وشاکھا پٹنم سے قریب واقع اس ہل اسٹیشن میں آپ کو کئی خوبصورت آبشار،غار اور پہاڑیوں کے علاوہ قبائلی ثقافت کی جھلک مل جائے گی۔
EPAPER
Updated: August 06, 2025, 11:50 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
وشاکھا پٹنم سے قریب واقع اس ہل اسٹیشن میں آپ کو کئی خوبصورت آبشار،غار اور پہاڑیوں کے علاوہ قبائلی ثقافت کی جھلک مل جائے گی۔
اگر آپ ہجوم سے بھری شہری زندگی سے فرار چاہتے ہیں، اگر آپ فطرت کی بانہوں میں کچھ لمحے گزارنے کے خواہاں ہیں، اگر سبز پہاڑ،کہر آلود فضا، کافی کے خوشبو دار باغات اور قدیم قبائلی ثقافتیں آپ کو لبھاتی ہیں توپھر آپ کودل و دماغ کو سکون پہنچانے والے ایک اہم مقام ’اراکو وادی‘ ضرور جانا چاہئے۔ آندھرا پردیش کے مشرقی گھاٹ میں واقع یہ حسین وادی، قدرت کا ایک ایسا مظہر ہے جو کم معروف ہونے کے باوجود ناقابلِ فراموش ہے۔
دلکشی
اراکووادی ایک معتدل آب و ہوا، گھنے جنگلات، کہر میں لپٹے پہاڑ، بانس کے جنگلات، اور کافی کی خوشبو سے لبریز ایک دلکش علاقہ ہے۔یہاں کی فضا میں ایک طرح کی ’قبائلی ثقافت‘ کی جھلک ہے،جو وادی کی روح ہے۔ یہاں کے ’بوگا پُرو‘،’کونڈا دورا‘ اور دیگر قبائلی گروہ آج بھی اپنی مخصوص تہذیب اوررسم و رواج کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
بورا غار
وشاکھا پٹنم سےاراکوکے راستے میں واقع یہ غارتقریباًایک ملین سال پرانی ہیں اور چونے کے پتھروں کی قدرتی کاریگری کا ایک نادر نمونہ ہیں۔ ان غاروں میں عجیب و غریب ساخت کے اسٹیلاکٹائٹ اوراسٹیلاگمائٹ موجود ہیں جو ہاتھی، شیو لنگ، ناگ اور انسانی شکلوں میںدکھائی دیتے ہیں۔
قبائلی کافی میوزیم
یہ عجیب و غریب عجائب گھر صرف کافی پر مبنی نہیں بلکہ یہاں ’اراکو کی قبائلی زندگی، ان کی زراعت، رقص، رسم و رواج کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے۔ یہاں آپ قبائلی آرٹ، پینٹنگز اور روایتی اشیاء بھی دیکھ سکتے ہیں۔
چپرائی آبشار
پہاڑوں کے درمیان بہتا ہوا یہ شفاف، ٹھنڈا اور دلکش آبشار، اراکو کے اہم قدرتی حسن کا حصہ ہے۔ اس کا پانی ایک چٹانی بہاؤ سے گزر کر ایک قدرتی تالاب میں گرتا ہے۔ یہاں لوگ تیراکی، فوٹوگرافی اور آرام کے لیے آتے ہیں۔
ٹائیڈا کیمپ
یہ ایک ایڈونچر کیمپ ہے جو جنگلاتی ماحول، پرندوں کی آواز، قدرتی زندگی اور خیمہ نشینی(کیمپنگ)کے شوقین افراد کے لیے ہے۔ یہاں آپ ہائیکنگ، برڈ واچنگ، ٹریکنگ، اور تیر اندازی جیسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔
پدمپورم گارڈن
اراکو کی اس مشہور بوٹینیکل گارڈن میں رنگ برنگے پھول، نایاب پودے، ہینگنگ کوٹیجز (درختوں پر بنے کمرے)، اور ایک منی ٹرین شامل ہے جو پورے گارڈن کا چکر لگاتی ہے۔ یہ جگہ بچوں اور قدرتی مناظر پسند کرنے والوں کیلئے خاص کشش رکھتی ہے۔
ڈمبا چیک پوسٹ
یہاں سے آپ پورے اراکو وادی کا ہوائی نظارہ کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر سورج غروب ہوتے وقت یہ مقام ایک رومانوی خواب کی مانند لگتا ہے۔
سانگرا آبشار
سانگرا آبشار وادی اراکو میں دیکھنے کے لیے بہت مشہور ہے۔ جو سنگرہ نامی ایک چھوٹے سے گاؤں میں واقع ہے۔ یہ گاؤں منچنگ پٹ منڈل کا ایک اہم حصہ ہے۔
کٹیکا آبشار
کٹیکا آبشار وادی اراکو میں ایک اہم سیاحتی مقام ہے، جس کا نام کٹیکی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ کٹیکا آبشار کی اونچائی تقریباً ۵۰؍فٹ ہےاور بورا غاروں سے۴؍کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے۔ کٹیکی آبشار گوستھانی ندی پر بنی ہے۔ اس آبشار کو وادی اراکو کے سب سے پرکشش آبشار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ آبشار ٹریکنگ کے لیے بھی بہت مشہور ہے۔
اننت گری ہلز
اننت گری ہلز اراکو کی وادی میں ایک اہم سیاحتی مقام قرار دیا جاتا ہے۔اننت گری ہلز اپنےکافی کے باغات کیلئےسب سے زیادہ مشہور ہے۔جب آپ وشاکھاپٹنم سے وادی اراکو جائیں گے تو آپ کو راستے میں یہ ویگنیں ملیں گی۔ اننت گری ہلز وقارآباد سے۶؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔