• Thu, 05 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علی فضل کی ’’مرزا پور‘‘ ۴؍ ستمبرکو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی

Updated: February 05, 2026, 8:07 PM IST | Mumbai

پرائم ویڈیو پر ۲۰۱۸ء میں ریلیز شو ’’مرزا پور‘‘ کی کہانی پر مبنی فلم انہیں کرداروں کے ساتھ ۴؍ ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم کو ایکسل اینٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنایا گیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

علی فضل، پنکج ترپاٹھی اور شویتا ترپاٹھی جیسے بہترین اداکاروں کی اداکاری سے سجی فلم ’’مرزا پور‘‘ ۴؍ ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کیلئے تیار ہے۔ یہ فلم پرائم ویڈیو سیریز ’’مرزا پور‘‘ کی سنیما میں توسیع کے طور پر پیش کی جا رہی ہے۔ فلمساز فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کے پروڈکشن ہاؤس ایکسل اینٹرٹینمنٹ میں بنی اس فلم میں دویاندو شرما، رسیکا دُگل اور جتیندر کمار بھی نظر آئیں گے۔ یہ فلم گرمیت سنگھ کی ہدایتکاری میں بنی ہے جنہوں نے ہٹ پرائم ویڈیو سیریز کی بھی ہداتکاری کی تھی۔ اس فلم کی ریلیز کا اعلان ایکسل اینٹرٹینمنٹ نے نجی اکاؤنٹ پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔ پوسٹ کے کیپشن باکس میں لکھا ’’اب دیکھئے بھوکال بڑے پردے پر۔ فلم ’’مرزا پور‘‘ ۴؍ ستمبر کو اپنے قریبی سنیما گھروں میں دیکھئے۔‘‘

سیریز کے دوسرے حصے میں مرنے کے باوجود فلم میں پنکج ترپاٹھی کی واپسی بطور کالین بھیا ہوگی، ساتھ ہی علی فضل بطور گڈو پنڈت، شویتا ترپاٹھی بطور گجگامنی گپتا اور دویاندو شرما بطور مُنا ترپاٹھی نظر آئیں گے۔ یاد رہے کہ سیریز ’’مرزا پور‘‘ کا آغاز پرائم ویڈیو پر ۲۰۱۸ء میں ہوا اور اس کا دوسرا حصہ ۲۰۲۰ء اور تیسرا سیزن ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوا۔ اس سیریز کے تینوں سیزن کو  ناظرین نے خوب پسند کیا ہے اور اب کے چوتھے سیزن کیلئے بھی تیاریاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’بارڈر ۲‘‘ عالمی سطح پر ۴۰۰؍ کروڑ کلب میں شامل

اس فلم کی کہانی اتر پردیش کے اکھنڈ آنند ترپاٹھی عرف ’’کالین‘‘ کے گرد گھومتی ہے، جو ایک بے رحم مافیا ڈان ہے اور ایک لا قانونیت سے گھرے شہر پر راج کرتا ہے۔ سیریز کی کہانی سیاست اور انڈر ورلڈ کی کہانی کو سنجیدگی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، تاہم بہت سے مناظر مزاحیہ طور پر پیش کئے گئے ہیں۔ واضح ہو کہ فلم میں ’’پنچایت‘‘ اور ’’کوٹا فیکٹری‘‘ سیریز کے اسٹار جتیندر کمار بطور ببلو پنڈت نظر آئیں گے، جس کردار کو سیریز میں وکرانت میسی نے نبھایا تھا۔ ’’مرزا پور‘‘ سیزن ۱؍ میں ببلو پنڈت کی حیران کن موت ہو گئی تھی۔ فلم میں اس کردار کے ساتھ وہی ہوگا جو سیریز میں ہوا تھا۔ رپورٹس کے مطابق میسی نے فلم مین کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK