Inquilab Logo

فلم’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں کام کرنے کیلئے سونم کپور نے محض ۱۱؍روپے معاوضہ لیا تھا

Updated: August 09, 2021, 11:55 AM IST | Agency | Mumbai

فلم کے ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا نے اپنی خودنوشت سوانح حیات میں انکشاف کیا،ایک انٹرویو میں اپنے تعلقات کو اس کی وجہ قرار دیا تھا

Sonam Kapoor who believes in doing great work.Picture:INN
سونم کپورجو عمدہ کام کرنے میں یقین رکھتی ہیں۔۔تصویر: آئی این این

:فلم انڈسٹری میں کئی ایسے اداکار ہیں جنہوں نے  اسکرپٹ پسند آنے کے بعد بھی فلم میں کام کرنے سے محض اس لئے منع کردیا کہ اس کیلئے انہیں ملنے والا معاوضہ ان کی مرضی کے مطابق نہیں تھا۔ حالانکہ ، ایسے بھی بہت سے فنکار ہیں جنہوں نے فلم کی اسکرپٹ سننے کے بعد خود ہی خوشی خوشی اپنی فیس کم کردی یا کئی مرتبہ ذاتی تعلقات کی وجہ سےبھی مفت میں فلم میں کام کیا۔ ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرانےاپنی خود نوشت سوانح حیات’دی اسٹرینجر ان دی مرر‘میں سونم کپور کے تعلق سے چونکانے والاانکشاف کیا ہے۔
 راکیش اوم پرکاش مہرا نے اپنی خود نوشت سوانح حیات’دی اسٹرینجر ان دی مرر‘ میں اپنی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میںسونم کپور کی فیس کے بارے میں ذکر کیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ فلم میں بیرو کے کردار کے بارے میں جاننے کے بعد اداکارہ نے فلم کیلئے ہاں کہہ دی تھی۔ فلم میں سونم کپور کا زیادہ بڑا رول نہیں تھا لیکن ان کے حلیے کی تعریف کی گئی تھی۔فلم ساز نے بتایا کہ سونم کپور نے فلم کیلئے صرف ۱۱؍ روپے بطور فیس لیئے تھے۔بالی ووڈ ہنگامہ سے بات چیت کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ سونم کپور نے فلم کیلئے ۱۱؍روپے کیوں لئے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ’’۱۱؍روپے لینے کی وجہ ہمارے پرانے تعلقات تھے۔ انہوںنے کہاکہ اس فلم سے پہلے ہم نے ساتھ میں ’دلی ۶‘ میں کام کیا تھا۔ اس دوران ہمارے تعلقات بہت اچھے ہوگئے تھے۔‘‘اس بات چیت میں انہوں نے مزید بتایا کہ سونم نے فلم کو صرف  ۷؍دنوں میں ہی پورا کرلیا تھا، جس میں دو گانے ’میرا یار‘ اور ’او رنگریز‘ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقسیم اور فلم میں ملکھا سنگھ کے جذبات کو اتنے خوبصورت انداز میں دکھایا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے ہماری بہت تعریف کی۔ اس لئے وہ فلم میں بھی اپنی حصہ داری دینا چاہتی تھیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں راکیش اوم پرکاش مہرا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’طوفان‘ ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم میں بھی فرحان اختراہم رول میں نظر آئے تھے۔فلم میں ان کے ساتھ مرنال ٹھاکر لیڈ رول میں نظر آئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK