آپ کو سلمان خان کی فلم’ویر‘ کی ہیروئن تو یاد ہوگی جواس فلم میں انتہائی خوبصورت اورمعصوم سی بچی کی طرح نظر آئی تھی۔ اس اداکارہ کا نام زرین خان ہےجنہوں نے سلمان خان کی فلم سےاپنا فلمی سفر شروع کیا اوراب تک کئی ہندی کے علاوہ تمل، تیلگواور پنجابی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔
دلکش اداکارہ زرین خان۔ تصویر: آئی این این
آپ کو سلمان خان کی فلم’ویر‘ کی ہیروئن تو یاد ہوگی جواس فلم میں انتہائی خوبصورت اورمعصوم سی بچی کی طرح نظر آئی تھی۔ اس اداکارہ کا نام زرین خان ہےجنہوں نے سلمان خان کی فلم سےاپنا فلمی سفر شروع کیا اوراب تک کئی ہندی کے علاوہ تمل، تیلگواور پنجابی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔
۱۴؍مئی۱۹۸۷ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی زرین خان نے اپنی تعلیم رضوی کالج آف سائنس سےمکمل کی۔ جب وہ کم عمر ہی تھیں کہ ان کے والد ان کی والدہ کو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ۱۲؍ ویں کلاس مکمل کرنےکے بعد زرین نے ممبئی کے ایک کال سینٹر میں ملازمت شروع کردی تھی۔ کال سینٹر میں کام کرنےکے ساتھ ساتھ وہ ماڈل کےطور پرکئی برانڈز کا پرموشن بھی کرتی تھیں ۔ اسی دوران زرین فلم یوراج کےسیٹ پرگھومنے گئی تھیں ۔ اسی فلم کے سیٹ پر سلمان خان نےزرین خان کو پہلی باردیکھا تھا اور انہیں بعد میں آفس بلایا اور زرین کو فلم ویر(۲۰۰۹) کیلئےسائن کرلیا۔ زرین خان کے تعلق سے سلمان خان نےکہا تھا کہ ’’وہ اس پیاری سی شہزادی کی طرح لگ رہی تھی جس کا کردار انہوں نے فلم ’ویر‘ میں ادا کیا تھا۔ ‘‘ اسکرین ٹیسٹ کے بعد زرین کوشہزادی یشودرا کا یہ رول دیا گیا۔ اس کیلئے انہوں نے ۸؍کلوگرام وزن بڑھایا تھا تاکہ وہ ۱۹؍ویں صدی کی شہزادی لگ سکیں ۔ یہ فلم راجستھان کی پنڈاری تحریک پر مبنی تھی جو انگریزوں کے دور حکومت میں ۱۸۲۵ء میں چلائی گئی تھی۔ حالانکہ فلم ویر باکس آفس پر کامیاب ثابت نہیں ہوئی لیکن انہیں ناظرین اور ناقدین دونوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا رہا۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے ترن آدرش نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’زرین، کترینہ کیف کی طرح نظرآتی ہیں لیکن ان کے چہرے کےتاثرات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔ اس فلم میں اداکاری کیلئے انہیں زی سنے ایوارڈ کے ذریعہ بہترین نئی اداکارہ کے ایواڈر کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔
زرین خان کو۲۰۱۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ریڈی میں ایک آئٹم نمبر’’کیریکٹر ڈھیلا‘‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ جس میں انہوں نےمغل اعظم، شعلے اور شری ۴۲۰؍ کے کرداروں کی نقل کی تھی۔ زرین خان نے اس گانے میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا جو فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ ۲۰۱۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ہاؤس فل۲؍ زرین کےکریئرکی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی لیکن انہیں کامیابی کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔ ہائوس فل کے سیکوئل کے طور پر بنائی گئی یہ فلم ملیالم فلم’مٹوپٹی مچان‘ کا ہندی ری میک تھی۔ یہ فلم دو کزن حنا اور بابی کے گرد گھومتی ہے جو کپور فیملی میں دو بھائیوں کی دو بیٹیاں ہیں ۔ زرین نے جے لو کا کردار اداکیا تھاجس سےجگا ڈاکو کا بیٹا جولی یعنی رتیش دیشمکھ پیار کرتا ہے۔ اس فلم میں اکشے کمار، اسین، جان ابراہم اور جیکلن فرنانڈیز بھی اہم رول میں تھے۔ یہ فلم ۲۰۱۲ء میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل تھی۔ زرین خان ’اکثر۲‘، ۱۹۲۱ء‘، ’وجہ تم ہو‘، ’ہیٹ اسٹوری۳‘، ’ہاؤس فل۲؍‘ اور’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ جیسی فلموں میں نظر آچکی ہیں ۔ زرین خان کا بالی ووڈ کرئیر کوئی خاص نہیں چلا۔ زرین خان نے پنجابی فلموں کا رخ کیا اور وہاں کئی کامیاب فلموں میں بطور لیڈ اداکارہ کام کیا۔