو لاکھ روپے دینے کی بات کہہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ آؤٹ سورسنگ نظام ختم کرکے مستقل ملازمت، پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے، بھرتیوں میں مکمل ریزرویشن، گنا کسانوں کو ۲۴؍ گھنٹے میں ادائیگی جیسے وعدے بھی وہ کرچکے ہیں۔ 

سماجوادی پارٹی نے ۲۰۲۲ء میں اپنے انتخابی منشور میں ۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی، کسانوں کی قرض معافی، لیپ ٹاپ تقسیم جیسے وعدے کئے تھے۔ یہ بھی برقرار رہ سکتے ہیں۔ دوسری جانب انہوں نے اصل انتخابی منشور کے ساتھ ہر ضلع کیلئے الگ سے انتخابی منشور جاری کرنے کا بھی عدہ کیا ہے۔ حالانکہ ضلع وار منشور ۲۶؍ نومبر کو ہی جاری ہوں گے یا ان کا بعد میں ضلع سطح پر اعلان کیا جائے گا، یہ ابھی پارٹی نے واضح نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:شولاپور کی اُردو اسکول کی دو بہنوں نے والی بال میں ہندوستان کو ایشیائی چیمپئن بنادیا

منشور میں سماجوادی پارٹی کو اپنے ذریعہ اٹھائے گئے ایشوز اور وعدوں پر ترجیحات واضح کرنا ہوں گی۔ منشور کی سچائی اس بات سے بھی طے ہوگی کہ اعلان کی گئی اسکیموں کے لئے مالی وسائل، مدت کار اور عملدرآمد کا خاکہ کس قدر واضح ہے؟

بی جے پی فرضی ووٹ بنوا کر اصلی ووٹ کٹوانے کی سازش کر رہی ہے:سماجوادی

اکھلیش یادو نےبی جے پی پر انتخابی دھاندلی اور ووٹر لسٹ میں ہیرا پھیری کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے بوتھوں پر چوکس رہیں کیونکہ ان کے بقول بی جے پی فرضی ووٹ بنواتی ہے اور مخالف جماعتوں کے حقیقی ووٹ کٹواتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوپی کے عوام بی جے پی کی بدانتظامی سے تنگ آچکے ہیں اور۲۰۲۷ءکے اسمبلی انتخابات میں اقتدار کی تبدیلی کا عزم کرچکے ہیں۔سماجوادی سربراہ نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے  لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرضی ووٹوں اور دھاندلی کو اپنی طاقت سمجھتی ہے۔ انتخابات جیتنے کے لیے وہ مختلف حربے استعمال کرتی ہے اور قانون و آئین کی پروا نہیں کرتی۔ انہوں نے کارکنوں سے ووٹوں کی چوری اور چندے کی چوری کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی اپیل بھی کی۔انہوں نے یوگی سرکار پر مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی، ناانصافی اور ظلم و زیادتی کے معاملات پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کی جماعت قرار دیا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK