• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بیٹا اذہان مجھے ایک بہتر انسان بھی بنا رہا ہے: ثانیہ مرزا

Updated: November 15, 2025, 10:22 PM IST | Mumbai

سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک حالیہ گفتگو میں اپنے بیٹے اذہان کی پرورش، زندگی میں بڑھتی ہوئی صبر و شکرگزاری اور ٹینس کے بعد کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اذہان نے کم عمری میں حیرت انگیز محبت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے انہیں ایک بہتر انسان بنایا ہے۔

Sania Mirza and Son Izhaan. Picture: INN
ثانیہ مرزا اور بیٹا اذہان۔ تصویر:آئی این این

ثانیہ مرزا نے حال ہی میں اپنے بیٹے اذہان کی پرورش اور اپنی زندگی کی نئی ترجیحات کے بارے میں کھل کر بات کی۔ سابق ٹینس اسٹار نے بتایا کہ وقت کے ساتھ وہ مزید صبر و تحمل سیکھ گئی ہیں اور اب وہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی زیادہ قدر کرتی ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ثانیہ نے کہا کہ وہ ٹینس کے بعد اپنی زندگی کو ’’زیادہ سے زیادہ پُرسکون‘‘ رکھنا پسند کرتی ہیں، مگر اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنا ان کیلئے سب سے زیادہ قیمتی ہے۔ جب ان سے بیٹے اذہان کی پرورش کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے فخر سے کہا کہ ’’مجھے اس پر بہت فخر ہے کہ وہ کیسا بچہ بن رہا ہے۔ وہ بہت مہربان ہے، اس میں محبت ہے اور وہ بے حد ہمدرد ہے۔‘‘
اذہان کی کم عمری میں مضبوط شخصیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اس نے مجھے اب تک کی سب سے غیر مشروط محبت دکھائی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس نے مجھے ایک ماں ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہتر انسان بھی بنایا ہے۔‘‘ کھیلوں میں دلچسپی پر بات کرتے ہوئے ثانیہ نے بتایا کہ اذہان کو فٹ بال، ٹینس اور تیراکی پسند ہے۔ وہ ہنستے ہوئے کہتی ہیں کہ ’’یہ سوال مجھ سے اس وقت سے پوچھا جا رہا ہے جب میں حاملہ تھی۔ اس کے خون میں کھیل ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کی مکمل آزادی دیں گی کیونکہ ان کی اپنی تربیت بھی اسی اصول پر ہوئی تھی۔ ثانیہ نے یہ بھی بتایا کہ اذہان ڈھول بھی بجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کیا بنتا ہے، جب تک وہ خوش ہو اور اپنا ۱۰۰؍ فیصد دے۔‘‘ گفتگو کے دوران ثانیہ نے کھلاڑی ہونے کے مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایلیٹ کھلاڑی اکثر کم عمری میں ریٹائر ہوتا ہے، جس سے اسے نئی چیزیں آزمانے کے مواقع ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’میری اپنی ٹینس اکیڈمی ہے۔ میں گائیڈنس پروگرامز اور موٹیویشنل تقریریں بھی کرتی ہوں، اور مجھے یہ سب بے حد پسند ہے۔‘‘
جب ان سے ٹینس میں واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح جواب دیا کہ ’’جب میں حاملہ تھی، سب نے پوچھا کہ میں ریٹائر کیوں نہیں ہو رہی؟ لیکن میں جانتی تھی کہ میں واپس آؤں گی۔ مگر اس بار جب میں ریٹائر ہوئی، تو دل کو یقین تھا کہ اب میں اپنے بہترین روپ میں واپسی نہیں کر سکوں گی۔ اس لئے واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں۔‘‘ یاد رہے کہ جنوری ۲۰۲۴ء میں ثانیہ مرزا کے خاندان نے تصدیق کی تھی کہ ان کی شعیب ملک سے طلاق ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK