Updated: March 03, 2026, 9:05 PM IST
| Mumbai
ہارر فلم ’’تمباڑ‘‘ کے سیکوئل میں نوازالدین صدیقی باضابطہ طور پر شامل ہو گئے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری راہی انیل باروے کر رہے ہیں جبکہ سوہم شاہ بطور مرکزی چہرہ اور پروڈیوسر اس پروجیکٹ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ٹیم کے مطابق نوازالدین کا کردار کہانی میں اہم اور کئی پرتوں پر مشتمل ہوگا۔
’’تمباڑ ۲‘‘ میں نواز الدین صدیقی۔ تصویر: آئی این این
۲۰۱۸ء میں ریلیز ہونے والیTumbbad نے اپنی ریلیز کے وقت باکس آفس پر اوسط کارکردگی دکھائی، لیکن او ٹی ٹی پر آنے کے بعد اس نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ فلم کی منفرد ہارر فضا، لوک داستانی پس منظر اور بصری انداز نے اسے وقت کے ساتھ کلٹ کلاسک کا درجہ دلا دیا۔ اسی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث شائقین طویل عرصے سے سیکوئل کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سوہم شاہ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ نوازا لدین صدیقی ’’تمباڑ ۲‘‘ کی کاسٹ میں شامل ہو گئے ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا: ’’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے وقت کے بہترین اداکاروں میں سے ایک، نوازالدین صدیقی، ’’تمباڑ ۲‘‘ میں شامل ہو گئے ہیں۔ خوش آمدید، نواز بھائی!‘‘
فلم کی ہدایت کاری راہی انیل باروے کر رہے ہیں، جو پہلے حصے کے ہدایت کار بھی تھے، جبکہ پین اسٹوڈیوز اس پروجیکٹ کی معاونت کر رہا ہے۔ ابھی تک نوازالدین کے کردار کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں، تاہم ٹیم نے اشارہ دیا ہے کہ ان کا کردار کہانی میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ سے گفتگو میں نوازالدین صدیقی نے کہا کہ ’’تمباڑ‘‘ ہمیشہ سے ایک ایسی فلم رہی ہے جس کی میں نے اس کی اصلیت اور ماحول سے متعلق کہانی کہنے کی تعریف کی ہے۔ جب سوہم نے سیکوئل کے لیے وژن شیئر کیا تو مجھے کہانی پسند آئی اور میں ان کے سفر میں شامل ہو گیا۔ اس پیمانے کے پروجیکٹ پر سوہم شاہ اور پین اسٹوڈیوز کے ساتھ تعاون کرنا واقعی پرجوش ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلوی کوئز شو میں شاہ رخ خان سافٹ ویئر ڈیولپر قرار دیا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا کردار ’’کئی پرتوں پر مشتمل‘‘ ہے اور وہ اسے پوری شدت کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سوہم شاہ نے بھی نوازالدین کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ نواز سر کو بورڈ پر لانا ہمارے لیے ناقابل یقین حد تک پرجوش ہے۔ وہ ایک ایسے اداکار ہیں جو اپنے ہر کردار میں بے مثال شدت اور صداقت لاتے ہیں۔ وہ جس کردار کو پیش کریں گے وہ بیانیے کو جذباتی اور نفسیاتی گہرائی کی نئی سطح تک لے جائے گا۔‘‘ انہوں نے عندیہ دیا کہ سیکوئل نہ صرف کہانی کے دائرے کو وسیع کرے گا بلکہ نفسیاتی اور جذباتی پیچیدگیوں کو بھی مزید گہرا کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے، خامنہ ای کی شہادت پر فرحانہ بھٹ کا اظہار غم
پہلی فلم کی بصری اور بیانیہ کامیابی کے بعد ’’تمباڑ ۲‘‘ سے توقعات کافی بلند ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ سیکوئل اسی تاریک، اساطیری فضا کو برقرار رکھتے ہوئے ایک وسیع تر دنیا اور زیادہ گہرے کرداروں کو پیش کرے گا۔ نوازالدین صدیقی کی شمولیت کو فلم کے لیے ایک بڑا پلس پوائنٹ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ وہ پیچیدہ اور نفسیاتی کرداروں کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ فلم کی ریلیز تاریخ کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم پروڈکشن کی تیاریوں سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ٹیم اسے بڑے پیمانے پر پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔