Updated: November 18, 2026, 8:01 PM IST
| New York
امریکہ کی سرپرستی میں قائم بورڈ آف پیس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی پہلی سالانہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے، مسلسل فوجی کارروائیوں اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں کے باعث غزہ میں ایک سال سے قائم جنگ بندی ٹوٹنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی اور تعمیرِ نو کے عمل کی نگرانی کرنے والے بورڈ آف پیس نے کہا ہے کہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں اور زمینی صورتِ حال کے درمیان بڑھتا ہوا فرق امن عمل کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اگر فوری اقدامات کے ذریعے معاہدے کے اگلے مراحل پر عمل درآمد شروع نہ ہوا تو جنگ بندی زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہ سکے گی۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، جبکہ حماس کی فوجی سرگرمیاں بھی جنگ بندی کے طے شدہ لائحہ عمل پر عمل درآمد میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ بورڈ نے دونوں فریقوں سے اپنے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے امدادی سامان اور ضروری آلات کی آمد پر عائد پابندیوں کو بھی خاص طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔ فنڈز کی کمی نے امدادی سرگرمیوں اور موسمِ سرما کی تیاریوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں اقتدار کی تبدیلی کیلئےسرگرمیاں تیز، فلسطین پرمظالم شدید
غزہ کی تباہ شدہ عمارتوں اور خیموں میں پناہ لینے والے فلسطینی ایک اور سرد موسم کا سامنا کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ آبادی کو پناہ گاہوں کے سامان، سردی سے بچاؤ کی اشیا، جنریٹرز، پانی کے پمپ اور ملبہ ہٹانے والی بھاری مشینری کی فوری ضرورت ہے۔ بورڈ نے امداد اور تعمیرِ نو کے لیے پہلے سے کیے گئے مالی وعدوں کی رقم جلد جاری کرنے پر بھی زور دیا ہے، کیونکہ محض جنگ بندی کا اعلان لوگوں کی زندگیوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں لا سکا۔ امن منصوبے کا ایک اہم حصہ غزہ کے انتظام کے لیے ایک عارضی فلسطینی ٹیکنوکریٹک انتظامیہ کا قیام ہے، جسے روزمرہ شہری معاملات چلانے کی ذمہ داری سونپی جانی ہے۔ تاہم بورڈ کے مطابق اسرائیل نے اس انتظامیہ کو غزہ میں کام شروع کرنے کے لیے درکار منظوری نہیں دی۔ شہری پولیس کی تربیت اور تعیناتی کے انتظامات میں تاخیر بھی عبوری انتظامیہ کے قیام اور بین الاقوامی استحکامی فورس کی تعیناتی کو متاثر کر رہی ہے۔ یہ فورس غزہ میں سکیورٹی کے انتظامات سنبھالنے، اسرائیلی فوج کے انخلا اور تعمیرِ نو کے عمل کو آگے بڑھانے کے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ بورڈ نے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور غزہ میں انسانی امداد، تجارتی سامان اور انتظامی ڈھانچے کی بحالی کی راہ ہموار کرے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل یا حماس میں سے کوئی بھی فریق دوسرے کی تاخیر کو اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا جواز نہیں بنا سکتا۔ بورڈ کے مطابق جنگ بندی ٹوٹنے کی صورت میں نہ صرف امن کا موجودہ لائحہ عمل ختم ہو جائے گا بلکہ غزہ میں نئی انتظامیہ کے قیام اور بڑے پیمانے پر تعمیرِ نو کے امکانات بھی شدید متاثر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ نے غزہ پر اپنی اخلاقی بلندی کھودی ہے: وزیراعظم ا ینڈی برنہم
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی کے بعد نافذ ہوئی تھی۔ اس معاہدے میں جنگ کے خاتمے، قیدیوں کے تبادلے، انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کے مستقبل کے انتظامات کی راہ ہموار کرنے جیسے نکات شامل تھے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پیش کردہ ۲۰؍ نکاتی امن منصوبے کے تحت قائم بورڈ آف پیس کو جنگ بندی کی نگرانی اور غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنا ہے۔ اس منصوبے کا حتمی مقصد فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت اور ریاست کے قیام کی جانب قابلِ اعتبار راستہ فراہم کرنا بھی بتایا گیا ہے۔