سیریز کی کہانی صرف ماورائی طاقتوں سے ٹکراتی نہیں بلکہ سائنس کے ذریعے اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش بھی کرتی ہے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 10:09 AM IST
سیریز کی کہانی صرف ماورائی طاقتوں سے ٹکراتی نہیں بلکہ سائنس کے ذریعے اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش بھی کرتی ہے۔
اندھیرا(Andhera)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: پریا باپٹ، کرن ویر ملہوترا، پراجکتا کولی، پروین دباس، سوروین چاولا، کیون دیو، آنند انگلے، جیروپ جیون، وتسل سیٹھ، موہت پرجاپتی، پرینکا سیٹیا
ڈائریکٹر: راگھو ڈار
رائٹر: راگھو ڈار، کر مانیا اہو جا، کرن انشومان، گورو دیسائی، اکشت غلڈییل، چنتن سردا
پروڈیوسر: فرحان اختر، کرن انشومان، قاسم جگما گیا، سرور خان، نیر ج سیٹھی، موہت شاہ، رتیش سدھوانی، کمار سمت
سنیماٹوگرافر: ہوئیانتساگ مہاپاترا
ایڈیٹر: منن اشون مہتا
ریٹنگ: ***
ہارر کے ساتھ ساتھ نفسیاتی مسائل اور سائنس اندھیرا کو خاص بناتےہیں ۔ ان دنوں بالی و وڈ ہی نہیں، او ٹی ٹی پر بھی’ ہارر کنٹنٹ ‘ نے اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ’خوف‘، ’چھوری۲‘ اور ’اندھار مایا‘ کے بعد ہدایت کار راگھو ڈار ’اندھیرا‘ کے نام سے ایک نئی ویب سیریز لے کر آئے ہیں، جو ہارر کو سسپنس اور تھرلر کے انداز میں پیش کرکے ناظرین کو معلوم اور نامعلوم کے درمیان ایک سنسنی خیز سفر پر لے جاتی ہے۔ یہ کہانی صرف ماورائی طاقتوں سے ٹکراتی نہیں بلکہ سائنس کے ذریعے اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش بھی کرتی ہے۔ سیریز میں خوف کا ماخذ صرف بھوت پریت نہیں بلکہ نفسیاتی دباؤ اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے پیدا ہونے والا ڈر بھی ہے۔ ناظرین خود کو ایک ایسے ماحول میں پاتے ہیں جہاں مافوق الفطرت عناصر، نفسیاتی دہشت اور ٹیکنالوجی کے خطرات ایک دوسرے میں الجھ کر سنسنی اور دہشت کا نیا امتزاج پیدا کرتے ہیں جس سے ہارر فلموں کے شوقین افراد ایک نئے تجربے سے دو چار ہوتےہیں۔
کہانی
کہانی ایک خوفناک منظر سے شروع ہوتی ہے جہاں بانی بروآ (جہانوی راوت) ڈاکٹر پرتھوی سیٹھ (پرنَے پچوری) سے ملنے کی ناکام کوششوں کے بیچ اچانک ڈراؤنے انداز میں غائب ہو جاتی ہے۔ کار حادثے میں پرتھوی کوما میں چلا جاتا ہے جبکہ اس کا بھائی جے (کرن ویر ملہوترا) ڈپریشن اور خوفناک خوابوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ بانی کی گمشدگی کا کیس انسپکٹر کلپنا کدم (پریا باپٹ) کے پاس آتا ہے اور تحقیقات کے بعد ساری کڑیاں پرتھوی اور اس کے بھائی جے تک جا پہنچتی ہیں۔ پریشان حال جے اپنے سوالات اور خوف کا سامنا کرنے کے لئے ماورائی تجربات پر پوڈکاسٹ کرنے والی رومی (پراجکتا کولی) کی مدد لیتا ہے۔
کلپنا کدم کا ایک دردناک ماضی ہے جو وقتاً فوقتاً اسے ستاتا ہے مگر ’آتما‘ نامی ہیونگ سینٹر چلانے والی سوروین چاولا کی قربت اسے سہارا دیتی ہے۔ اس کے باوجود جیسے جیسے کلپنا تفتیش میں آگے بڑھتی ہے، اسے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کیس صرف گمشدگی تک محدود نہیں بلکہ اس میں اور بھی گہری، سیاہ اور خوفناک پرتیں ہیں جو اندھیرے کے روپ میں لوگوں کو نگل جانے کو تیار ہے۔
ہدایت کاری
ہدایت کار راگھو ڈار ابتدائی ایپی سوڈ میں اندھیرے کو ایک خوفناک کردار کے طور پر پیش کر کے عنوان کو حقیقت میں ڈھالتے ہیں۔ بھاگتی دوڑتی چمچماتی ممبئی ڈراؤنی اور افسردہ دکھائی دینے لگتی ہے۔ اس کا تناؤ، آہستہ آہستہ ہونے والے انکشافات اور مرئی اور غیرمرئی کے درمیان بدلتے منظر ناظرین کو باندھے رکھتے ہیں مگر جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، مختلف ذیلی کہانیاں اسے الجھا دیتی ہیں۔ کہانی کے بنیادی خیال کو سمجھانے کے لئے کامک بک کا استعمال غیر ضروری سا لگنے لگتا ہے حالانکہ سنیماٹوگرافر ہوئیانتساگ مہاپاترا نے اپنی فلم بندی کے ذریعے خوفناک ماحول کو قائم رکھا ہے۔
اگرچہ۸؍ ایپی سوڈ پر مشتمل طوالت کبھی کبھار کھلتی ہے، پھر بھی یہ ایک ایسا نفسیاتی ہارر-تھرلر ہے جس میں ماورائی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سائنس کے غلط تجربات کو بھی سمیٹا گیا ہے۔ اے آئی اور اسپیشل ایفیکٹس نے اسے ہارر رنگ میں ڈھالا ہے۔
اداکاری
اداکاری کے لحاظ سے سیریز متاثرکن ہے۔ ذاتی صدموں اور پیشہ ورانہ زندگی کی چیلنجز کے بیچ جھولتی پولیس آفیسر کلپنا کے کردار کو پریا باپٹ نے بھرپور انداز میں نبھایا ہے۔ خوفناک خوابوں اور جرم کے احساس میں مبتلا میڈیکل اسٹوڈنٹ اور بھائی کے کردار کو کرن ویر ملہوترا نے بخوبی ادا کیا ہے۔ رومی کے کردار میں پراجکتا کولی اسکرین پر ہلکی سی راحت لے کر آتی ہیں۔
سور وین چاولا نے بھی اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کیا ہے۔ پرنَے پچوری، وِتسل سیٹھ، جہانوی راوت اور پروین دباس جیسے فنکاروں نے اپنی اپنی کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔
نفسیاتی، تھرلر اور ہارر کے شوقین افراد کے لئے پر ’اندھیرا‘ تفریح کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔