منظم ہونا انتہائی موثر ہے کیونکہ یہ پیداواری صلاحیت کو بڑھاتا ہے، تناؤ کو کم کرتا ہے، توجہ کو بہتر بناتا ہے، اور مجموعی طور پر خود اعتمادی اور فیصلہ سازی کو بڑھاتا ہے۔ چیزوں کو ترتیب سے رکھنے کے یہ پانچ طریقے مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
(۱)ایک چیز کی جگہ طے کریں
ریموٹ، چابی، پین، چارجر... یہ چیزیں اکثر بکھری ہوئی ہوتی ہیں۔ انہیں تلاش کرنے میں وقت ضائع ہوتا ہے۔ اسلئے ہر چیز کی جگہ طے کریں۔ جب آپ جانتے ہیں کہ کون سی چیز کہاں ہے؟ تو ضرورت پڑنے پر اسے تلاش کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
(۲)واپس کہاں رکھنا ہے؟
ہر بار جب آپ کوئی شے اٹھائیں، تو ایک لمحہ رک کر خود سے پوچھئے، ’’اسے واپس کہاں رکھنا ہے؟‘‘ یہ مائنڈ فل طریقہ ہے۔ اس سے آپ کو چیزیں سنبھال کر رکھنے کی عادت ہوگی اور ساتھ ہی آپ کا سامان ترتیب سے رکھا ہوا ملے گا۔
(۳) اصول بنائیں
صرف آپ نہیں، اگر سبھی گھر والے اس عادت کو اپنائیں گے تو آپ کا گھر منظم نظر آئے گا۔ بچوں کو بھی اس میں شامل کریں۔ انہیں چھوٹی چھوٹی ذمہ داری دیں۔ اس سے آپ کو ہر چیز ترتیب سے ملے گی اور ہر شخص میں ذمہ داری کا احساس بھی پیدا ہوگا۔
(۴)سونے سے قبل یہ کام کریں
روزانہ رات کو سونے سے پہلے ایک منٹ نکالئے اور سب کچھ اپنی جگہ پر رکھ دیجئے۔ یہ عادت مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ اگلے روز جب آپ صبح بیدار ہوں گی تو ہر چیز آپ کو اپنی جگہ پر ملے گی اور آپ کو عین وقت کے ہنگامے سے بچا لے گی۔
(۵)خود کو شاباشی دیں
ہر بار جب آپ کوئی چیز اس کی طے شدہ جگہ پر رکھتی ہیں تو اپنے آپ کو ’شاباشی‘ دیں۔ کوئی ٹریٹ بھی دے سکتی ہیں۔ اس سے آپ خود کو حوصلہ بخشتی ہیں۔ ساتھ ہی گھر والوں کے تعاون کی بھی حوصلہ افزائی کریں تاکہ انہیں مزید بہتر کرنے کی ترغیب ملے۔