• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹیون اسپیلبرگ، کرسٹوفر نولن کی ’دی اوڈیسی‘ کے معترف

Updated: November 20, 2026, 6:01 PM IST | Los Angeles

اسٹیون نے فلم کو ’شاندار تماشا‘ قرار دیا، نولن سے کہا: میٹ ڈیمن نے اپنی اداکاری کے بہترین نمونوں میں سے ایک پیش کیا ہے۔

Steven Spielberg and Christopher Nolan. Photo: X
اسٹیون اسپیلبرگ اور کرسٹوفر نولن۔ تصویر: ایکس

ہالی ووڈ کے معروف فلم ساز اسٹیون اسپیلبرگ نے کرسٹوفر نولن کی فلم ’دی اوڈیسی‘ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے اسے ’شاندار تماشا‘ قرار دیا ہے۔ فلم کی خصوصی نمائش کے بعد منعقدہ سوال و جواب کی نشست میں اسپیلبرگ نے مرکزی اداکار میٹ ڈیمن کی اداکاری کو بھی غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کے اداکاری کے کریئر کے بہترین کاموں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر نولن بھی موجود تھے۔ اسپیلبرگ نے لاس اینجلس میں ڈائریکٹرز گلڈ آف امریکہ تھیٹر میں منعقدہ خصوصی نمائش کے بعد نولن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دی اوڈیسی‘ ایک ایسا فلمی تجربہ ہے جو دیکھنے والوں کو متاثر کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے میٹ ڈیمن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا، ’’یہ ان بہترین کاموں میں سے ایک ہے جو میٹ نے بطور اداکار کبھی کیے ہیں۔‘‘ اسپیلبرگ نے فلم میں اداکارہ سمانتھا مورٹن کی اداکاری کو بھی ’شاندار‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: علی فضل نصیرالدین شاہ کے ساتھ بی بی سی کی نئی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے

اس موقع پر کرسٹوفر نولن نے بھی اسپیلبرگ کے ساتھ اپنی پرانی وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ لندن میں نوجوان تھے اور اسپیلبرگ کی فلمیں دیکھا کرتے تھے تو کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ ایک دن یہی عظیم فلم ساز ان کی فلم دیکھنے کے بعد ان سے سوالات کرے گا۔ نولن کے مطابق اسپیلبرگ جیسے فلم ساز کی جانب سے تعریف ملنا ان کے لیے ایک غیر معمولی لمحہ ہے۔ یونانی شاعر ہومر کی قدیم رزمیہ نظم پر مبنی ’دی اوڈیسی‘ میں میٹ ڈیمن نے مرکزی کردار اوڈیسیئس ادا کیا ہے۔ یہ ٹرائے کی جنگ کے بعد اپنے وطن ایتھاکا واپس پہنچنے کے لیے اس کے طویل اور خطرناک سفر کی کہانی ہے، جس کے دوران اسے دیوتاؤں، دیومالائی مخلوقات اور مختلف آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فلم میں این ہیتھوے نے اس کی اہلیہ پینیلوپی، ٹام ہالینڈ نے بیٹے ٹیلیماکس اور رابرٹ پیٹنسن نے اینٹینوس کا کردار ادا کیا ہے۔ زندایا، چارلیز تھیرون، لوپیٹا نیونگو اور سمانتھا مورٹن بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کا’ ’ماتربھومی‘‘ کی ٹیم کو شاندار تحفہ، ۲۰؍ سے ۲۵؍ مہنگی گھڑیاں تقسیم

نولن نے میٹ ڈیمن کو مرکزی کردار کے لیے منتخب کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی ان کے ساتھ ’انٹرسٹیلر‘ اور ’اوپن ہائیمر‘ مhoیں کام کرچکے ہیں اور ان کی اداکاری کی صلاحیتوں سے واقف تھے۔ ان کے مطابق ڈیمن صرف اپنے کردار پر توجہ نہیں دیتے بلکہ پوری کہانی اور فلم کی مجموعی پیش رفت میں دلچسپی لیتے ہیں۔ انہوں نے انہیں ایک ایسا اداکار قرار دیا جو ناظرین کو اپنے کردار کے ساتھ سفر کرنے پر آمادہ کرسکتا ہے۔ ’دی اوڈیسی‘ کی تیاری کے دوران ڈیمن کو بھی غیر معمولی جسمانی مشقت سے گزرنا پڑا۔ فلم کی شوٹنگ سمندر، کشتیوں، دشوار گزار مقامات اور سخت موسمی حالات میں کی گئی۔ نولن کے مطابق اداکار نے فلم کے دیگر فنکاروں اور عملے کے ساتھ مل کر مشکل مناظر کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ فلم کو مکمل طور پر آئی میکس فلم کیمروں سے شوٹ کیا گیا، جو فیچر فلموں کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ ہے۔ 
دوسری جانب نولن نے واضح کیا ہے کہ وہ ’دی اوڈیسی‘ کا کوئی توسیعی یا متبادل ڈائریکٹرز کٹ جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق وہ فلم کی حتمی صورتِ حال کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور جو ورژن سنیما گھروں میں ریلیز ہوتا ہے، اسی پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم سے حذف کیے گئے مناظر دوبارہ پیش کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ نولن نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی اگلی فلم کے موضوع کا فیصلہ ابھی نہیں کرپائے ہیں اور ان کے لیے کسی منصوبے کا بڑا یا چھوٹا ہونا اہم نہیں، بلکہ کہانی اور اسے نئے انداز میں پیش کرنے کا امکان فیصلہ کن ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK