• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مصرعِ طرح اخباروں میں شائع ہوتا تو بیرون ممالک سے بھی غزلیں موصول ہوتی تھیں‘‘

Updated: November 15, 2026, 12:34 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بھیونڈی کے ۷۵؍سالہ سماجی ،سیاسی کارکن اور صحافی عبدالجلیل انصاری متعدد ادبی اور ثقافتی تنظیموں سے وابستہ ہیں ، اُردو کے علاوہ مراٹھی بھی خوب جانتے ہیں ، آج بھی پوری طرح فعال ہیں اور ایک کمپنی میں قانونی مشیر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Abdul Jalil Abdul Ahad Ansari. Photo: INN
عبدالجلیل عبدالاحد انصاری۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی کے معروف صحافی اور سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیت ۷۵؍ سالہ عبدالجلیل عبدالاحد انصاری کی پیدائش ۲۹؍اکتوبر ۱۹۵۲ء کو ہوئی تھی ۔ ابتدائی تعلیم منڈئی کی پتھراسکول اور میٹرک کاامتحان  ۱۹۷۰ء میں رئیس ہائی اسکو ل سے پاس کیا تھا ۔ اسی دوران بی این این ڈگری کالج افتتاح صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین کے ہاتھوں ہوا تھا۔ انہوں نے فیصلہ کیا تھاکہ میٹرک کا رزلٹ آنے کے بعدوہ بی این این کالج میں داخلہ لیں گے اور وکالت کی پڑھائی بھی کریں گے۔ افسوس کہ اسی دوران بھیونڈی میں فرقہ وارنہ فساد پھوٹ پڑا ، جس کی وجہ سےکئی دنوں تک کرفیو لگا رہا ۔ان کے والد کی ایک پاور لانڈری تھی جو فساد میں جل کر تباہ ہوگئی ۔آمدنی کا وہی  ایک ذریعہ تھا ۔ والدین کی مایوسی اور پریشانی دیکھ کر انہوں نے پڑھائی چھوڑ کر  کام کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ گھر والوں کی مدد کی جاسکے ۔چھوٹی عمر سے پاور لوم میں مزدوری شروع کی اور ۱۹۷۰ء سے ۱۹۹۰ء تک پاورلوم صنعت سے وابستہ رہے ۔ اسی عرصے میں مزدوروں کے درمیان رہنے سے مزدور تحریک سے وابستگی ہوئی۔ ماکسوادی کمیونسٹ پارٹی  سےمنسلک ہوئے۔معاشی دشواریوں کی وجہ سے عملی طور پر وکالت کی پڑھائی نہیں کر سکےلیکن قانونی رموز سے ان کی دلچسپی اور مراٹھی میں مہارت نے  انہیں قانونی مشیر بنا دیا۔ وہ گزشتہ۲۰؍سال سے اربن انمول پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی ایک تعمیراتی کمپنی میں بحیثیت قانونی مشیر اپنی خدمات پیش کر رہےہیں۔شہر کی متعدد سماجی،علمی، ادبی اور ثقافتی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔بے باک صحافت، آپ کی شخصیت کاایک اضافی اور روشن پہلو ہے ۔ ہفتہ روزہ اخبار ’’بھیونڈی کے صبح وشام‘‘  کے ذریعے ۲۵؍برسوں تک یہاں کے مقامی مسائل پر بے لاگ تبصرے کئے ۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ہمارے پڑوس میں رہنے والے برادرانِ وطن کی بیٹی حجاب پہن کر ہمارے ساتھ افطار کرتی تھی‘‘

بھیونڈی میں کارپوریشن کے ذریعہ سیکنڈری اسکول شروع کرانے کی ایک بڑی وجہ  عبدالجلیل انصاری ہیں ۔ یہ ۰۳۔۲۰۰۲ء کی بات ہے ،ایک روز وہ کلیان سے بھیونڈی آرہے تھے کہ راجیو گاندھی چوک پر بیچ سڑک میں  ایک بڑے گڑھے پر اُن کی نظر پڑی ۔ انہوں نے اپنی اسکوٹر  کھڑی کی اور گڑھے کا مشاہدہ کیا تو اندازہ ہوا کہ کچھ کام ہورہا ہے۔ وہیںموجود ٹھیکیدار سے اس بارےمیں استفسار کیاتو معلوم ہوا کہ فلائی اوور بن رہا ہے ۔ وہاں سے وہ سیدھے بھیونڈی سوشل سوسائٹی کے دفترپہنچے ،سوسائٹی کے لیٹر ہیڈ پراُس وقت کے میئر سریش ٹاورے کے نام مکتوب لکھا کہ بھیونڈی کے عام لوگ غریب اور مزدور طبقے سے وابستہ ہیں۔کم ہی لوگوں کے پاس موٹر گاڑیاں ہیں، ایسے میں انہیں فلائی اوور کی فی الحال ضرورت نہیں ہے بلکہ ان کے بچوں کیلئے یہاں کارپوریشن کے ذریعہ جاری سیکنڈری اسکول نہیں ہے چنانچہ بھیونڈی میں پہلے سیکنڈری اسکول قائم کیا جائے،اس کے بعد ہی  فلائی اوور بننے کی اجازت دی جائے گی۔ مکتوب پڑھ کر سریش ٹاورے بھیونڈی سوشل سوسائٹی کے دفتر پہنچے اور ذمہ داران سے بات چیت کی لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔ بات بڑھتی گئی۔ پولیس کے ذریعے سوسائٹی کے  اراکین کو دھمکانےکی کوشش بھی کی گئی لیکن کچھ فرق نہیں پڑا۔ تحریک نے احتجاج کی صورت اختیار کرلی، عوامی دباؤ کے بعد انتظامیہ کو بات ماننی پڑی، اس طرح پہلے سیکنڈری اسکول شروع ہوا پھر فلائی اوور کا کام  شروع کیا گیا۔

بھسار محلہ کے کارپوریٹر بال کرشن مکند مالی سے عبدالجلیل انصاری کے قریبی مراسم تھے۔ مالی ادب نواز آدمی تھے۔انہیں اُردو زبان وادب سے شغف تھا۔ ایک روز انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے میں ادبی سرگرمیاں بھی ہونی چاہئیں ، جواب میں عبدالجلیل انصاری نے کہا کہ یہ مزدور پیشہ افراد کاعلاقہ ہے اس طرح کی سرگرمیوںکیلئے فنڈ کی ضرورت ہوتی ہے جس پر مالی نے کہا کہ اس کاخرچ میں برداشت کروں گا، آپ لو گ پروگرام  ترتیب دیں ۔ ان کے تعاون سے ۱۹۸۵ء میں بزم ِ یاران ادب کی بنیاد پڑی جس کے تحت سال میں ۲؍ معیاری مشاعرے کئے جاتے تھے۔  عبدالجلیل انصاری کسی عہدہ پر فائز نہیں تھے لیکن مشاعرے کا سارا  نظام وہی سنبھالتے تھے۔ان مشاعروں کا بنیادی مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔مشاعرے میں مسلمانوں کےساتھ ہی برادران وطن بھی بڑی تعداد میں شریک ہوتے تھے۔ ایک مرتبہ مشاعرہ کی صدارت اُس وقت شہر کے ڈی سی پی ہیمنت کرکرے نے کی تھی ۔ اس دور میں اُس مشاعرہ اور بزم ِ یارانِ ادب کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ طرحی غزل  کیلئے مصرع، اخبارات میں مراسلے کی صورت میں شائع ہونے پر صرف ملک ہی سے نہیں بلکہ بیرون ممالک مثلاً سعودی عرب، دبئی ،کویت ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور نیپال وغیرہ سے بھی سیکڑوں غزلیں موصول ہوتی تھیں۔ جج صاحبان کیلئے فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا تھا۔ بال کرشن مالی جب تک حیات سے رہے ،یہ مشاعرہ کامیابی سے منعقد ہوتا رہا۔ ان کی رحلت کےبعد مشاعرے کاسلسلہ رک گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو تباہ کر دے گی؟

عبدالجلیل انصاری طالب علمی کے زمانے کا ایک واقعہ نہیں بھولے ہیں۔ وہ پانچویں جماعت میںتھے۔ معروف شاعر شاکر ادیبی ان کے استاد تھے ۔انہوں نے یوم ِ آزادی کی تقریب کیلئے ایک نظم یاد کرائی تھی اور پوری طرح تیار بھی کرایاتھالیکن تقریب والے دن جب وہ اسٹیج پرگئے تو بھول گئے اور نظم نہیں پڑھ سکے ۔ پروگرام کے بعدشاکر ادیبی صاحب نے خوب جم کر خبر لی تھی۔شاکر ادیبی صاحب کی محنت، محبت اور بعد میں ان کی ناراضگی کی وجہ سے وہ واقعہ ان کیلئے یادگار ہوگیا۔

عبدالجلیل انصاری کو فلم دیکھنے کا شوق اسکول کے دور سے رہا ہے لیکن گھر والوںاور اساتذہ کے خوف سے وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک فلم ۲؍ قسطوں میں دیکھتے تھے۔ اگر۳؍بجے کا شو دیکھنے جاتے تو ساڑھے ۴؍ بجے انٹرویل میں نکل کر وہ ٹکٹ باہر کھڑے  اپنے ساتھیکو دے دیتے،جو آدھی فلم دیکھ لیتا تھا۔ دوسرے دن وہ دوست شروع میں فلم دیکھ کر انٹرویل کے بعد وہ ٹکٹ انہیں دے دیتا۔ اس طرح دو لوگ مل کر دو دن میں پوری پوری فلم دیکھ لیتے تھے۔ ساتویں جماعت  میں زیر تعلیم تھے تو بھیونڈی   میں فلم’ دل دیادردلیا‘کی شوٹنگ دیکھنے کااتفاق ہوا تھا۔ دلیپ کمار ، وحیدہ رحمان،  پران اور جانی واکر شوٹنگ کیلئے بھیونڈی میں ۵؍دنوںکیلئے خیمہ زن تھے۔ پانچوں دن  انہوں نے شوٹنگ دیکھی اور فنکاروں سے ملاقات بھی کی تھی۔

کمیونسٹ پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے عبدالجلیل انصاری دیہی علاقوں کا متعدد دورہ کرچکے ہیں۔ اس دور میں دہانو ضلع کے دیہی علاقوں میں آد یواسیوں کی کثیر آبادی تھی ۔ وہ بڑی کسمپرسی میں زندگی گزارتے تھے۔ ان  کےپاس کھانے پینے کی اشیاء نہیں ہوتی تھی ،پہننے کیلئے کپڑے نہیں تھے۔ ایک موقع پر انہیں آدیواسیوں کے درمیان رکنا پڑا تھا۔ ان کے قیام کی اطلاع سے آدیواسی پریشان ہوگئے تھے کیونکہ ان کے کھانے کاانتظام ان کیلئے ایک مسئلہ تھا۔ انہوں نے آدیواسیوں سے کہا تھاجو تمہارے پاس ہے وہ کھلا دینا ،فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان لوگوں نے ایک درخت کی جڑ سے نکلنے والے گودے کی سبزی اور موٹاچاول پکاکر ان کی خدمت میں پیش کیا تھا  اور اس طرح ان کی اور ان کے ساتھیوں کی میزبانی کرکے آدیواسیوں نے اطمینان کا سانس لیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں اگر ٹرمپ الیکشن ہار گئے ہیں تو پھر صدر کے عہدے پر کیوں برقرار ہیں؟

بھیونڈی میں کسی دور میں بیٹیوں کی شادی صرف شربت پر ہوا کرتی تھی۔ عموماً ظہرکے بعد اور عصر سےپہلے نکاح کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ ایک ڈرم پانی میں شکر اور رنگ گھو ل کر شربت بنایا جاتا تھا۔ مسجد سے ایلومنیم کا چوٹا مگا لے لیا جاتا،اسی میں نکاح کے شرکاء میں شربت تقسیم کیا جاتا تھا۔ اس طرح شادی کی رسم پوری کی جاتی تھی لیکن  جیسے جیسے لوگوں کے پاس پیسہ آیا اور فراوانی آئی تو انہوں نے شادی کی تقریب کو مہنگا اور خرچیلا کردیا۔ اب تو بیشتر شادیوں میں مختلف اقسام کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ کمزور لوگ قرض لے کر شادیاں کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ یہ سب ہونے کے باوجود آج بھی کچھ لوگ، آسودہ حال خاندان بھی ایسے ہیں جو شربت پانی پر بیٹیوں کا نکاح کرتے ہیں۔ عبدالجلیل انصاری نے اپنی ۳؍بیٹیوں اور خاندان کی پچاسوں بیٹیوں کانکاح اسی طرز پر کیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK