• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری ۲۰۲۶ء کے اوائل میں متوقع: اسرائیلی میڈیا

Updated: December 27, 2025, 1:02 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل کے ’چینل ۱۳‘ نے ایک سینیئر اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ نے اسرائیلی اور علاقائی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ اگلے ماہ کے شروع میں جنگ بندی منصوبے کا اگلا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، واشنگٹن نے اسرائیل اور علاقائی ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری ۲۰۲۶ء کے اوائل میں متوقع ہے۔ اسرائیل کے ’چینل ۱۳‘ نے ایک سینیئر اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے اسرائیلی اور علاقائی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ اگلے ماہ کے شروع میں جنگ بندی کے منصوبے کا اگلا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق، واشنگٹن دونوں فریقین پر زور دے رہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی شرائط پر سختی سے عمل کریں اور غزہ پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد کے بہاؤ کو تیز کریں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں ایندھن کی شدید قلت،طبی خدمات مفلوج

اسرائیل کا کلیدی مطالبہ رہا ہے کہ حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح کیا جائے۔ لیکن اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ فلسطینی مزاحمتی گروپ کو مکمل طور پر غیر مسلح کئے بغیر ہی جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کی جانب پیش قدمی کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان ۹ اکتوبر کو مصر، قطر اور ترکی کی ثالثی اور صدر ٹرمپ کی سرپرستی میں دو مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ یہ معاہدہ امریکہ کے مجوزہ ۲۰ نکاتی منصوبے پر مبنی تھا جس کا مقصد غزہ میں تباہ کن جنگ کا خاتمہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اردن کی فوج کا شام میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر حملہ

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر ۲۰۲۳ء میں جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ۷۱ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیلی کارروائیوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ ۷۱ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ۱۰ اکتوبر سے نافذ العمل جنگ بندی کے باوجود، اسرائیل اب تک سیکڑوں بار معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے اور اس کے حملوں میں ۴۰۰ سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی مکمل رسائی میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ اس کے باوجود حماس نے اب تک معاہدے کی پاسداری کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: تباہ حال الشفا اسپتال میں ۱۷۰؍ ڈاکٹروں کی گریجویشن تقریب کا انعقاد

اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کی منتقلی میں یہ کہہ کر تاخیر کی کہ حماس کے پاس اب بھی ایک اسرائیلی فوجی کی لاش موجود ہے۔ دوسری جانب فلسطینی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی بمباری سے ہونے والی بڑے پیمانے کی تباہی کے ملبے میں لاش کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ثالثی کرانے والے ممالک کو امید ہے کہ دوسرے مرحلے کے آغاز سے غزہ میں مستقل امن اور تعمیرِ نو کے عمل کی راہ ہموار ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK