Updated: January 03, 2026, 6:08 PM IST
| Mumbai
ہدایتکار ابھیشیک پاٹھک نے واضح کیا کہ ’’درشیم ۳‘‘ میں جے دیپ اہلاوت، اکشے کھنہ کی جگہ نہیں لے رہے ہیں بلکہ وہ ایک نئے کردار میں نظر آئیں گے۔ اکشے کھنہ کے فلم چھوڑنے کی وجہ وِگ سے متعلق تخلیقی اختلافات بتائی جا رہی ہیں جبکہ اداکار اس وقت اپنی بلاک بسٹر فلم ’’دھرندھر‘‘ کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
اکشے کھنہ اور جے دیپ اہلاوت۔ تصویر: آئی این این
جیسے ہی اداکار اکشے کھنہ فلم ’’درشیم ۳‘‘ سے علاحدہ ہوئے، یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ جے دیپ اہلاوت ان کی جگہ فلم میں منفی کردار ادا کریں گے۔ تاہم اب ہدایتکار ابھیشیک پاٹھک نے ان تمام دعوؤں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے بامبے ٹائمز کو بتایا کہ ’’نہیں، جے دیپ اکشے کھنہ کی جگہ نہیں لے رہے ہیں۔ مَیںفلم کیلئے ایک بالکل نیا کردار لکھ رہا ہوں۔‘‘ خیال رہے کہ اس سے قبل فلم کے پروڈیوسر کمار منگت پاٹھک نے یہ ضرور کہا تھا کہ اکشے کھنہ کے فلم چھوڑنے کے بعد جے دیپ اہلاوت ٹیم کا حصہ بنیں گے، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا کہ وہی کردار جے دیپ ادا کریں گے۔ یہاں تک کہ پروڈیوسر نے جے دیپ کو ایک ’’بہتر اداکار‘‘ بھی قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دھرندھر ۲‘‘ کا خوف: اکشے کمار اورپریہ درشن کی ’’بھوت بنگلہ‘‘ کی ریلیز مؤخر
کمار منگت پاٹھک نے بالی ووڈ ہنگامہ سے گفتگو میں کہا کہ ’’درشیم ‘‘ ایک بڑا برانڈ ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون فلم کا حصہ ہے یا نہیں۔ اب اکشے کی جگہ جے دیپ اہلاوت آ گئے ہیں۔ خدا کے فضل سے ہمیں اکشے سے بہتر اداکار ملا ہے، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں ایک بہتر انسان بھی ملا ہے۔‘‘
پروڈیوسر نے مزید انکشاف کیا کہ اکشے کھنہ کے ساتھ فلم کیلئے معاہدہ طے پا چکا تھا اور فیس پر بھی بات مکمل ہو گئی تھی، تاہم مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب اکشے کھنہ نے فلم میں وِگ پہننے پر اصرار کیا۔کمار منگت کے مطابق،’’ہدایتکار ابھیشیک پاٹھک نے انہیں سمجھایا کہ وِگ پہننا عملی طور پر ممکن نہیں ہوگا، کیونکہ اس سے ’’درشیم ۳‘‘ کے تسلسل میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اکشے کھنہ نے ابتدا میں اس بات کو سمجھ لیا اور مطالبہ واپس لے لیا، لیکن بعد میں ان کے قریبی افراد کے مشورے پر انہوں نے دوبارہ وِگ پہننے کی درخواست کی۔ ہدایتکار نے ایک بار پھر انکار کیا اور معاملے پر بات چیت کیلئے بھی تیار ہوئے، مگر آخرکار اکشے کھنہ نے فلم کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ: انجلینا جولی کا رفح بارڈر (مصر) دورہ، زخمی فلسطینیوں سے ملاقات
اکشے کھنہ کا مؤقف اور موجودہ صورتِ حال
اکشے کھنہ نے ان دعوؤں پر اب تک کوئی عوامی ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ اس وقت وہ اپنی حالیہ فلم ’’دھرندھر‘‘ کی شاندار کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جس نے ۲۰۲۵ء میں باکس آفس پر زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے دنیا بھر میں ۱۱۰۰؍ کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ یہ فلم اس وقت بالی ووڈ کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے اور صرف ’’دنگل‘‘ سے پیچھے ہے۔