Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ٹوائے اسٹوری ۵‘‘ نے عالمی باکس آفس پر ۸۰۰؍ ملین ڈالر کا سنگ میل عبور کیا

Updated: July 12, 2026, 6:07 PM IST | Los Angeles

ڈزنی اور پکسر کی نئی اینی میٹڈ فلم ’’ٹوائے اسٹوری ۵‘‘ عالمی باکس آفس پر مسلسل کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔ ٹام ہینکس، ٹم ایلن اور جون کیوسیک کی آوازوں سے مزین فلم نے دنیا بھر میں ۶ء۸۰۸؍ ملین امریکی ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔ فلم کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ جلد ایک ارب ڈالر کے کلب میں شامل ہو جائے گی، جبکہ جرمنی میں آئندہ ریلیز کے بعد اس کی کمائی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ڈزنی اور پکسر کی مقبول اینی میٹڈ فرنچائز کی تازہ پیشکش ’’ٹوائے اسٹوری ۵‘‘ عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ فلم نے اپنی ریلیز کے بعد مسلسل مضبوط کمائی کرتے ہوئے دنیا بھر میں ۶ء۸۰۸؍ ملین امریکی ڈالر کا ہندسہ عبور کر لیا ہے، جس کے بعد یہ سال کی کامیاب ترین اینی میٹڈ فلموں میں شامل ہو گئی ہے۔ اینڈریو اسٹینٹن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام ہینکس، ٹم ایلن اور جون کیوسیک نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا ہے۔ فلم کو ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا، جس کا براہِ راست اثر اس کے باکس آفس کلیکشن پر بھی نظر آ رہا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق فلم نے شمالی امریکہ (ڈومیسٹک مارکیٹ) میں ۳ء۳۸۱؍ ملین امریکی ڈالر کا بزنس کیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹس سے ۳ء۴۲۷؍ ملین امریکی ڈالر کی خطیر آمدنی حاصل کی ہے۔ اس طرح فلم کی مجموعی عالمی کمائی ۶ء۸۰۸؍ ملین امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ فلم کی موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’’ٹوائے اسٹوری ۵‘‘ رواں ہفتے کے اختتام تک ۸۵۰؍ ملین امریکی ڈالر کا سنگِ میل بھی عبور کر سکتی ہے۔ اس کے بعد فلم کے لیے ایک ارب ڈالر کے عالمی باکس آفس کلب میں شامل ہونے کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: آرین خان: شاہ رخ خان کے بیٹے کو مداحوں کے ہجوم نے گھیر لیا

فلم کی عالمی کمائی میں مزید اضافے کی توقع اس لیے بھی کی جا رہی ہے کیونکہ ۲۳؍ جولائی کو اسے جرمنی میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔ یورپی مارکیٹ میں ریلیز کے بعد اس کی مجموعی آمدنی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے ایک ارب ڈالر کا ہدف مزید قریب آ سکتا ہے۔ باکس آفس ماہرین کا اندازہ ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو فلم اپنی نمائش مکمل ہونے تک ۰۵ء۱؍ سے ۲۰ء۱؍  ارب امریکی ڈالر کے درمیان کمائی کر سکتی ہے۔ تاہم اس کا انحصار آنے والے ہفتوں میں نئی بڑی ریلیز، خصوصاً ’’منینز اینڈ مونسٹرز‘‘ اور ’’موانا‘‘ کی باکس آفس کارکردگی پر بھی ہوگا، کیونکہ ان فلموں کی آمد سے مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ ’’ٹوائے اسٹوری‘‘ فرنچائز گزشتہ کئی برسوں سے دنیا کی کامیاب ترین اینی میٹڈ سیریز میں شمار ہوتی ہے اور اس کے تمام حصوں نے عالمی سطح پر نمایاں تجارتی کامیابی حاصل کی ہے۔ پانچویں فلم بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف شائقین کی توجہ حاصل کر رہی ہے بلکہ باکس آفس پر بھی مسلسل نئے سنگِ میل عبور کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK