منشی پریم چند کی کہانیوں پر بازار حسن،غریب مزدور، سوامی،ہیرا موتی، شطرنج کے کھلاڑی اور عید مبارک جیسی فلمیں بنیں تو امتیاز علی تاج کے ڈرامے پر انارکلی اور مغل اعظم کے نام سے اور مرزا ہادی رسوا کے ناول ’امراؤ جان ادا‘ پر بھی شاہکار فلمیں وجود میں آئیں۔
مشہورفلم مغل اعظم اُردو ادیب اور ڈراما نویس امتیاز علی تاج کے ڈرامے ’انارکلی‘ پر مبنی ہے۔ تصویر: آئی این این
اردو کا فلموں سے اور فلموں کا اردو سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔ ابھی گزشتہ دنوں ہم نےیوم اردو منایا ہے۔ اس حوالے سے اردو اور فلموں کے تعلق پر بھی کچھ گفتگو ضروری ہے۔ ۱۹۳۱ء میں ہندوستانی سنیما نے خاموشی کے دَور سے نکل کر آواز کی دُنیا میں قدم رکھا اور کرداروں نے مکالمہ شروع کیا تو سب سے پہلے اردو زبان ہی کا سہارا لیا۔ اِس کے ساتھ ہی ۱۹۳۶ء سے اردو ادب میں ترقی پسند تحریک کا باقاعدہ آغاز ہو گیا اور بڑی تعداد میں ادیب، شاعر اور دانشور اس تحریک سے متاثر ہوتے گئے۔ ۱۹۴۲ء سے گاندھی جی نے ہندوستان کی مکمل آزادی کیلئے اپنی لڑائی تیز کردی اور’انگریزو! بھارت چھوڑو‘ کا نعرہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی اُردو کے اس نعرہ ’انقلاب زندہ باد‘ سے پورے ملک کا ماحول گرم ہو گیا تھا۔
یہ بڑا ہی پُرآشوب زمانہ تھا۔ ہندوستانی سنیما تحریک آزادی اور ترقی پسند تحریک دونوں سے ایک ہی وقت میں متاثر ہو رہا تھا۔ ترقی پسند تحریک سے وابستہ کہانی کار، نغمہ نگار اور فلمساز و ہدایتکار لگاتار فلم انڈسٹری سے جڑتے جا رہے تھے۔ منشی پریم چند، خواجہ احمد عباس، نجم نقوی، سعادت حسن منٹو، کمال امروہی، کرشن چندر، ساحر لدھیانوی، وشوامترا عادل، قمرجلال آبادی، راجندر سنگھ بیدی، مجروح سلطانپوری اور رامانند ساگر وغیرہ ..... ایک طویل فہرست ہے۔ ترقی پسند تحریک سےجڑے یہ لوگ یکے بعد دیگرے فلموں سے وابستہ ہوتے چلے گئے۔اس کے نتیجے میں ۱۹۳۶ء سے ۱۹۷۵ء تک ہندوستانی سنیما نے اپنا عہد زریں تاریخ کے صفحات پر رقم کر دیا۔ اسی زمانے میں ایک سے ایک بہترین کہانی فلم انڈسٹری کو ملی اور فلمی نغموںکا تو انبار لگ گیا جو ہر لحاظ سے اعلیٰ درجے کے تھے اور مقبول ترین تھے اور جو آج بھی دلوں کے تاروں کو جھنجھنا دیتے ہیں۔ یہی حال فلمی مکالموں کا بھی تھا۔ اس دور کے بعض مکالمےتو ضرب المثل بن گئے،جیسے فلم ’وقت‘ میں راج کمار کے ذریعہ ادا کیا گیا مکالمہ ’’جن کے گھر شیشوں کے ہوں، وہ دوسروں پر پتھر نہیں پھینکا کرتے۔‘‘ اسی طرح فلم’ مغل اعظم‘ میں پرتھوی راج کپور کا مکالمہ ’’بہ خدا ہم محبت کے دُشمن نہیں، اپنے اصولوں کے غلام ہیں۔‘‘ اسی طرح فلم ’میرے حضور‘ کا مکالمہ جو اداکار راجکمار نے ادا کیا تھا ’’لکھنؤ میں ایسی کون سی فردوس ہے، جسے ہم نہیں جانتے۔‘‘ فلم ’پاکیزہ‘ میں راجکمار کا ادا کیا ہوا مکالمہ ’’آپ کے پائوں دیکھے، بہت حسین ہیں۔ انہیں زمین پر مت اُتاریئے گا، میلے ہو جائیں گے۔‘‘ اس طرح کے بے شمار اردو کے مکالمے آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہیں اور یاد کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مالا سنہا نے اداکاری کیلئے موسیقی سے حد درجہ لگاؤ کو قربان کر دیا
ہندوستانی سنیما میں اُردو ادب کے حوالے سے اگر ہم فلمی نغمہ نگاری کا تفصیلی جائزہ لیں تو اس کے لیے الگ سے ایک کتاب کی ضرورت ہوگی۔ اردو ادب سے وابستہ کئی بڑے شاعروں نے فلموں کو بے حد معیاری اور مقبول ترین گیت دیئے ہیں۔ ساحرؔ لدھیانوی نے تو اپنی تمام تر ادبی شاعری کو فلموں میں استعمال کیا ہے اور ان کی نغمہ نگاری سے فلموں کی مقبولیت میں اضافہ ہی ہوا ہے۔یہ اور بات ہے کہ انہوںنے ’گمراہ‘ یا ’پیاسا‘ جیسی کچھ فلموں کیلئے اپنی نظموں میں ضرورت کے تحت کہیں کہیں ایک دو الفاظ کا رد و بدل کیا ہے۔
سنیما سے اُردو کے تعلق کا جب بھی ذکر کیا جائے گا، اردو افسانوں کے بابا آدم منشی پریم چند کا نام سب سے پہلے لیا جائے گا۔وہ جون ۱۹۳۴ء میں بنارس سے بمبئی پہنچے اور ایک فلم کمپنی سے۸؍ ہزار روپے سالانہ کے معاہدے پرکہانیاں لکھنے کا کام شروع کیا۔ اسی سال ان کے ناول ’سیوا سدن‘ پر سب سے پہلے ’بازارِ حسن‘ کے نام سے فلم بنی۔ اس میں اداکارہ زبیدہ، جدن بائی اور فاطمہ بائی اور اداکار ساہو مودک نے کردار نبھائے تھے۔ اس کے بعد پریم چند کی لکھی کہانی پر فلم ’غریب مزدور‘ بنی جس میں خود منشی پریم چند نے بھی ایک کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد وہ بمبئی ٹاکیز سے وابستہ ہو گئے۔ ۱۹۴۱ء میںان کی اردو کہانی ’عورت کی فطرت‘ پر فلم بنی اور فلم کا نام ’سوامی‘ رکھا گیا۔ اس فلم کے ہدایتکار اے آر کاردار تھے جبکہ ستارہ دیوی اور جے راج نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ ۱۹۴۶ء میں منشی پریم چند کے ناول ’چوگان ہستی‘ پر ہدایتکار موہن بھونانی نے ’رنگ بھومی‘ کے نام سے فلم بنائی۔ یہ اداکارہ نگار سلطانہ کی پہلی فلم تھی۔ ۱۹۵۹ء میں ان کی کہانی ’دو بیلوںکی کتھا‘ پر ہدایتکار کرشن چوپڑا نے فلم بنائی تھی، جس کا نام ’ہیرا موتی‘ رکھا گیا تھا۔ بمبئی ٹاکیز کی روح رواں دیویکا رانی نے ان کے ناول ’گئودان‘ پر فلم بنانے کا ارادہ کیا تھا مگر ان کا یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا۔ بعد میں ہدایتکار ترلوک جیٹلی نے ۱۹۶۴ء میں فلم ’گئودان‘ بنائی، جس میں راج کمار ، کامنی کوشل، ششی کلا، محموداور شوبھا کھوٹے وغیرہ نے کردار ادا کیے تھے۔
اسی طرح ان کے ناول ’غبن‘ پر ہدایتکار کرشن چوپڑا نے کام شروع کیا تھا مگر ان کے انتقال کی وجہ سے وہ کام رک گیا جو بعدمیں رشی کیش مکھرجی کے تعاون سےمکمل ہوا۔بچوں کیلئے چلڈرن فلم سوسائٹی نے پریم چند کی کہانی ’عیدگاہ‘ پر ایک فلم ’عید مبارک‘ کے نام سے بنائی تھی۔ اس کے علاوہ ایک فلم ’کتے کی کہانی‘ بھی اسی سوسائٹی نے بنائی تھی۔منشی جی کی کہانی ’شطرنج کے کھلاڑی‘ پر مشہور فلمساز و ہدایتکار ستیہ جیت رے نے فلم بنائی جس میں سنجیو کمار، سعید جعفری، شبانہ اعظمی اور فریدہ جلال نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
منشی پریم چند کے بعد ایک اور بڑا نام امتیاز علی تاج کا ہے۔ ان کے مشہور زمانہ ڈرامے ’انارکلی‘ پر مشہور اور کامیاب فلم ۱۹۵۳ء میں بنی جس میں پردیپ کمار، بینا رائے، نور جہاں اور سلوچنا نے مرکزی کردار ادا کیے۔ ۱۹۵۱ء میں کمال امروہی نے میناکماری کو ہیروئن کے طور پر انارکلی بنانے کا خواب دیکھا تھا جو شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا۔ بعد میں اسی موضوع کو بڑے پیمانے پرکے آصف نے ’مغل اعظم‘ کے نام سے ۱۹۶۰ء میں پیش کیا تھا۔ یہ ایک زبردست کامیاب اور بہترین فلم تھی جس نے اپنے زمانے میں کئی ریکارڈ قائم کیے۔اسی طرح ۱۹۶۶ء میں فلمساز ہنس چودھری نے شوکت تھانوی کے ناول ’اُلٹی گنگا‘ پر مبنی فلم ’نیند ہمارے خواب تمہارے‘ بنائی تھی جس میں ششی کپور، نندہ، بلراج ساہنی اور اوم پرکاش نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔اُردو کا سب سے پہلا مکمل سماجی ناول ’امرائو جان ادا‘ کو مانا جاتا ہے۔ مرزا ہادی رسواؔ کے اس ناول پر سب سے پہلے ۱۹۸۱ء میں فلمساز ہدایتکار مظفر علی نے ایک عمدہ فلم بنائی اور اس زمانے کے لکھنؤ کے نوابی اور ادبی ماحول کو کامیابی سے پیش کیا۔ اس فلم میں ریکھا نے امرائو جان کے کردار میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں سے جان ڈال دی ہے۔ اس کے بعد اسی ناول پرجے پی دتہ نے ایشویہ رائے اور ابھیشیک بچن کو مرکزی کردار میںلے کر فلم ’امرائو جان‘ بنائی مگر یہ فلم مظفرعلی کی فلم کا مقابلہ نہ کر سکی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اچھے مواقع کی تلاش میں ہوں، جلد ہی کسی اچھے ریالٹی شو میں نظر آؤنگی‘‘
خواجہ احمد عباس کا تعلق بھی اردو ادب سے رہا ہے۔ وہ ایک زمانے میں ہمانشو رائے کی فلم کمپنی بمبئی ٹاکیز میں فلم پبلی سٹی کے انچارج ہوا کرتے تھے۔ انہوںنے بھی کئی یادگار فلمیں ہندوستانی سنیما کو دی ہیں۔ ان کی کہانی پر بمبئی ٹاکیز نے سب سے پہلے فلم ’نیا سنسار‘ بنائی تھی۔ انہوں نے خود اپنی ہدایت میں ۱۹۴۵ء میںفلم ’دھرتی کے لال‘ بنائی۔انہوں نے راج کپور کیلئے کئی فلمیں لکھیں جو بے حد کامیاب رہیں۔ اسی طرح کرشن چند ر اُردو کے ادیب تھے اور پوری طرح فلموں سے وابستہ تھے۔ انہوں نے سب سے پہلے فلم ’من کی جیت‘ کی کہانی لکھی تھی، جس کی ہدایت ڈبلیو زیڈ احمد نے دی تھی اور جوشؔ ملیح آبادی نے گانے لکھے تھے۔ شالیمار پکچرس کی یہ فلم ۱۹۴۵ء میں نمائش کیلئے پیش ہوئی تھی۔ اس کے بعد کرشن چندر نے کئی فلموں کی کہانیاں، منظرنامے اور مکالمے لکھے۔
اُردو ادب کے حوالے سے ایک بہت اہم نام راجندر سنگھ بیدی کا بھی ہے۔ انہوں نے کئی فلموں کی کہانیاں، منظرنامے اور مکالمے لکھے اور خود بھی کئی فلمیں بنائیں، جن میں ’دستک‘ کافی مقبول ہوئی۔ اس فلم میں سنجیو کمار اور ریحانہ سلطان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس فلم کے ہیرو ہیروئن کو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور موسیقار مدن موہن کو بہترین موسیقار کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ ’دستک‘ کے بعد ’پھاگن،آنکھن دیکھی، اپنی دھرتی اپنا دیش اور نواب صاحب جیسی فلمیں بنائیں۔ فلم ’مرزا غالب‘ کی کہانی سعادت حسن منٹو نے تحریر کی تھی مگر درمیان میں ہی منٹونے پاکستان کی طرف ہجرت کی تو بیدی نے نہ صرف کہانی اور منظرنامے مکمل کرائے بلکہ فلم’مرزا غالب‘ کے مکالمے بھی لکھے۔ اس کے علاوہ دلیپ کمار کی ’دیوداس‘اور ’مدھومتی‘، دھرمیندر کی ’انوپما‘ اور ’ستیہ کام‘ اور بلراج ساہنی کی ’انورادھا‘وغیرہ میں بھی راجندر سنگھ بیدی نے اپنے قلم کے جوہر دکھائے ہیں۔ راجندر سنگھ بیدی کا مختصر ناول ’ایک چادر میلی سی‘ بہت مقبول رہا ہے۔ اس پر بھی ایک کامیاب فلم بن چکی ہے۔
یہ تو چند منتخب فلموں کی بات ہے، ورنہ سچ تو یہ ہے کہ پوری فلم صنعت اردو کی مرہون منت ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ اس کااعتراف نہیں کیا جاتا۔