Updated: April 24, 2026, 8:16 PM IST
| Mumbai
جہاں ایک طرف’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کی شوٹنگ ابھی جاری ہے، وہیں پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اپنی اگلی فلم کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے ٹائیگر شروف اور شنایا کپور کو ایک نئی زومبی کامیڈی کے لیے سائن کیا ہے، جو ان کے آئندہ پروجیکٹس میں ایک دلچسپ اضافہ ہے۔
شنایاکپور۔ تصویر:آئی این این
جہاں ایک طرف’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کی شوٹنگ ابھی جاری ہے، وہیں پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اپنی اگلی فلم کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ ورائٹی کی رپورٹس کے مطابق انہوں نے ٹائیگر شروف اور شنایا کپور کو ایک نئی زومبی کامیڈی کے لیے سائن کیا ہے، جو ان کے آئندہ پروجیکٹس میں ایک دلچسپ اضافہ ہے۔
بغیر عنوان کے پروجیکٹ کی ہدایت کاری احمد خان کریں گے، جو’’ویلکم‘‘ فرنچائزی کی اگلی قسط بھی ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ احمد خان اس سے پہلے ٹائیگر شروف کے ساتھ ایکشن سے بھرپور فلموں جیسے باغی ۲،باغی ۳؍ اورہیرو پنتی ۲؍ میں کام کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹائیگر اور شنایا دونوں کی شمولیت کے بعد یہ فلم اسی سال کے آخر تک شوٹنگ شروع کر سکتی ہے۔
کہانی کو ابھی سختی سے خفیہ رکھا گیا ہے، لیکن اس فلم کو بالی ووڈ کی کامیڈی صنف میں ایک تازہ اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ زومبی کامیڈی کا انداز ہندی سنیما میں بہت کم دیکھا گیا ہے، اس سے پہلے صرف’’گو گوا گون‘‘(ہدایت: راج اینڈ ڈی کے) اس طرز کی نمایاں مثال ہے۔ ایک اور پروجیکٹ ’’پرلَے‘‘ بھی اسی نوعیت کے عناصر رکھتا ہے، لیکن وہ زیادہ ڈارک ایکشن تھرلر کے انداز میں ہے۔
یہ پروجیکٹ خاص طور پر اس لیے اہم ہے کیونکہ یہ ٹائیگر شروف کے لیے ایک کامیڈی صنف میں قدم رکھنے کا موقع ہے، کیونکہ وہ اب تک زیادہ ترایکشن فلموں جیسے ’’باغی‘‘ اور ’’ہیرو پنتی‘‘ میں نظر آئے ہیں۔ یہ نئی فلم ان کے اسکرین پرسنالٹی کا ایک نیا پہلو دکھا سکتی ہے۔
ٹائیگر شروف اس وقت کئی پروجیکٹس میں مصروف ہیں۔ وہ راج مہتا کی رومانٹک ریونج ڈراما’’لگ جا گلے‘‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس میں لکھیا لالوانی اور جھانوی کپور بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد وہ مراد کھیتانی کے پروڈیوس کردہ اور کنڑ ہدایتکار سچن روی کی ایک ایکشن تھرلر فلم پر کام کریں گے۔ ستمبر تک وہ رام مادھوانی کی مائی تھالوجیکل ایکشن فلم’’وجرا‘‘ پر بھی کام شروع کریں گے۔ ان مصروف شیڈولز کے باعث یہ نئی زومبی کامیڈی ان کے موجودہ پروجیکٹس مکمل ہونے کے بعد ہی شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:آئی سی سی خواتین چیلنج ٹرافی: نیپال، اٹلی، امریکہ اور روانڈا میں سخت مقابلہ
دوسری جانب شنایا کپور بھی تیزی سے اپنے کیریئر کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ وہ حال ہی میں بجوئے نامبیار کی سروائیول تھرلر’’تو یا میں‘‘میں نظر آئیں اور اب وہ شجاعت سوداگر کی پیریڈ کامیڈی ’’جے سی‘‘کی تیاری کر رہی ہیں، جس میں ان کے مقابل ابھیشیک ورما کام کریں گے، جو ’’مُنجیا‘‘سے مشہور ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:عید۲۰۲۷ء:سلمان خان کی ’’ایس وی سی۶۳‘‘ کا مقابلہ پربھاس کی ’’اسپرٹ‘‘ سے ہوگا
ادھر احمد خان اور ان کی ٹیم’’ویلکم ٹو دی جنگل “ کے ایک بڑے شیڈول کی تیاری کر رہی ہے، جس میں مئی کے وسط میں دبئی میں ایک بڑا گانا فلمایا جائے گا۔ اس فلم میں اکشے کمار، سنجے شیٹی، پریش راول، ارشد وارثی، جانی لیور اور راج پال یادو جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ یہ فلم ۲۶؍ جون ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔