Inquilab Logo

نوازبھائی اور پنکج ترپاٹھی کوایکٹنگ کیلئےاستاد قراردیا جاسکتاہے:شویتا ترپاٹھی

Updated: October 18, 2020, 11:13 AM IST | Abdul Kareem Qasam Ali | Mumbai

فلم اداکارہ نے کہا: مرزا پورکے دوسرے سیزن میں میرے کردارگولو میں بہت سی تبدیلیاں نظرآنے والی ہیں اور میں انتقام لیتی ہوئی نظرآؤں گی

Shweta Tripathi - Pic : INN
شویتا ترپاٹھی ۔ تصویر : آئی این این

شویتا ترپاٹھی بالی ووڈ میں اب محتاج تعارف نہیں ہیں ۔ نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں زبردست شہرت حاصل کرلی ہے اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوتی جارہی ہیں۔فلم ’مسان‘ سے سرخیوں میں آنے والی شویتا نے جلد ہی بالی ووڈ میں اپنا الگ مقام بنالیا اور وہ فلم انڈسٹری کے ڈھرے سے ہٹ کر فلموں میں کام کررہی ہیں۔ انہو ںنے فلموں کے ساتھ ساتھ ویب سیریز میں بھی کام کیا ہےاور ان کی مشہور ویب سیریز مرزا پور رہی ہے جس میں انہوں نے گج گامنی ’گولو‘گپتا  کا کردار ادا کیا۔اب اسی ماہ اس ویب سیریز کا دوسرا حصہ پیش کیا جانے والاہے اور اس میں بھی شویتا ترپاٹھی گولو کے کردار میں نظر آنے والی ہیں۔اس بار وہ کچھ الگ انداز میں نظرآئیں گی اور اپنی  بہن کے قتل کا انتقام ان کا مقصد ہوگا۔شویتا ترپاٹھی نے اپنے کردار میں ناقدین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے اور اس بار بھی اپنے مقصدمیں کامیاب رہنے والی ہیں۔ اس ویب سیریز میں بھی وہ علی فضل کے ساتھ نظر آئیں گی۔  نمائندہ انقلاب نے شویتا ترپاٹھی سے خصوصی گفتگو کی جو یہاں پیش کی جارہی ہے:  
س:مرزاپورکے ٹریلر کے بارے میں کیا کہناہے ؟
ج: اس بار ہم نے پہلے ہی طے کرلیا تھا کہ ٹریلرکو بہت جاندار بنانا ہے اور اس کیلئے ویب سیریز کی ٹیم نے بہت محنت کی۔  ٹریلر دیکھنے کے بعد جو پزیرائی مل رہی ہے اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ ہماری محنت کامیاب رہی۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پر اس کے میم بھی بننا شروع ہوگئے ہیں اور آج کی تاریخ میں اگر آپ کے کیریکٹر کے کوئی میم بناتا ہے تو سمجھ جائیے کہ آپ نے کچھ غیر معمولی کام کیا ہے۔ ویب سیریز میں ہمارے معاون اداکار وجے ورما تو چاہتے ہیںکہ ان کے کیریکٹر کے میم بنیں اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جائیں۔
س:پنکج ترپاٹھی جیسے منجھے ہوئے اداکار کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
ج: نوازبھائی (نوازالدین صدیقی ) اور پنکج ترپاٹھی کی اداکاری کی سطح بہت بلند ہے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل جائے تومیرے لئے یہی بڑی بات ہے۔ ان دونوں کے ساتھ کام کرنا مطلب آپ ایکٹنگ کے ٹیچرس کے ساتھ کام کر رہے ہیں  ۔یہ دونوں کبھی بھی آپ کو جونیئر نہیں کہیں گے اور نہ ہی آپ کو شوٹنگ کے دوران سکھائیں گے کہ یہ ایسا کردو یا پھر  ایسا کردو۔ پنکج ترپاٹھی بالکل شریف اور سیدھے سادھے آدمی ہیں۔ آپ ان سے کسی بھی منظر کے بارے میں گفتگو کرلو وہ آپ کو بتائیں گے کہ آپ کس طرح اسے بہترین انداز میں کرسکتے ہو۔ ان سے میں  بے تکلف ہوکر بات چیت کرتی ہوں ۔      
س: کیا اس بار آپ کو ۲؍اہم کرداروں کی کمی محسوس ہوئی ؟   
ج: میں  اور علی فضل نے مرزا پور کے پہلے حصہ کے آخری ایپی سوڈ میں بہت کچھ برا دیکھا اور ہم نے اپنے دو اہم ممبروں کو گنوا دیا۔ وکرانت ماسے اور شریہ پلگاؤنکرکے مرنے کے بعد ہی   اس سیریز کا دوسرا حصہ شروع ہوتا ہے اگر انہیں نہیں مارا جاتا تو کہانی آگے نہیں بڑھتی اور میں ان کا انتقام نہیں لے پاتی۔ حالانکہ شوٹنگ کے دوران ان کی غیرموجودگی کا احساس ہوتا تھا او ر ہم انہیں یاد کرتے تھےکہ اگر وہ ابھی موجود ہوتے تو اس سین کو کس طرح ادا کرتے۔بہت دنوں تک ایک ساتھ کام کرو تو ایک الگ ہی رشتہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ بندھ جاتاہے   ۔    
س:اس بار آپ کا کیریکٹر کتنا مختلف ہے ؟  
ج : پہلے سیزن کے مقابلے میں اس سیزن میں میرے کردار میں کافی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی اور میں اپنی بہن شریا کی موت کا انتقام لیتے ہوئے نظرآؤں گی۔مرزا پور کی کہانی لکھنے والے پونیت مشرا کی مشکور ہوں کہ انہوں نے اس بار میرے کردار کو بہت زیادہ اہم قرار دیا۔ اس  سیزن میں مجھے بہت سنجیدہ اور بے باک بتایا گیاہے۔ حالانکہ میری اور گڈو کی ’ٹام اینڈ جیری ‘ والی کیمسٹری بھی چلتی رہتی ہے ۔  
س: علی فضل کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟  
ج: آج کے دور میں علی فضل اچھے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ بھی بالی ووڈ کی روش سے ہٹ کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے تو ہالی ووڈ کی فلمیں بھی کرنی شروع کردی ہیں۔ آف اسکرین ہم دونوں میں بے تکلفی سے بات چیت ہوتی ہے اور ہم ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بجائے سیدھے اہم موضوع پرگفتگو کرتے ہیں۔ سبھی کہتے ہیںکہ مرزا پور تشدد پر مبنی سیریز ہے لیکن علی فضل اور میرے کردار کو دیکھیں تو ان میں تشدد نہیں ہے بلکہ ایک رشتہ ہے، ایک ربط ہے ۔علی فضل مجھ کو بہت عزیز ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے میں بھی اچھا لگتاہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK