Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونم کپور کو بالی ووڈ کی فیشن آئیکون بھی کہا جاتا ہے

Updated: June 10, 2026, 9:56 AM IST | Agency | Mumbai

اگر کسی اداکارہ کو بالی ووڈ کی ’فیشن آئیکون‘ کہا جائے تو سونم کپور کا نام سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے۔بالی ووڈ میں ایسے بہت کم فنکار ہیں جنہوں نے اپنی اداکاری کےساتھ ساتھ فیشن کے میدان میں بھی ایک الگ مقام حاصل کیا ہو۔

Sonam Kapoor.Photo:INN
سونم کپور۔ تصویر:آئی این این
اگر کسی اداکارہ کو بالی ووڈ کی ’فیشن آئیکون‘ کہا جائے تو سونم کپور کا نام سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے۔بالی ووڈ میں ایسے بہت کم فنکار ہیں جنہوں نے اپنی اداکاری کےساتھ ساتھ فیشن کے میدان میں بھی ایک الگ مقام حاصل کیا ہو۔ سونم کپوران چند شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے نہ صرف فلمی دنیامیں اپنی شناخت بنائی بلکہ ہندوستانی فیشن انڈسٹری میں بھی ایک رجحان ساز شخصیت کے طور پر شہرت حاصل کی۔ اپنی بے باک رائے، منفرد اندازِ لباس اور مختلف النوع کرداروں کی وجہ سے سونم کپور گزشتہ دو دہائیوں سے مسلسل خبروں اور عوامی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ 
سونم کپور۹؍جون ۱۹۸۵ءکوممبئی کےعلاقے چمبورمیں پیدا ہوئیں۔ وہ معروف اداکار انیل کپوراور سابق ماڈل سنیتا کپورکی بڑی بیٹی ہیں۔ان کا تعلق ہندوستان کے مشہور کپور خاندان سے ہے، جس نےکئی دہائیوں سے فلمی دنیا میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے بہن بھائیوں میں ریہا کپوراور ہرش وردھن کپورشامل ہیں۔ 
بچپن ہی سے سونم کا رجحان فنون، ادب اور فیشن کی طرف تھا۔ انہوںنے ممبئی کے آریہ ودیا مندراسکول میں تعلیم حاصل کی اور بعد میںبیرون ملک بھی تعلیم حاصل کی۔ اگرچہ ان کا تعلق ایک فلمی خاندان سےتھا، لیکن انہوں نے اداکاری کے میدان میں آنے سے پہلےفلم سازی کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کی۔
سونم کپورنےاپنے فلمی سفر کا آغاز بطور اداکارہ نہیں بلکہ معاون ہدایت کار کے طور پر کیا۔انہوں نے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم بلیک میں معاونت کی۔ اسی دوران بھنسالی نے ان میں اداکاری کی صلاحیت دیکھی اور انہیں اپنی اگلی فلم میں مرکزی کردار دیا۔ ۲۰۰۷ءمیںسونم نےساوریاکے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں ان کے مقابل رنبیر کپورتھے، جو خود بھی اسی فلم کے ذریعے فلمی دنیا میں متعارف ہوئےتھے۔ اگرچہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوئی، لیکن سونم کی خوبصورتی اور اسکرین پر موجودگی نے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔ 
 
 
ابتدائی کامیابی نہ ملنے کے باعث سونم کو کئی برس تک تنقید کا سامناکرنا پڑا۔ ان کی متعدد فلمیں باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکیں، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔۲۰۱۰ءمیں آئی ہیٹ لو اسٹوریز نے انہیں پہلی بڑی تجارتی کامیابی دلائی۔اس کے بعد انہوں نے عائشہ،موسم اور پلیئرزجیسی فلموں میں کام کیا، لیکن ان فلموں سے انہیں وہ مقام حاصل نہیں ہو سکا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ 
سونم نے متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا، جن میں بھاگ ملکھا بھاگ،خوبصورت، ڈالی کی ڈولی، پریم رتن دھن پایو شامل ہیں۔ خاص طور پر پریم رتن دھن پایو میں ان کی جوڑی سلمان خان کے ساتھ خوب پسند کی گئی اور فلم نے باکس آفس پر شاندار کاروبار کیا۔ 
 
 
سونم کپور کے کریئر کا سب سے اہم سنگ میل۲۰۱۶ءمیں ریلیز ہونے والی فلم نیرجاکو سمجھا جاتا ہے۔یہ فلم بہادر ایئر ہوسٹس نیرجا بھانوٹک کی زندگی کے واقعات پر مبنی تھی، جنہوں نے ۱۹۸۶ءمیں مسافروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔سونم کی اداکاری کو غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ناقدین نے اسے ان کے کیریئر کی بہترین پرفارمنس قرار دیا۔ اس کردار کے لیے انہیں خصوصی قومی اعزاز(اسپیشل مینشن)اور فلم فیئر کریٹکس ایوارڈ بھی ملا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK