Inquilab Logo

لندن: شبانہ اعظمی ’’فریڈم آف دی سٹی آف لندن‘‘ سے سرفراز

Updated: May 14, 2024, 10:13 PM IST | London

لندن میں منعقد ایک شاندار تقریب میں ہندوستان کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کو ’’فریڈم آف دی سٹی آف لندن‘‘ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ یہ ایوارڈ ۱۳؍ ویں صدی اُن افراد کو ہر سال تفویض کیا جاتا ہے جو لندن میں یا عوامی زندگی کو بہتر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ شبانہ اعظمی کو سنیما کی دنیا میں نمایاں خدمات اور حقوق نسواں کیلئے آواز بلند کرنے کیلئے یہ ایوارڈ تفویض کیا گیا ہے۔

With the Shabana Azmi Award. Photo: X
شبانہ اعظمی ایوارڈ کے ساتھ۔ تصویر: ایکس

بالی ووڈ کی تجربہ کار اور مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی کو ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات اور حقوق نسواں پر آواز بلند کرنے کیلئے ’’فریڈم آف دی سٹی آف لندن‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بہترین اداکارہ کا ۵؍ نیشنل ایوارڈ اور ۶؍ فلم فیئر ایوارڈز جیتنے والی ۷۳؍ سالہ اداکارہ یو کے ایشین فلم فیسٹیول (یو کے اے ایف ایف) کی تقریب میں شریک تھیں۔ واضح رہے کہ وہ سنیما کی دنیا میں ۵۰؍ سال سے ہیں۔ 

خیال رہے کہ ’’فریڈم آف دی سٹی آف لندن‘‘ ایوارڈ ۱۳؍ ویں صدی سے دیا جارہا ہے۔ یہ ان افراد کو تفویض کیا جاتا ہے جو لندن یا عوامی زندگی کو بہتر بنانے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ شبانہ اعظمی نے ایوارڈ کے متعلق کہا کہ ’’مَیں فریڈم آف دی سٹی آف لندن ایوارڈ حاصل کرنے پر فخر محسوس کر رہی ہوں۔ یہ سنیما اور فعالیت کی طاقت کا ثبوت ہے کہ ہم سرحدوں کو عبور کرنے اور معاشرے پر بامعنی اثر ڈالنے کے قابل ہیں۔مَیں اس پہچان کیلئے شکر گزار ہوں اور مثبت تبدیلی کی وکالت کیلئے اپنی آواز اور مختلف قسم کے پلیٹ فارمز استعمال کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔‘‘
انہیں ایلڈرمین ایلسٹر کنگ ڈی ایل اور ڈپٹی برائن مونی بی ای ایم نے اس ایوارڈ کیلئے نامزد کیا تھا۔ اس تعلق سے ایلڈرمین نے کہا کہ ’’مَیں شبانہ کو اس ایوارڈ کیلئے نامزد کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں، آن اسکرین اور آف اسکرین ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ضروری ہے۔ وہ بہت سی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK