Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ایول ڈیڈ برن‘‘ کا خوفناک ٹریلر جاری، نئی ہارر کہانی نے سنسنی پھیلا دی

Updated: May 06, 2026, 6:14 PM IST | Mumbai

اس سال کی انتہائی متوقع ہالی ووڈ ہارر فلم Evil Dead Burn کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ہارر شائقین میں زبردست جوش پیدا کر دیا۔ سیبسٹین وانیسیک کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم مشہور ’’ایول ڈیڈ‘‘ فرنچائز کی نئی قسط ہے۔ ٹریلر میں خوفناک مخلوقات، خونریز مناظر اور شدید ہارر سیکوئنس دکھائے گئے ہیں۔ فلم میں سہیلا یعقوب، ہنٹر ڈوہن اور لوشین بوشانن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ۱۰؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

A scene from the trailer for Evil Dead Burn. Photo: INN
ایول ڈیڈ برن کے ٹریلر کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ہارر فلموں کے مداحوں کے لیے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، کیونکہ Evil Dead Burn کا پہلا باضابطہ ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس نئی فلم نے اپنی خونریز، خوفناک اور شدید فضا کے باعث ریلیز سے پہلے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض فرانسیسی فلم ساز سیبسٹین وانیسیک نے انجام دیئے ہیں، جو اس پروجیکٹ کے ذریعے مشہور Evil Dead فرنچائز میں اپنا آغاز کررہے ہیں۔ یہ فلم فرنچائز کی تیسری قسط سمجھی جا رہی ہے، جو Evil Dead اور Evil Dead Rise کے بعد ریلیز ہو رہی ہے۔

ٹریلر کا آغاز ایک پراسرار اور بے حد خوفناک منظر سے ہوتا ہے، جہاں ایک ماں اپنے گھر کے دروازے پر ہونے والی اچانک دستک سے پریشان ہو جاتی ہے۔ دروازہ کھلنے پر ایک زخمی اور غیر مردہ مخلوق سامنے آتی ہے، جس کے جسم پر خوفناک زخم اور کٹی ہوئی انگلیاں دکھائی دیتی ہیں۔ بعد ازاں ٹریلر اس حادثے کی جھلک پیش کرتا ہے جس نے اس مخلوق کو Deadite میں تبدیل کیا۔ فلم میں متعدد شدید ہارر سیکوئنس شامل ہیں، جن میں پگھلے ہوئے موم سے حملہ، خونی تشدد اور چاقوؤں سے بھرے ڈش واشر کا خوفناک منظر شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کانز ۲۰۲۶ء: کرن جوہر، آشوتوش گواریکر، مونی رائے، ایمی ورک کی شرکت

اس فلم میں سہیلا یعقوب، ہنٹر ڈوہن اور لوشین بوشانن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ’’ایول ڈیڈ‘‘ فرنچائز کا آغاز ۱۹۸۱ء میں ہوا تھا، جب سیم ریمی نے پہلی فلم ’’دی ایول ڈیڈ‘‘ بنائی۔ اس فلم نے دوستوں کے ایک گروپ کی کہانی دکھائی تھی جو ایک ویران کیبن میں غلطی سے شیطانی قوتوں کو آزاد کر دیتے ہیں۔ فلم کی کامیابی نے بعد میں ’’ایول ڈیڈ ۲‘‘ اور آرمی آف ڈارک نیس‘‘ جیسی کلاسک فلموں کو جنم دیا۔

یہ بھی پڑھئے: کانز ۲۰۲۶ء: کرن جوہر، آشوتوش گواریکر، مونی رائے، ایمی ورک کی شرکت

اس نئی فلم میں فرنچائز کے اصل اسٹار بروس کیمپبل ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر واپس آئے ہیں جبکہ ایول ڈیڈ رائز کے ہدایتکار لی کرونن بھی بطور پروڈیوسر شامل ہیں۔ فلم کو نیو لائن سنیما، سونی پکچرس اور گھوسٹ ہاؤس پکچرز کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فرنچائز کی اگلی فلم Evil Dead Wrath پروڈکشن کے مرحلے میں ہے، جسے ۲۰۲۸ء میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ شائقین نے سوشل میڈیا پر ٹریلر کو ’’شدید خوفناک‘‘، ’’انتہائی خونی‘‘ اور ’’فرنچائز کی سب سے ڈراؤنی انٹری‘‘ قرار دیا ہے، جبکہ کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ فلم کلاسک Evil Dead روح کو برقرار رکھتے ہوئے جدید ہارر کا نیا معیار قائم کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK