• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وکی کوشل نیند میں بھی اداکاری کرتے تھے، بھائی سے پیپر چیک کرواتے تھے

Updated: November 18, 2026, 1:18 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فلمی دنیا میں وکی کوشل اپنی  اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ پردۂ سیمیں پر جس انداز سے اپنے کرداروں میں ڈھل جاتے ہیں، اسے دیکھ کر ناظرین بھی ان کی صلاحیتوں کے قائل ہوجاتےہیں۔

Vicky Kaushal. Photo: INN
وکی کوشل۔ تصویر: آئی این این

فلمی دنیا میں وکی کوشل اپنی  اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ پردۂ سیمیں پر جس انداز سے اپنے کرداروں میں ڈھل جاتے ہیں، اسے دیکھ کر ناظرین بھی ان کی صلاحیتوں کے قائل ہوجاتےہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وکی کوشل بچپن میں بھی اداکاری کے کچھ ایسے ہی جوہر دکھایا کرتے تھے کہ گھر والے حیران رہ جاتے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی یہ اداکاری بیداری میں نہیں بلکہ نیند کی حالت میں ہوا کرتی تھی۔ وکی کوشل اور ان کے چھوٹے بھائی سنی کوشل ایک مرتبہ مشہور مزاحیہ پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں ایک ساتھ شریک ہوئے تھے۔ اس دوران سنی نے بڑے بھائی کی بچپن کی ایک ایسی دلچسپ عادت کا انکشاف کیا، جسے سن کر پروگرام میں موجود لوگ بھی اپنی ہنسی نہیں روک سکے۔سنی کوشل نے بتایا کہ وکی بچپن میں نیند کے دوران صرف بڑبڑاتے نہیں تھے بلکہ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ کسی فلم کا پورا منظر پیش کررہے ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: روشن کی موسیقی سے کئی شاندار گیت جگمگارہے ہیں

ان کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہوجاتا تھا کہ وکی واقعی جاگ رہے ہیں یا گہری نیند میں ہی کسی سے گفتگو کررہے ہیں۔ سنی کے مطابق عام طور پر لوگ نیند میں کچھ بے ربط باتیں کرتے ہیں، لیکن وکی کا انداز بالکل مختلف تھا۔ وہ نیند میں بھی اس طرح گفتگو کرتے تھے جیسے کوئی کردار ادا کررہے ہوں۔ سنی نے اس سلسلے کا ایک واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک رات دونوں بھائی ایک ہی کمرے میں سورہے تھے۔ وکی ان سے تقریباً ۴۵؍ منٹ پہلے سوگئے تھے اور گہری نیند میں تھے۔ سنی بھی سونے کی تیاری کررہے تھے کہ اچانک وکی نے اپنی چادر ہٹائی اور ان سے کہا کہ ’چیک کرو‘۔ سنی یہ سن کر حیران رہ گئے کہ آخر کس چیز کو چیک کرنے کی بات ہورہی ہے۔ انہوں نے وکی سے پوچھا کہ کیا چیک کرنا ہے؟ اس پر وکی نے نیند ہی میں جواب دیا کہ ’میرا پیپر ہوگیا ہے، چیک کرو۔‘ وکی گہری نیند میں تھے، لیکن ان کا انداز ایسا تھا جیسے ابھی امتحان دے کر واپس آئے ہوں اور اب اپنے بڑے ہوئے امتحانی پرچے کی جانچ کروانا چاہتے ہوں۔ سنی سمجھ گئے کہ بھائی نیند میں باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے انہیں جگانے کے بجائے ان سے گفتگو جاری رکھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK