Updated: November 18, 2026, 8:02 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار شرَد کپور نے اپنی مالی مشکلات اور صحت سے متعلق پریشانیوں کے درمیان ایک نیا انکشاف کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کچھ لوگ ان کی مدد کے نام پر ان کے ہاتھ میں رقم دیتے ہیں، کیمرے کے سامنے ویڈیو بناتے ہیں اور ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد وہی رقم واپس لے لیتے ہیں۔
شرد کپور۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار شرَد کپور نے اپنی مالی مشکلات اور صحت سے متعلق پریشانیوں کے درمیان ایک نیا انکشاف کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کچھ لوگ ان کی مدد کے نام پر ان کے ہاتھ میں رقم دیتے ہیں، کیمرے کے سامنے ویڈیو بناتے ہیں اور ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد وہی رقم واپس لے لیتے ہیں۔ اداکار نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں اس طرزِ عمل پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کون واقعی ان کی مدد کرنا چاہتا ہے اور کون محض سوشل میڈیا پر تشہیر حاصل کرنے کے لیے ایسا کر رہا ہے۔ ان واقعات سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ کسی سے ملاقات نہیں کریں گے اور دور سے ہاتھ جوڑ کر لوگوں کا استقبال کریں گے۔شرَد کپور نے اپنی ویڈیو میں فلمی صنعت، اپنے مداحوں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے انہیں بے حد محبت دی ہے، جس کے لیے وہ دل سے شکر گزار ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر ان کی مدد کے حوالے سے کئی گمراہ کن چیزیں دکھائی جا رہی ہیں۔اداکار کے مطابق بعض لوگ اچانک ان کے ہاتھ میں پیسے تھما دیتے ہیں۔ جب وہ پوچھتے ہیں کہ یہ رقم کس لیے دی جا رہی ہے تو انہیں کہا جاتا ہے کہ بس ایک مرتبہ پیسے پکڑ لیجیے۔ اس کے بعد ان کی ویڈیو بنائی جاتی ہے۔ شرَد نے سوال کیا کہ آخر یہ کیسا رویہ ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کو کچھ کہہ بھی نہیں پاتے، لیکن اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سے بالمشافہ ملاقات کرنے کے بجائے صرف دور سے ہاتھ جوڑ کر سلام کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:سلمان خان کا’ ’ماتربھومی‘‘ کی ٹیم کو شاندار تحفہ، ۲۰؍ سے ۲۵؍ مہنگی گھڑیاں تقسیم
اداکار کی دوست اور بے زبان پبلک ویلفیئر ٹرسٹ سے وابستہ ہیما چودھری نے بھی اس معاملے پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد شرَد کپور کی مشکلات کو عوامی تماشا بنانا نہیں بلکہ انہیں حقیقی مدد دلانا تھا۔ہیما کے مطابق شرَد کی حالت پہلے ہی ٹھیک نہیں ہے اور انہیں جسمانی و ذہنی سکون کی ضرورت ہے، لیکن کچھ لوگ ان کی پریشانیوں کو سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور ریلز بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک شخص اداکار کو کھانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا، جبکہ دوسرے شخص نے انہیں رقم دی، مدد کرنے کی ویڈیو بنائی اور ریکارڈنگ کے بعد رقم واپس لے لی۔ہیما نے کہا کہ جب انہوں نے شرَد سے اس واقعے کے بارے میں پوچھا تو اداکار نے بتایا کہ وہ اس شخص کو جانتے تک نہیں تھے۔ اس نے اچانک ان کے ہاتھ میں رقم تھما دی، ویڈیو ریکارڈ کی اور بعد میں پیسے واپس لے لیے۔انہوں نے ایسے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اداکار کی پریشانیوں کو اپنی تشہیر اور سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کا ذریعہ نہ بنائیں۔ ہیما نے واضح کیا کہ شرَد کو اس وقت تشہیر نہیں بلکہ طبی امداد، مناسب دیکھ بھال اور سکون کی ضرورت ہے۔ہیما چودھری نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر سرگرم افراد سے اپیل کی کہ وہ شرَد کپور کو بار بار فون کرنے، ان کے گھر پہنچنے اور زبردستی ان کا بیان ریکارڈ کرنے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق اداکار اس وقت صدمے اور ذہنی دباؤ سے گزر رہے ہیں اور طویل گفتگو کرنے کی حالت میں بھی نہیں ہیں۔ہیما نے کہا کہ شرَد کی مدد کے لیے انہوں نے ان کی مشکلات کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا تھا، تاکہ فلمی صنعت کے لوگ ان کے لیے کام اور طبی سہولتوں کا انتظام کرسکیں۔ تاہم بعض افراد نے اس موقع کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تشہیر کا ذریعہ بنا لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے ٹرسٹ نے کسی سے شرَد کے نام پر رقم جمع کرنے کی اپیل نہیں کی ہے۔بے زبان ٹرسٹ نے ایک الگ بیان میں عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرَد کپور یا ٹرسٹ کے نام سے چندہ جمع کرنے والے بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ لوگوں کو ایسے اکاؤنٹس پر بھروسہ کرنے یا ان کے ذریعے رقم عطیہ کرنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے:کیمرون بینکرافٹ نے ۲۰۱۸ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر ۸؍ سال بعد خاموشی توڑ دی
شرَد کپور کی مشکلات اس وقت عوام کے سامنے آئیں جب ان کے چار پالتو کتوں کو خراب مالی حالات کے باعث جانوروں کی فلاح و بہبود کے ایک مرکز منتقل کیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس کے بعد اداکار نے فلمی صنعت کے سینئر فنکاروں اور ساتھیوں سے کام اور مالی مدد کی اپیل کی تھی۔انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ دو سے تین برس سے صحت کے مسائل کے باعث بستر تک محدود رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ اداکاری شروع کرنا چاہتے ہیں اور انہیں مالی مدد کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ذہنی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔اداکار نے یہ بھی بتایا تھا کہ ماضی کے بعض تلخ تجربات اور الزامات کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوئے اور لوگوں سے ملنا جلنا کم کردیا تھا۔ ان کے مطابق اب وہ دوبارہ کام کرکے خود کفیل ہونا چاہتے ہیں۔شرَد کی مدد کے لیے فلمی صنعت سے بھی کچھ فنکار آگے آئے ہیں۔ سونو سود نے ان کے لیے طبی امداد اور کام کے سلسلے میں تعاون کی پیشکش کی، جبکہ سلمان خان کی جانب سے بھی مدد فراہم کیے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
شرَد کپور نے اپنے فلمی کریئر میں کئی معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ انہیں فلم ’’دستک‘‘ سے خاص پہچان ملی، جس میں سشمیتا سین نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’جوش‘‘ میں نظر آئے، جبکہ ’’لکشیا‘‘،’’ایل او سی کارگل‘‘،’ ’یہ ہے جلوہ‘‘،’ ’جانی دشمن: ایک انوکھی کہانی‘‘ اور’ ’جے ہو‘‘ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔اداکار کی حالیہ اپیل کے بعد ان کے مداحوں اور فلمی صنعت کے افراد کی توجہ ایک مرتبہ پھر ان کی جانب مبذول ہوئی ہے۔ تاہم رقم دینے اور واپس لینے سے متعلق ان کے تازہ الزامات نے سوشل میڈیا پر مدد کے نام پر تشہیر حاصل کرنے کے رجحان پر بھی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔شرَد کپور نے اپنے پیغام کے ذریعے واضح کردیا ہے کہ انہیں نمائشی مدد، ویڈیو ریکارڈنگ یا غیر ضروری توجہ نہیں بلکہ حقیقی تعاون، علاج اور دوبارہ کام کرنے کا موقع درکار ہے۔