Inquilab Logo Happiest Places to Work

نظام آباد: باندھ، تاریخی قلعوں اورعظیم جنگلات کا گہوارہ

Updated: July 30, 2025, 11:50 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

حیدرآباد کی نظام حکومت میں اسےفروغ دیا گیاجس کی وجہ سے آج یہ تلنگانہ کاایک اہم شہر قرار دیا جاتا ہےجہاں کئی مقامات قابل دید ہیں۔

A picturesque view of Ali Sagar Lake. Photo: INN
علی ساگر جھیل کا دلکش نظارہ۔ تصویر: آئی این این

تلنگانہ کی سرزمین اپنے دامن میں کئی نادر و نایاب خزانوں کو سمیٹے ہوئے ہے، مگر ان میں بھی نظام آباد ایک الگ ہی حیثیت رکھتا ہے  نہ صرف اپنی تاریخی عظمت کی وجہ سے بلکہ اپنے قدرتی حسن، ثقافتی رنگینی اور روحانی فضاؤں کی بنا پر بھی۔ یہ شہر نہ صرف سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے بلکہ محققین، تاریخ کے طالبعلموں اور فطرت سے محبت رکھنے والوں کو بھی دعوتِ نظارہ دیتا ہے۔
تاریخی پس منظر
 حیدرآباد کے نظام میرعثمان علی خاں نے اس شہرپرخاص توجہ دی، اور اسی نسبت سےاسے ’نظام آباد‘ کہا جانے لگا۔ شہر میں نظاموں کی تہذیب، تعمیرات اور طرزِ حکومت کی جھلک آج بھی جگہ جگہ نظر آتی ہے۔ اس کا قیام اگرچہ قدیم ہے، لیکن یہ نظامی دورِ حکومت میں خوب پھلا پھولا۔
علی ساگر جھیل 
 علی ساگر جھیل نظام آباد کےپرکشش مقامات میں سے ایک ہےجو ایک مثالی پکنک اسپاٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔علی ساگر اور نظام آباد کے درمیان تقریباً ۱۵؍کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ نظام آباد کے اہم پرکشش مقامات میں ڈیئر پارک، خوبصورت جھیل اور۳۳؍ایکڑ کا ایک بہت بڑا باغ ہے جو سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ سیاح علی ساگر جھیل میں کشتی رانی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہاں سےآپ مشہور نظام آباد قلعہ دیکھ سکتے ہیں۔
نظام آباد قلعہ 
 نظام آباد قلعہ نظام آباد کی اہم تاریخی یادگاروں میں سے ایک ہے،جو نظام آباد بس اسٹینڈسےتقریباً۳؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔یہ قدیم قلعہ راشٹرکوٹ بادشاہوں نے بنایا تھا اور اس پرکشش قلعےپر علاءالدین خلجی نے قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد اس قلعے پر قطب حکمرانوں اور آخر میں مغلوں کی حکومت رہی۔ نظام آباد کے اہم مقامات میں سے ایک یہ قلعہ تقریباً ۳۰۰؍میٹر کی بلندی پرخوبصورت پہاڑی پر واقع ہے۔یہ قلعہ ہمیں۱۰؍ویں صدی میں لے جاتا ہے۔قلعے کی فصیل سے پورے شہر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
نظام ساگر ڈیم
 نظام آبادکامشہور مقام نظام ساگرسیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے اور یہ نظام آبادسےتقریباً۷؍کلومیٹرکے فاصلے پر جنوب مغربی سمت میں اچمپیٹ نامی گاؤں میں واقع ہے۔یہ ڈیم گوداوری کی معاون ندی منجیرا ندی پر بنایا گیا ہے۔ڈیم کے دونوں اطراف پرکشش باغات ہیں جو یہاں آنے والے سیاحوں کے آرام کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ کشتی کی سواری اس ڈیم کا بنیادی زیور ہے۔
 پوچارم وائلڈ لائف سینکچری
 پوچارم وائلڈ لائف سینکچری، نظام آباد میں دیکھنے کے لیے ایک مشہور جگہ ہے،جو ۱۳۰؍مربع کلومیٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی ہے۔ پوچارم وائلڈ لائف سینکچری ۱۹۵۲ءمیںقائم کی گئی تھی۔ یہ پارک پوچارم جھیل کے کنارےبنایا گیا تھا اور پوچارم ڈیم ۱۹۱۶ءسے ۱۹۲۲ء کے درمیان دریائے آلار پر بنایا گیا تھا۔ پوچارم وائلڈ لائف سینکچری دیکھنے کیلئے سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ یہ جگہ قدرتی خوبصورتی، ٹریکنگ اور پرکشش گھنے جنگل کیلئے مشہور ہے۔اسے پہلےنظام کے شکار گاہ کے طور پر جانا جاتا تھا۔
ملارام جنگل
 نظام آبادمیںدیکھنے کے لائق جگہ، ملارام جنگل اپنی خوبصورتی اورقدرتی ماحول کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس کاسرسبز و شاداب قدرتی ماحول، خوشبودار ہوا اسے نظام آباد کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک بناتی ہے۔ یہ نظام آباد شہر سے تقریباً ۷؍ کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغربی سمت میں واقع ہے۔ یہاں موجود چٹانیں ایک ارب سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ ملارام جنگل کےاہم پرکشش مقامات میں دلچسپ جنگلاتی ٹریکس، پگوڈا، ویو پوائنٹس وغیرہ شامل ہیں۔
دوماکونڈہ قلعہ
 دوماکونڈہ قلعہ، نظام آباد شہر کے آس پاس کے اہم مقامات میں سےایک ہے اوراپنی پرکشش ساخت کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتاہے۔ ڈوماکونڈہ قطب شاہی اور آصف جاہی کے ماتحت ایک شاہی ریاست ہوا کرتی تھی۔ڈوماکونڈا قلعہ ریڈی حکمرانوں نے ۱۸؍ویں صدی میں تعمیر کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK