Inquilab Logo Happiest Places to Work

سارانش جین کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں موقع ملا، جڈیجا اور بمراہ کی واپسی

Updated: July 28, 2026, 6:04 PM IST | Mumbai

آف اسپن آل راؤنڈر سارانش جین کو پہلی بار ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رویندر جڈیجا اور جسپریت بمراہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

Shubman Gill.Photo:INN
شبھ من گل۔ تصویر:آئی این این

 آف اسپن آل راؤنڈر سارانش جین کو پہلی بار ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رویندر جڈیجا اور جسپریت بمراہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، تاہم بمراہ اسی صورت میں کھیل سکیں گے جب انہیں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے فٹنیس کلیئرنس مل جائے گی۔ اسی طرح سائی سدرشن کا انتخاب بھی فٹنیس کلیئرنس سے مشروط ہے، جبکہ ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث واشنگٹن سندر پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔


 واشنگٹن سندر کی انجری کے باعث ہی مدھیہ پردیش کے سارانش جین کے لیے ٹیم میں جگہ بنی۔ ۳۳؍ سالہ آل راؤنڈر نے حال ہی میں انڈیا اے کے سری لنکا دورے کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے دوسرے چار روزہ میچ میں ناٹ آؤٹ ۷۰؍ رنز بنائے اور سات وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سارانش جین اب تک ۵۴؍ میچوں میں ۷۵ء۳۱؍ کی اوسط سے ۲۲۲۳؍ رنز بنا چکے ہیں، جبکہ گیندبازی میں۳۰ء۲۷؍ کی اوسط سے ۱۸۸؍ وکٹ اپنے نام کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:کون ہیں محمد عرفان جن سے ملنے راہل گاندھی اُن کی جھوپڑی میں گئے


سارانش جین کی طرح سائی سدرشن بھی انڈیا اے کے سری لنکا دورے کا حصہ تھے اور انہوں نے دونوں میچوں میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اگر انہیں فٹنس کلیئرنس نہیں ملتی تو نمبر تین پر دیودت پڈیکل کو موقع مل سکتا ہے۔تیز گیندبازی کے شعبے میں بمراہ کے علاوہ محمد سراج، پرسدھ کرشنا اور بغیر کسی بین الاقوامی میچ کا تجربہ رکھنے والے گرنور برار کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
افغانستان کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں سات وکٹیں لینے والے مانو سوتھار نے بھی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، تاہم رویندر جڈیجا کی واپسی کے بعد ہرش دوبے کو ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ۱۵؍ اگست سے گال میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ ۲۳؍ اگست سے کولمبو کے ایس ایس سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم ۷؍ اگست سے کولمبو میں چار روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ نومبر میں گھریلو میدان پر ۰۔۲؍کی شکست کے بعد موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سائیکل میں یہ ہندوستان کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ اس سے قبل ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ۲۔۲؍سے برابر کی تھی، جبکہ ویسٹ انڈیز کو گھریلو میدان پر ۰۔۲؍ سے شکست دی تھی۔ فی الحال ڈبلیو ٹی سی کی پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان پانچویں جبکہ سری لنکا چھٹے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھئے:گریوز کی خطرناک گیندبازی کے باوجود پاکستان کی شاندار واپسی، و نڈیز کو سبقت ملی


 سری لنکا دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم:
شبھ من گل (کپتان)، یشسوی جیسوال، کے ایل راہل (نائب کپتان)، سائی سدرشن ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، دیودت پڈیکل، رویندر جڈیجا، سارانش جین، کلدیپ یادو، مانو سوتھار، جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، گرنور برار۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK