Inquilab Logo Happiest Places to Work

کترینہ کیف جیسی نظر آنے والی زرین خان نے کئی فلموں میں کام کیا ہے

Updated: May 16, 2024, 11:50 AM IST | Mumbai

زرین خان کو۲۰۱۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ریڈی میں ایک آئٹم نمبر...کیریکٹر ڈھیلا... میں کام کرنے کا موقع ملا۔ جس میں انہوں نے مغل اعظم، شعلے اور شری ۴۲۰؍ کے کرداروں کی نقل کی تھی۔ زرین خان نے اس گانے میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا جو فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔

Zareen Khan .Photo: INN
زرین خان۔ تصویر: آئی این این۔

آپ کو سلمان خان کی فلم’ویر‘ کی اہم اداکارہ تو یاد ہوگی جو انتہائی خوبصورت اور معصوم سی نظر آئی تھیں۔ اس اداکارہ کا نام زرین خان ہےجنہوں نےسلمان خان کی فلم سے فلمی سفر شروع کیا اور کئی ہندی کے علاوہ تمل، تیلگواور پنجابی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ 
۱۴؍مئی۱۹۸۷ءکوممبئی میں پیدا ہونے والی زرین خان نے اپنی تعلیم رضوی کالج آف سائنس سےمکمل کی۔ جب وہ کم عمر ہی تھیں کہ ان کے والد ان کی والدہ کو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ۱۲؍ ویں کلاس مکمل کرنےکے بعد زرین نے ممبئی کے ایک کال سینٹر میں ملازمت شروع کردی تھی۔ کال سینٹر میں کام کرنےکے ساتھ ساتھ وہ ماڈلز کےطور پرکئی برانڈز کا پرموشن بھی کرتی تھیں۔ اسی دوران زرین فلم یوراج کےسیٹ پرگھومنے گئی تھیں۔ اسی فلم کے سیٹ پر سلمان خان نے زرین خان کو پہلی باردیکھا تھا اور انہیں بعد میں آفس بلایا، زرین کو فلم ویر(۲۰۰۹) کیلئےسائن کیا۔ زرین خان کے تعلق سے سلمان خان نےکہا تھا کہ ’’وہ اس پیاری سی شہزادی کی طرح لگ رہی تھیں جس کا کردار انہوں نے فلم ’ویر‘ میں ادا کیا تھا۔ ‘‘ اسکرین ٹیسٹ کے بعد زرین کوشہزادی یشودرا کا یہ رول دیا گیا۔ اس کیلئے انہوں نے ۸؍کلوگرام وزن بڑھایا تھا تاکہ وہ ۱۹؍ویں صدی کی شہزادی لگ سکیں۔ یہ فلم راجستھان کی پنڈاری تحریک پر مبنی تھی جو انگریزوں کے دور حکومت میں ۱۸۲۵ء میں چلائی گئی تھی۔ حالانکہ فلم ویر باکس آفس پر کامیاب ثابت نہیں ہوئی لیکن انہیں ناظرین اور ناقدین دونوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا سامنا رہا۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے ترن آدرش نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’زرین، کترینہ کیف کی طرح نظرآتی ہیں لیکن ان کے چہرے کےتاثرات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔ اس فلم میں اداکاری کیلئے انہیں زی سنے ایوارڈ کے ذریعہ بہترین نئی اداکارہ کے ایواڈر کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ 
زرین خان کو۲۰۱۱ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ریڈی میں ایک آئٹم نمبر...کیریکٹر ڈھیلا... میں کام کرنے کا موقع ملا۔ جس میں انہوں نے مغل اعظم، شعلے اور شری ۴۲۰؍ کے کرداروں کی نقل کی تھی۔ زرین خان نے اس گانے میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا جو فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ ۲۰۱۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ہاؤس فل۲؍ زرین کے کریئرکی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی لیکن انہیں کامیابی کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔ ہائوس فل کے سیکوئل کے طور پر بنائی گئی یہ فلم ملیالم فلم’مٹوپٹی مچان‘ کا ہندی ری میک تھی۔ یہ فلم دو کزن حنا اور بابی کے گرد گھومتی ہے جو کپور فیملی میں دو بھائیوں کی دو بیٹیاں ہیں۔ زرین نے جے لو کا کردار اداکیا تھا جس سے جگا ڈاکو کا بیٹا جولی یعنی رتیش دیشمکھ پیار کرتا ہے۔ اس فلم میں اکشے کمار، اسین، جان ابراہم اور جیکلن فرنانڈیس بھی اہم رول میں تھے۔ یہ فلم ۲۰۱۲ء میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل تھی۔ 
زرین خان ’اکثر۲‘، ۱۹۲۱ء‘، ’وجہ تم ہو‘، ’ہیٹ اسٹوری۳‘، ’ہاؤس فل۲؍‘ اور’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں۔ زرین خان کا بالی ووڈ کرئیرکوئی خاص نہیں چلا۔ زرین خان نے پنجابی فلموں کا رخ کیا اور وہاں کئی کامیاب فلموں میں بطور لیڈ اداکارہ کام کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK