Inquilab Logo

اگرہم مذہب سےاوپر اٹھیں تو لائوڈ اسپیکر کا تنازع ختم ہوجائے گا:سونوسود

Updated: May 10, 2022, 1:13 PM IST | Agency | Mumbai

ملک میں ان دنوں لائوڈ اسپیکر اور ہنوما ن چالیسا کا موضوع چھایا ہوا ہے۔سیاست داں اس موضوع پر کھل کر سیاست کھیل رہے ہیں۔

Sonu Sood.Picture:INN
سونوسود۔ تصویر: آئی این این

 ملک میں ان دنوں لائوڈ اسپیکر اور ہنوما ن چالیسا کا موضوع چھایا ہوا ہے۔سیاست داں اس موضوع پر کھل کر سیاست کھیل رہے ہیں۔ہر کوئی اس تنازع پر اپنا موقف واضح کررہا ہے۔ اب بالی ووڈ اداکار سونو سود نے بھی اس معاملہ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سونوسود نے کیا کہا؟
 بالی ووڈ اداکار سونوسود نے سبھی سے مل جل کر رہنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے اپنی بات پیش کرتے ہوئے کورونا کے دور کا ذکر کیا۔ وہ کہتے ہیں لائوڈاسپیکر اور ہنومان چالیساتنازع پر دکھ ہے اور جس طرح لوگ اب ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہوکر زہر اگل رہے ہیں اسے دیکھ کر دل ٹوٹ جاتا ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال میں ہم سبھی نے مل جل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی پارٹیوں نے بھی کاندھے سے کاندھا ملا کر اس وبا کا مقابلہ کیا ۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں جب سبھی کورونا مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت تھی تو کسی نے مذہب کی فکر نہیں کی۔ کورونا کے خطرے نے ہمارے ملک کو ایک کردیا تھا۔ مذہب سے الگ ہوکر ہمارے رشتہ اٹوٹ بندھن میں بندھ گئے تھے۔‘‘
سیاسی لیڈران سے اپیل
 سونو سود نے سبھی سیاسی پارٹیوں سےاپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ وہ وقت ہے جب ہمیں بہتر ہندوستان کیلئے ساتھ آنا ہوگا۔ ہمیںمذہب اور ذات پات کی سرحدوں کو توڑنا ہوگاتاکہ ہم انسانی بنیاد پر خدمات انجام دے سکیں۔اگر ہم مذہب سے اوپر اٹھ کر ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو لائوڈ اسپیکر کا تنازع اپنے آپ ختم ہوجائے گا۔ انسانیت اور بھائی چارہ معاشرے میں پھیل جائے گا۔سونو سود نے یہ باتیں پونے میں جےآئی ٹی او کنیکٹ ۲۰۲۲ء سمٹ میں کہیں۔ سونو سود نے ملک میں چل رہے لائوڈ اسپیکر اور ہنومان چالیسا تنازع پر پہلی مرتبہ رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ وہ کسی بھی سماجی اور سیاسی موضوع پر اپنی رائے پیش کرنے سے نہیں چوکتے۔ سونو سود نے کورونا کےدور میں غریبوں کی کافی مدد کی تھی۔ اس کی وجہ سے سونو سود کو مسیحا قرار دیا جانے لگا ہے۔ سونو سود اب بھی لوگوں کی مدد کرتے رہتے ہیں۔ لوگ انہیں ٹویٹ یا پرسنل میسج کے ذریعہ مدد کی درخواست کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK