Inquilab Logo

ونود کھنّہ ویلن سے کریئر کا آغاز کر کے ہیرو بنے تھے

Updated: April 27, 2020, 10:45 AM IST | Agency | Mumbai

بطور ویلن اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے اور پھر فلم انڈسٹری میں بطور ہیرو شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے صدابہار اداکار ونود کھنہ نے اپنی اداکاری سے اَنمٹ نقوش چھوڑے

Vinod Khanna - Pic : INN
ونود کھنہ ۔ تصویر : آئی این این

بطور ویلن اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے اور پھر فلم انڈسٹری میں بطور ہیرو شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے صدابہار اداکار ونود کھنہ نے اپنی اداکاری سے اَنمٹ نقوش چھوڑے۔۶؍ اکتوبر ۱۹۴۶ء کو پاکستان کے پشاور میں پیدا ہونے والے ونود کھنہ نے گریجویشن کی تعلیم ممبئی سے مکمل کی۔ اسی دوران انہیں ایک پارٹی کے دوران فلمساز و ہدایتکار اور اداکار سنیل دت سے ملنے کا موقع ملا۔ سنیل دت انہیں سب سے پہلے فلم ’من کی میت‘ میں بطور معاون ہیرو کام کرنے کا موقع دیا تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ونود کھنہ کو ’آن ملو سجنا‘، ’میرا گاؤں میرا دیش‘ اور ’سچا جھوٹا‘ جیسی فلموں میں ویلن کا کردار نبھانے کا موقع ملا۔ ونود کھنہ کو ابتدائی کامیابی گلزار کی فلم ’میرے اپنے‘ سے ملی۔ بحیثیت ہدایتکار گلزارکی یہ پہلی تھی۔ونود کھنہ کو ایک مرتبہ پھر ہدایتکار گلزار کی فلم ’اچانک ‘میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں کوئی گیت نہیں تھا۔ ۱۹۷۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’امتحان‘ ونود کھنہ کے فلمی کریئر کی ایک اور  ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ ۱۹۷۷ء میں فلم ’امر اکبر انتھونی‘ ونود کھنہ کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی۔ ۱۹۸۰ء میں ’قربانی‘ ونود کھنہ کے کریئر کی ایک اور سپرہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
 ۸۰ء کے عشرے میں انہوں نے فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ دیا اور آچاریہ رجنیش کے آشرم میں پناہ لے لی۔
 ۱۹۸۷ء میں ونود کھنہ نے ایک بار پھر سے ’انصاف‘ کے ذریعہ فلم انڈسٹری کا رخ کیا۔ ۱۹۸۸ء میں فلم ’دیاوان‘ ونود کھنہ کے فلمی کریئر کی بہت اہم فلم ثابت ہوئی۔ انہوں نے سلمان خان کی اداکاری سے سجی سپر ہٹ فلم ’دبنگ‘(۲۰۱۰ء) میں ان کا باپ کا کردار ادا کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی فلموں میں معاون اداکار کی حیثیت سے کام کیا۔ ۱۹۹۷ء میں انہوں نےسیاست میں قدم رکھا اور چناؤ لڑ کر لوک سبھا کے ممبر بنے۔
 ۱۹۹۷ء میں اپنے بیٹے اکشے کھنہ کو فلم انڈسٹری میں لانے کیلئے ونود کھنہ نے فلم ’ہمالیہ پتر‘ بنائی۔ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی۔ انہوںنے چھوٹے پردے کی جانب بھی رخ کیا اور ’مہارانا پرتاپ‘ اور ’میرے اپنے‘ جیسے سیریلوں میں اپنی کارکردگی کےجوہر دکھائے۔
 ونود کھنہ نے اپنے ۴؍ عشروں پر محیط فلمی کریئر میں تقریباً ڈیڑھ سو فلموں میں اداکاری کی۔ اپنی دَم دار اداکاری سے ناظرین کو محضوظ کرنے والے ونود کھنہ ۲۷؍ اپریل ۲۰۱۷ء  اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK