فلم ’’رامائن‘‘ کا ٹریلر جاری، رنبیر کپور اور یش کے درمیان حق اور باطل کی جنگ
Updated: July 30, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
ہدایت کار نتیش تیواری کی انتہائی متوقع فلم ’’رامائن: پارٹ وَن ‘‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس میں رنبیر کپور بطور بھگوان رام اور یش بطور راون آمنے سامنے نظر آ رہے ہیں۔ شاندار ویژول ایفیکٹس، عظیم الشان مناظر اور جذباتی کہانی نے مداحوں کو متاثر کیا۔
رنبیر کپورفلم رامائن میں۔ تصویر:آئی این این
ہدایت کار نتیش تیواری کی انتہائی متوقع فلم ’’رامائن: پارٹ وَن ‘‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس میں رنبیر کپور بطور بھگوان رام اور یش بطور راون آمنے سامنے نظر آ رہے ہیں۔ شاندار ویژول ایفیکٹس، عظیم الشان مناظر اور جذباتی کہانی نے مداحوں کو متاثر کیا، تاہم ٹریلر میں ہنومان کی عدم موجودگی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
فلم کے تقریباً چار منٹ طویل ٹریلر میں رام اور راون کے درمیان حق اورباطل کی تاریخی جنگ کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ سائی پلوی سیتا کے کردار میں نظر آتی ہیں جبکہ یش کا راون کے روپ میں طاقتور انداز اور رنبیر کپور کی پُرسکون مگر باوقار اداکاری کو ناظرین نے خوب سراہا ہے۔
ٹریلر دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ سوال سنی دیول کے مداحوں نے اٹھایا، جو فلم میں ہنومان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ ٹریلر میں ہنومان کی ایک جھلک بھی نہ دکھانا حیران کن ہے۔ کئی صارفین نے لکھا کہ فلم کا ایک اہم کردار ہونے کے باوجود انہیں مکمل طور پر راز میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، فلمسازوں نے جان بوجھ کر ہنومان کے کردار کو ابھی ظاہر نہیں کیا تاکہ دوسرے حصے کے لیے تجسس برقرار رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹریلر میں ان کی موجودگی کو چھپا کر رکھا گیا ہے، جس سے مداحوں کی بے چینی اور توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔ ٹریلر پر مجموعی ردعمل مثبت رہا ہے۔ بہت سے ناظرین نے وی ایف ایکس، بیک گراؤنڈ اسکور، یش کی اسکرین پریزنس اور رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریف کی جبکہ کچھ مداحوں نے نشاندہی کی کہ ابتدائی جھلک پر ہونے والی تنقید کے بعد فلم کے بصری اثرات (VFX)، کلر گریڈنگ اور راکشسوں کے ڈیزائن میں نمایاں بہتری کی گئی ہے۔
فلم ’’رامائن: پارٹ وَن ‘‘ میں رنبیر کپور، یش، سائی پلوی، روی دوبے ، سنی دیول اور دیگر بڑے ستارے شامل ہیں۔ یہ فلم دیوالی ۲۰۲۶ء پر دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی جبکہ دوسرا حصہ ۲۰۲۷ءمیں ریلیز ہونے کا منصوبہ ہے۔
This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience
and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree
to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK