Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: بٹس کی ناٹ آؤٹ سنچری، جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز پر فتح

Updated: June 26, 2026, 11:57 AM IST | Bristol

جنوبی افریقہ نے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے ۲۴؍ویں مقابلے میں نیدرلینڈز کو۸۸؍ رن سے شکست دی۔ بٹس کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

Tazmin Brits. Photo: INN
تجمین بٹس۔ تصویر: آئی این این

 تجمین بٹس (ناٹ آؤٹ ۱۱۴؍رن) کی شاندار سنچری اننگز کے بعد ایا بونگا خاکا (تین وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے جمعرات کی رات کھیلے گئے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے ۲۴؍ویں مقابلے میں نیدرلینڈز کو۸۸؍ رن سے شکست دی۔ بٹس کو ان کی شاندار بلے بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

یہ بھی پڑھئے: فارمولا ای کا نیا انقلاب: سعودی عرب میں جین ۴؍ کاروں اور نئے سیزن کاآغاز

۲۰۹؍رن  کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیدرلینڈز کی ٹیم جنوبی افریقی گیند بازی حملے کے آگے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں آٹھ وکٹ پر ۱۲۰؍رن ہی بنا سکی اور ۸۸؍ رن سے مقابلہ ہار گئی۔ فیبی مولکنبوئر اور ثانیہ کھرانہ کی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے ۵۸؍ رن جوڑ کر نیدرلینڈز کو اچھا آغاز دلایا۔ مولکنبوئر اور اسٹیرے کالس نے دوسرے وکٹ کے لیے ۴۲؍ رن جوڑے، لیکن پھر نیدرلینڈز کی اننگز لڑکھڑا گئی۔ انہوں نے۱۵؍ویں اور ۲۰؍ویں اوور کے درمیان ۲۰؍ رن پر آٹھ وکٹ گنوا دیے، جس میں آخری اوور میں گرنے والی تین وکٹیں بھی شامل تھیں۔

 کھرانہ نے ۳۰؍ گیندوں میں ۳۶، مولکنبوئر نے ۴۱؍ گیندوں میں ۴۱، اسٹیرے کالس نے ۲۶؍اور کپتان بیبیٹ ڈی لیڈے ۱۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ نیدرلینڈز کی چھ بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکیں۔ جنوبی افریقہ کے لیے ایابونگا خاکا نے تین وکٹ لیے۔ کلوئی ٹرائون کو دو وکٹ ملے۔ شبنم اسماعیل اور این ڈی کلرک نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا نے قطر کے فٹبالر عاصم مدیبو پر ۵؍ میچز کی پابندی عائد کر دی

اس سے پہلے نیدرلینڈز کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ نے مقررہ ۲۰؍اوورس میں ایک وکٹ پر  ۲۰۸؍ رن  کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ کپتان لورا وولوارڈ اور تجمین بٹس کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے ۱۲۱؍ رن جوڑے۔ ۱۴؍ویں اوور میں ہینا لینڈ ہیر نے وولوارڈ کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ وولوارڈ نے۳۶؍ گیندوں میں چھ چوکے لگاتے ہوئے ۴۵؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئیں اینری ڈرکسن نے بٹس کا آخری وقت تک ساتھ نبھایا۔ تجمین بٹس نے اس دوران اپنے کریئر کی پہلی ٹی ۲۰؍سنچری مکمل کی۔ بٹس نے ۶۹؍ گیندوں میں ۱۵؍ چوکے اور تین چھکے اڑاتے ہوئے  ناٹ آؤٹ ۱۱۴؍ رن  کی اننگز کھیلی۔ ڈرکسن نے ۱۶؍ گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۷؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK