Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپیشل آپس ۲: عمدہ سلسلے کی سیریز جو مزید عمدگی سے بنائی گئی ہے

Updated: August 10, 2025, 11:26 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کووڈ کے دوران پیش کئے گئے اسپیشل آپس کا تیسرا سیزن جس میں خفیہ آپریشنز انجام دینے والے افسران کی اندرونی کہانی پیش کی گئی ہے۔

KK Menon can be seen in a scene from the web series `Special Ops 2`. Photo: INN.
ویب سیریز’اسپیشل آپس۲‘ کے ایک منظرمیں کے کے مینن کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

اسپیشل آپس ۲(Special OPS 2)
اسٹریمنگ ایپ: جیو ہاٹ اسٹار(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: کے کے مینن، کرن ٹکر، گوتمی کپور، مذمل ابراہیم، سیامی کھیر، پرمیت سیٹھی، ونے پاٹھک، ریوتی پلئی، عارف زکریا
ڈائریکٹر: شیوم نائر، نیرج پانڈے
رائٹر: بینظیر علی فدا، کرن کنگرانی، نیرج پانڈے
پروڈیوسر: نیرج پانڈے، آؤچ، شیتل بھاٹیا، دیپک گائوڑے
سنیماٹوگرافر: اروند سنگھ، ڈیمو پوپوف
ایڈیٹر: کتھی کولوتھ پروین
پروڈکشن ڈیزائن: سندیپ شرد رواڈے، مندار ناگائونکر
آرٹ ڈائریکٹر: باجی پاٹل
کاسٹیوم ڈیزائن: فالگونی ٹھاکور
ریٹنگ:****
ہدایت کار نیرج پانڈے، جو جاسوسی تھرلرز کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، نےکوروناکے دور میں ہندوستانی ناظرین کو’اسپیشل آپریشنز‘کی دنیا سے متعارف کرایا۔ ایک بہترین موضوع پر بنی اس بہترین ویب سیریزکو۲۰۲۰ءمیں بھی خوب پسند کیاگیاتھا۔ اس کی کامیابی کا اثر یہ ہواکہ نیرج نے اگلے ہی ۲۰۲۱ءمیں اس کاپریکوئل اسپیشل آپس ۱ء۵؍ریلیز کیا۔ تاہم ویب سیریز کی دنیا میں اس طرح کے پریکوئل کا رجحان بہت کم ہے۔ نیرج کا اصل امتحان اس شو کے دوسرے سیزن کی کہانی کی تلاش میں شروع ہوا جس میں انہیں کئی سال لگے۔ 
سیریز کی کہانی
۷؍ ایپی سوڈپرمشتمل اس ویب سیریز یعنی اسپیشل آپس ۲؍کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں سے اس کا پہلا سیزن ختم ہوا تھا۔ تاہم، اس کے بعدسےچیزیں بہت بدل چکی ہیں۔ ملک کی پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والےپاکستانی ملزم کو مارنے والے ہمت سنگھ (کے کے مینن) کو اس بارپڑوسی ملک چین کی سازش سے نمٹنا ہے۔ اس نئے سیزن میں جاسوسوں کی جنگ میں ٹیکنالوجی، اے آئی اور سائبر وارفیئر کا بھی اہم کردار ہے۔ 
ہندوستان کےاعلیٰ اے آئی سائنسداں ڈاکٹر پیوش بھارگو (عارف زکریا)کو یورپ میں اغوا کر لیاگیاہے۔ جبکہ انٹیلی جنس ایجنٹ شیخاوت کو دہلی میں قتل کر دیا گیا ہے۔ ان کی ریٹائرمنٹ سے چند ماہ قبل ہمت سنگھ کو ان دونوں معاملات کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے جو ایک دوسرے سےجڑے ہوئے ہیں۔ اس سب کے پیچھے سدھیر اوستھی عرف کلکٹر (طاہر راج بھسین) کا ہاتھ ہے۔ پچھلے سیزن میں ہمت سنگھ نےاپنے ایجنٹ فاروق (کرن ٹکر) کو رہا کر دیا ہے جو نیپال میں پکڑاگیاتھا۔ ہمت سنگھ اپنے ساتھیوں کی ٹیم کے ساتھ اس نئے’اسپیشل آپریشن‘ میں مصروف ہیں۔ لیکن کیا وہ سائنسداں بھارگو کو بچانے اور ملک کے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہیں گے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو سیریز دیکھنا پڑے گی۔ 
ہدایت کاری
بہت سی دوسری ویب سیریزکےسیزن۲؍کی طرح، ہدایت کار نیرج پانڈے نے اپنی سیریز’اسپیشل آپس۲‘کا کینوس کافی بڑا بنایا ہے۔ اس کے ذریعے وہ ناظرین کو ملک کو درپیش ایک بڑے خطرے سےآگاہ کرتے ہیں۔ شروع میں، تقریباً ایک گھنٹے کے۲؍ ایپی سوڈ آپ کو اس کے کرداروں اور کہانی سے متعارف کراتےہیں۔ اس کے بعدکہانی بہت سے نئے موڑ لیتی ہے اور آخر تک آپ کومشغول رکھتی ہے۔ تاہم بہت سے ذیلی پلاٹوں کی وجہ سےناظرین کی توجہ ایک یا دو باربھٹک بھی جاتی ہے۔ اس کے باوجود ویب سیریز کا اسکرین پلے مضبوط ہے جو آپ کو تقریباً۶؍گھنٹے طویل سیزن کو مکمل طور پر دیکھنے پر مجبور کرتا ہے۔ 
پچھلی بار کی طرح ہمت سنگھ کے کردار نے سیریز کو اپنے کاندھوں پربہت خوبصورتی سےسنبھالا ہوا ہے۔ وہ ملک دشمنوں کے ساتھ اپنے خاندان کی ذمہ داریوں میں بھی الجھا ہوا ہے۔ اسے اپنا سچ معلوم ہونےپر اپنی بیٹی پری کوکھودینےکاڈر بھی ہے اس لئے وہ اس تعلق سے بھی سنبھل سنبھل کر کام کرتا ہے۔ اس نئے سیزن میں پرکاش راج کا کردار بھی دلچسپ ہے۔ 
اداکاری
اداکاری کی بات کریں توکےکے مینن ہمیشہ کی طرح بہترین ہیں۔ وہ پیشہ ورانہ سے ذاتی محاذتک فرنٹ فٹ پر بیٹنگ کرتے نظر آتےہیں۔ طاہر راج بھسین بھی اس سیزن میں ولن کے طور پر انٹری کرچکےہیں اوروہ جیسے چھا گئےہیں۔ انہوں نےشاندار کام کیا ہے۔ 
کرن ٹیکر پچھلے سیزن کی طرح مضبوط ہیں، جب کہ ونے پاٹھک، گوتمی کپور، سیامی کھیر اور عارف زکریا جیسے ساتھی اداکاروں نے بھی اچھا کام کیاہے۔ شو کے مقامات سے لے کر کیمرہ ورک تک سب کچھ حیرت انگیز ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ اسپیشل آپس سیریز کے مداح ہیں، توآپ اسے یقینی طور پر نہ صرف اسے دیکھ سکتے ہیں بلکہ آپ اسے ایک ہی مرتبہ میں پوری سیریز ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK