• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’اسٹرینجر تھنگس‘ کی پریکوئل سیریز ’اَدر ورلڈز‘ ۲۰۲۸ء میں ریلیز ہوگی

Updated: November 07, 2026, 9:04 PM IST | Los Angeles

ایک مقبول سیریز کی کہانی ختم ہونے کے بعد بھی اس کی دنیا ناظرین کو اپنی جانب متوجہ رکھ سکتی ہے، بشرطیکہ اس میں نئے رازوں اور کرداروں کی گنجائش باقی ہو۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

نیٹ فلکس نے اپنی مقبول سائنس فکشن سیریز ’’اسٹرینجر تھنگس‘‘ کی دنیا کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایک نئی سیریز ’اَدر ورلڈز: اے اسٹرینجر تھنگس ایڈونچر‘ (Other Worlds: A Stranger Things Adventure) کا اعلان کیا ہے۔ یہ سیریز اصل کہانی سے پہلے کے واقعات پر مبنی ہوگی اور اسے حقیقی اداکاروں کے ساتھ فلمایا جائے گا۔ اس نئی سیریز کا اعلان ’’اسٹرینجر تھنگس ڈے‘‘ کے موقع پر کیا گیا۔ یہ دن اصل سیریز میں ول بائرز کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کی سالگرہ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس طرح ’’اَدر ورلڈز‘‘ اس فرنچائز کا چوتھا منصوبہ ہوگا۔ اس سے قبل مرکزی سیریز، اینی میٹڈ اسپن آف ’’اسٹرینجر تھنگس: ٹیلز فرام ۸۵‘‘ اور اسٹیج ڈراما ’’اسٹرینجر تھنگس: دی فرسٹ شیڈو‘‘ پیش کیے جاچکے ہیں۔

’اَدر ورلڈز‘ کی کہانی میں کیا ہوگا؟

اگرچہ سیریز کے بنانے والوں نے ’’اَدر ورلڈز‘‘ کی کہانی سے متعلق تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی ہیں، تاہم تصدیق کی گئی ہے کہ یہ ۱۹۵۰ء کی دہائی کے پس منظر میں بنائی جانے والی ایک پری کوئل سیریز ہوگی۔ اس سے قبل ڈفر برادرز نے اشارہ دیا تھا کہ اس اسپن آف میں ان واقعات کو پیش کیا جائے گا جو ہنری کریل کے ایک دوسری دنیا سے تعلق رکھنے والے مادّے کے رابطے میں آنے سے پہلے پیش آئے تھے۔ اسی مادّے نے اسے غیرمعمولی طاقتیں عطا کی تھیں۔ سیریز کی ایک مختصر تشہیری ویڈیو سے انکشاف ہوا ہے کہ اس کی کہانی ۱۹۵۵ء میں نیواڈا کے شہر میریون میں پیش آئے گی۔ اس سیریز کی ریلیز فی الحال ۲۰۲۸ء میں طے کی گئی ہے۔

’اَدر ورلڈز‘ کو ڈفر برادرز اور کیٹ ٹریفری نے مشترکہ طور پر تخلیق کیا ہے۔ کیٹ ٹریفری اس سے قبل ’اسٹرینجر تھنگس‘ کے لیے لکھ چکی ہیں اور اسٹیج ڈرامے ’دی فرسٹ شیڈو‘ کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی تھی۔ کیٹ ٹریفری اس سیریز کی شو رَنر اور ایگزیکٹیو پروڈیوسر بھی ہوں گی۔ جو رائٹ ابتدائی تین اقساط کی ہدایتکاری کریں گے اور ایگزیکٹیو پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی کام کریں گے۔ دیگر ایگزیکٹیو پروڈیوسرز میں ۲۱؍ لیپس کے شان لیوی، پال ڈکٹر، شیلی میلز، آندریا اسپرلنگ اور پاولینا ہاتوپیس شامل ہیں۔ سیریز کی شوٹنگ نیو میکسیکو میں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان بیٹی سہانا خان کی یادداشت سے حیران ہوگئے

’اسٹرینجر تھنگس‘ کی دنیا کیسی ہے؟

افسانوی شہر ہاکنز کے پس منظر میں بنائی گئی سیریز ’’اسٹرینجر تھنگس‘‘ چند نوجوانوں کی کہانی ہے، جن کا سامنا ایک خوف ناک متوازی دنیا سے ہوتا ہے۔ اس دنیا کو ’اپ سائیڈ ڈاؤن‘ کہا جاتا ہے، جو حقیقی دنیا کا ایک تاریک اور بگڑا ہوا عکس ہے اور جہاں خطرناک عفریت آباد ہیں۔ مافوق الفطرت خوف، سائنس فکشن، دوستی اور ۱۹۸۰ء کی دہائی کی یادوں کو یکجا کرنے والی اس سیریز نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ اس کے یادگار کرداروں، سنسنی خیز اسرار، مشہور موسیقی اور منفرد مناظر نے اسے عالمی پاپ کلچر کا ایک نمایاں حصہ بنا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK