اتراکھنڈ میں واقع صدیوں پرانا یہ شہر اپنی قدرتی خوبصورتی، تاریخی مقامات اور مقامی ثقافت کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔
برائٹ اینڈ کارنر سے لی گئی ہے جس میں آسمان سنہری رنگ میں رنگا ہوا نظر آرہا ہے- تصویر:آئی این این
ہمالیہ کی بلند و بالا پہاڑیوں کے درمیان ایک ایسا شہر آباد ہے جہاں فضا میں دیودار کی خوشبو گھلی ہوئی محسوس ہوتی ہے، جہاں صبح کی پہلی کرن برف پوش چوٹیوں کو سنہری رنگ میں ڈھال دیتی ہے۔ یہ شہر ہےالموڑہ جو ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈکے کماؤں علاقے کاایک قدیم اور دلکش پہاڑی مقام سمجھا جاتا ہے۔ صدیوں پرانا یہ شہر اپنی قدرتی خوبصورتی، تاریخی مقامات اور مقامی ثقافت کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔الموڑہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پہاڑ کی ایک لمبی کمر پر بسا ہوا شہر ہے یہاں سے دور دور تک پھیلی ہمالیہ کی برفانی چوٹیاں نظر آتی ہیں اور صبح و شام کے مناظر دل کو مسحور کر دیتے ہیں۔ اس شہر کے گرد و نواح میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن میں قدرتی مناظر بھی شامل ہیں اور صدیوں پرانے مذہبی و تاریخی آثار بھی۔
برائٹ اینڈ کارنر
الموڑہ میں ایک مقام ایسا بھی ہے جہاں شام کے وقت سورج ڈوبنے کا منظر دیکھنے کیلئے سیاح خاص طور پر جاتے ہیں۔ یہ مقام برائٹ اینڈ کارنرہے۔یہ جگہ شہر کے کنارے واقع ہے اور یہاں سے ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں اور دور تک پھیلی وادیوں کامنظر نظر آتا ہے۔ صبح کے وقت جب سورج کی روشنی پہاڑوں پر پڑتی ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے کسی مصور نے آسمان اور زمین کو سنہری رنگ میں رنگ دیا ہو۔
بِنسَر وائلڈ لائف سینکچری
الموڑہ کے قریب واقع بنسر وائلڈ لائف سینکچری قدرتی حسن اور جنگلی حیات کا ایک محفوظ علاقہ ہے۔یہ جنگلات دیودار، بلوط اور چیڑ کے درختوں سے بھرے ہوئے ہیں اور یہاں کئی نایاب پرندے اور جانور بھی پائے جاتے ہیں۔یہ جگہ خاص طور پر فطرت سے محبت کرنے والوں اور ٹریکنگ کے شوقین افراد کیلئے نہایت دلکش ہے۔ یہاں ایک مقام ’زیرو پوائنٹ‘ سے ہمالیہ کے بلند پہاڑوں کا وسیع منظر دیکھا جا سکتا ہے جو سیاحوں کو مسحور کر دیتا ہے۔
سیمتولا
الموڑہ کے نزدیک ایک اور دلکش مقام سمتولا ایکوپارک ہے۔یہ جگہ گھنے جنگلات اور سرسبز میدانوں سے گھری ہوئی ہے۔ یہاں سیاح فطرت کے درمیان وقت گزارتے، پکنک کرتے اور پہاڑی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔یہ مقام خاص طور پر ان لوگوں کیلئے ہے جو شہر کے شور و غل سے دور چند لمحے سکون کے گزارنا چاہتے ہیں۔
گوبند بلبھ پنت پبلک میوزیم
الموڑہ کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو سمجھنے کیلئے گووند بلبھ پنت پبلک میوزیم نہایت اہم مقام ہے۔ اس میوزیم کا نام ہندوستان کے معروف سیاست دان اور مجاہدآزادی گووند بلبھ پنت کے نام پر رکھا گیا ہے۔یہ میوزیم کماؤں خطے کی تہذیب، فنون اور قدیم تاریخ کا خزانہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں قدیم مجسمے، کانسے کی مورتیاں، پرانے سکے، ہتھیار اور دستکاری کے نمونے محفوظ ہیں۔ اس کے علاوہ کماؤں کی روایتی پوشاک اور طرزِ زندگی سے متعلق بھی قیمتی نوادرات یہاں دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس میوزیم کی سیر سے سیاحوں کو معلوم ہوتا ہے کہ اس پہاڑی خطے کی ثقافت کتنی قدیم اور رنگا رنگ رہی ہے۔
ڈئیر پارک الموڑہ
فطرت اور جنگلی حیات سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے ڈیئر پارک الموڑہ بھی ایک دلچسپ مقام ہے۔ یہ پارک دراصل ایک محفوظ علاقہ ہے جہاں ہرنوں کی مختلف اقسام کو قدرتی ماحول میں دیکھا جا سکتا ہے۔اس پارک کے اطراف کے جنگلات اور پہاڑی مناظر اسے مزید خوبصورت بنا دیتے ہیں۔یہاں آنے والے سیاح نہ صرف جنگلی حیات کو قریب سے دیکھتے ہیں بلکہ فطرت کی خاموشی سے بھی لطف اٹھاتے ہیں۔
لکھوڈیار راک پینٹنگ
الموڑہ کے نزدیک واقع لکھوڈیار راک پینٹنگ قدیم انسانی تہذیب کی ایک حیرت انگیز جھلک پیش کرتی ہیں۔ یہ چٹانی نقوش دراصل ہزاروں سال پرانے تصویری آثار ہیں جو غاروں اور پتھروں پربنائے گئے تھے۔ان پینٹنگز میں قدیم انسانوں کی زندگی، شکار کے مناظر اور جانوروں کی تصویریں دکھائی دیتی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق یہ نقوش اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس خطے میں انسان ہزاروں برس پہلے بھی آباد تھے۔ اس مقام کی سیر دراصل تاریخ کے ابتدائی صفحات کو دیکھنے کے مترادف ہے۔