پنچایت کی کامیابی کے بعد اس طرح کی کہانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے، اس سیریزمیں طنز و مزاح نہیں بلکہ گائوں کے مسائل اور ان کے حل ہیں۔
EPAPER
Updated: August 03, 2025, 10:46 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پنچایت کی کامیابی کے بعد اس طرح کی کہانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے، اس سیریزمیں طنز و مزاح نہیں بلکہ گائوں کے مسائل اور ان کے حل ہیں۔
مٹی - ایک نئی پہچان
(Mitti - Ek Nayi Pehchaan)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون ایم ایکس پلیئر(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: اشواک سنگھ، شروتی شرما، الکا امین، دکشا جنیجا، پرنجل پتیریا،پیوش کمار، یوگیندر ٹیکو، شرت سونو، نکھل جیسوال
ڈائریکٹر: آلوک کمار دویدی، گگن جیت سنگھ
رائٹر: آکاش چائولا، نکھل سچن،ارونو جوائے سین گپتا
پروڈیوسر: آکاش چائولا، آلوک کمار دویدی، یوگیش کمبھار،ارونو
سنیماٹوگرافر: دھننجے نوگرہ
ایڈیٹر: ابھیجیت دیشپانڈے
پروڈکشن ڈیزائن: سوگت منڈل
میک اپ: منیش شرما
ریٹنگ:***
’پنچایت‘جیسی ویب سیریز کی زبردست مقبولیت کے بعد، ان دنوں گاؤں سے متعلق کہانیاں او ٹی ٹی پربڑی تعداد میں پیش کی جارہی ہیں۔ ’پنچایت‘کے چوتھے سیزن کے بعد اب پانچویں سیزن کااعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ’دوپہیہ‘اور’گرام چکتسالیہ‘ نے بھی اپنے دیہی ماحول، سیدھے سادے کرداروں اور کامیڈی سے سب کا دل جیت لیاہے۔ اس فہرست میں ایک نیا نام یعنی نئی ویب سیریز ’مٹی - ایک نئی پہچان‘شامل ہوگیا ہے، جس کی ہدایت کاری آلوک کمار اور گگن جیت سنگھ نے کی ہے۔ لیکن یہ ویب سیریز مزاح اور طنز نہیں کرتی ہے بلکہ ہیرو اشوک سنگھ کےخود کی دریافت کے سفر کے ذریعے گاؤں کے کسانوں کو جدید کاشتکاری سے آگاہ کرتی ہے۔ اس میں کسان اور کھیتی باڑی کو عزت دینے پر زور دیا گیا ہے۔
سیریز کی کہانی
کہانی کا ہیرو،راگھو شرما (اشواک سنگھ) اشتہارات کی دنیا میں کام کرنے والا ایک کامیاب نوجوان ہے، جو ہر روز اپنے نئے تصورات اور آئیڈیازکے ساتھ اپنی کمپنی کا پسندیدہ ملازم ہے۔ وہ اپنی لیو اِن پارٹنر استوتی (دکشا جونیجا) سے شادی کرنے والا ہے۔ وہ اپنےگاؤں سے بہت پیار کرتا ہے اور اسی لیے وہ اپنے ملک کو انڈیا کے بجائے بھارت کہنے کو ترجیح دیتا ہے۔ جب وہ اپنے دادا (یوگیندر ٹکو)کے انتقال کے بعد گاؤں آتا ہے، تو وہ اپنے بچپن کی یادوں میں کھو جاتا ہے، جہاں اس کے دادا اور دادی (الکا امین) نے اسے پالا تھا۔ گاؤں آنے کے بعد اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے دادا نے کاشتکاری کی جدید تکنیک اپنا کر فصل اگانے کے لیے بہت بڑا قرضہ لیاتھا لیکن نئی زرعی تکنیک کی ناکامی کی وجہ سے وہ کامیاب نہ ہو سکے اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ دادا کی وفات کے بعد ایک بہت بڑا قرض رہ گیا ہے۔ راگھو، جو اپنی مٹی سے جڑا ہوا ہے، شہر میں اپنی اچھی طرح سے قائم نوکری اور استوتی کے ساتھ دیکھے گئے خوابوں کو چھوڑ کر گاؤں میں اپنے دادا کے ادھورے کام کو مکمل کرنے کیلئےکام کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اس سفر میں اسے ناکامی، دل ٹوٹنے، دکھ، دھوکہ دہی، توہین جیسے کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، لیکن آخر کار وہ مہو (پیوش کمار) اور بیجو (پرانجل پٹیریا) کی مدد سے اپنے دادا کا مشن مکمل کرتا ہے۔ اس سفر میں اسے کریتکا شرما (شروتی سنہا) جیسی سرکاری افسر کا تعاون حاصل ہوتا ہے، جو زراعت اور کسانوں کے مفاد میں کام کرتی ہے۔
ہدایت کاری
ہدایت کار آلوک کمار اور گگن جیت سنگھ کی یہ ویب سیریز بہت سادہ اور آسان ہے۔ ایک طرح سے اس کا پورا ماحول دیہی زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ناظرین کوکسانوں کے مسائل اور بے بسی سے واقف کرواتا ہے، بلکہ زراعت کو فروغ دینے والی اسکیموں کی پول بھی کھولتی ہے۔ کسانوں کی حالت زار اور خودکشی کی خبروں کے درمیان یہ سیریزجدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے کسانوں کو آگاہ کرنے کا کام کرتی ہے۔ تاہم،’ملک بدل رہا ہے‘کا نعرہ قدرے مبالغہ آمیز لگتا ہے۔ یہ سیریزحقیقی لوگوں سے متاثر ہے جنہوں نے جدید زرعی تکنیک کے ذریعے انقلاب برپا کیا۔ اس کےکچھ حصے دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں زبردستی طول دیا گیا ہے۔ کھیتی باڑی کے نمائشی مناظر اور سیاسی ڈرامے کو کم کیا جاسکتاتھا۔ لیکن آخر میں یہ پیغام دینا نہیں بھولتا کہ ہم جس طرح کنکریٹ کے جنگلوں میں آنکھیں بند کر کے بھاگ رہے ہیں اس کا انجام کیا ہے؟ اگرچہ، ایکشن اور تیز رفتار مواد کو پسند کرنے والوں کو یہ سیریز سست لگ سکتی ہے، لیکن یہ یقینی طور پر چند لمحوں کے لیے توقف کرنےاور زندگی کی ہلچل میں خود کو دیکھنے پر زور دیتا ہے۔
اداکاری
اداکاری کی بات کریں تو اشواک سنگھ ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنے کردار راگھو شرما میں جان ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کھیتی باڑی کے لیے جدوجہد کرنے والے کسان میں تبدیلی کو بہت اچھے طریقے سے پیش کیا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ سادہ اور دیہاتی کہانیوں کے شوقین ہیں، تو آپ اس ویب سیریز کوامیزون ایم ایکس پلیئرپر دیکھ سکتے ہیں۔