Updated: July 04, 2026, 9:56 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار کی ملٹی اسٹارر کامیڈی ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ نے باکس آفس پر پہلے ہفتے میں ۱۵ء۹۳؍ کروڑ روپے کا بزنس کرتے ہوئے کامیاب آغاز کیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس کی کمائی ۳۶ء۱۳۷؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب امتیاز علی کی فلم ’’میں واپس آؤنگا‘‘ نے کمزور آغاز کے باوجود مثبت تبصروں اور زبانی تشہیر (Word of Mouth) کی بدولت شاندار واپسی کی ہے اور اب ہندوستان میں ۷۰؍ کروڑ روپے سے زائد اور دنیا بھر میں ۱۲۰؍ کروڑ روپے کے قریب بزنس کی جانب بڑھ رہی ہے۔
ہدایت کار احمد خان کی کامیڈی فلم ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ نے باکس آفس پر اپنے پہلے ہفتے میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۵ء۹۳؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ فلم نے افتتاحی ویک اینڈ میں ۷۵ء۶۳؍ کروڑ روپے کمائے، جس کے بعد ہفتے کے دیگر دنوں میں بھی اس کی کمائی برقرار رہی۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے چوتھے دن ۵۰ء۸؍ کروڑ روپے، پانچویں دن ۲۵ء۹؍ کروڑ روپے، چھٹے دن ۱۵ء۶؍ کروڑ روپے اور ساتویں دن ۵۰ء۵؍ کروڑ روپے کی کمائی کی، جس کے بعد ہندوستان میں اس کا پہلے ہفتے کا مجموعی بزنس ۱۵ء۹۳؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ عالمی باکس آفس پر فلم نے پہلے سات دنوں میں ۳۶ء۱۳۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اکشے کمار کا اشارہ: ’’ویلکم ۴‘‘ میں نانا پاٹیکر اور انیل کپور کی واپسی ممکن
فلم میں اکشے کمار کے ساتھ سنیل شیٹی اور روینہ ٹنڈن کئی برس بعد ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں، جبکہ کاسٹ میں ارشد وارثی، آفتاب شیوداسانی، دیشا پٹانی، جیکولین فرنینڈس اور جیکی شراف بھی شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق فلم کا اصل امتحان اب دوسرے اور تیسرے ہفتے میں ہوگا، کیونکہ اب اسے نئی ریلیز ہونے والی فلموں ’’الفا‘‘ اور ’’دھمال ۴‘‘ سے مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس سے قبل اکشے کمار کی فلم ’’بھوت بنگلہ‘‘ نے پہلے ہفتے میں ۴۰ء۸۴؍ کروڑ روپے کمائے تھے اور بعد میں ہندوستان میں ۳۶ء۱۸۲؍ کروڑ روپے جبکہ دنیا بھر میں ۲۷۰؍ کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ تاہم اس فلم کو تقریباً ایک ماہ تک بڑی ریلیز کا مقابلہ نہیں کرنا پڑا تھا، جبکہ ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کو مسلسل نئی فلموں کا سامنا رہے گا۔
یہ بھی پڑھئے: فلمسازوں نے ’’مرزاپور‘‘ کرنے سے روکا تھا: علی فضل کا انکشاف
’’میں واپس آؤں گا‘‘ کی مضبوط واپسی
دوسری جانب ہدایت کار امتیاز علی کی رومانوی ڈرامہ فلم ’’میں واپس آؤنگا‘‘ نے باکس آفس پر غیر معمولی واپسی کرتے ہوئے توجہ حاصل کی ہے۔ فلم نے ہندوستان میں ۲۱؍ دنوں کے دوران ۵۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ جبکہ عالمی سطح پر تقریباً ۸۰؍ کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔ ابتدائی ویک اینڈ کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ فلم شاید اپنی مجموعی کمائی میں ۱۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، تاہم مثبت تبصروں اور زبانی تشہیر نے فلم کی قسمت بدل دی۔ اب اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ نصیر الدین شاہ، دلجیت دوسانجھ، شروری اور ویدانگ رائنا کی اداکاری سے مزین یہ فلم ہندوستان میں ۷۰؍ کروڑ روپے سے زائد جبکہ دنیا بھر میں تقریباً ۱۲۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ تجزیہ کار اس کارکردگی کو حالیہ برسوں میں ہندوستانی باکس آفس کی نمایاں واپسی میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سنی دیول اور اکشے کھنہ کا ’اکّا‘ میں ایک ساتھ آنا، واقعی خدا کا منصوبہ ہے: سِدھارتھ
’’کاک ٹیل ۲‘‘ کا حال
ادھر ہومی اداجانیا کی فلم ’’کاک ٹیل ۲‘‘ نے پہلے ہفتے میں ہندوستان میں ۵۰ء۷۰؍ کروڑ روپے کمائے، لیکن دوسرے ہفتے میں اس کی رفتار نمایاں طور پر کم ہو گئی۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے دوسرے ہفتے میں صرف ۹۰ء۱۸؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے بعد ۱۴؍ دنوں میں اس کی مجموعی ہندوستانی کمائی ۴۰ء۸۹؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ عالمی سطح پر ’’کاک ٹیل ۲‘‘ کی دو ہفتوں کی مجموعی کمائی ۹۲ء۱۳۵؍ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔