Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھلیشورمارکیٹ : ملبوسات اور ہر طرح کی جویلری کیلئے بہترین مقام

Updated: August 11, 2026, 12:54 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

شادیوں کی خریداری کیلئے یہاں ہرضروری چیزمناسب قیمت پر دستیاب ہے، جنوبی ممبئی کے اس مارکیٹ میں کئی دکانیں دہائیوں پرانی ہیں۔

In Bhuleshwar Market, alongside a wide variety of clothing and jewelry, you can find dupattas, bridal shoes, and all other wedding-related decorative accessories. Picture: INN
بھلیشور مارکیٹ میں ملبوسات اور جویلری کی متعدد اقسام کے علاوہ دوپٹے،برائیڈل شوز اورشادیوں میں سجاوٹ کے دیگر سبھی لوازمات مل جائیں گے۔ تصویر: آئی این این

بھُلیشور مارکیٹ جنوبی ممبئی کے پرانے مارکیٹس میں شمار ہوتا  ہے۔یہاںکئی مقامی کاروبار ہیں جو  دہائیوں سے چل رہے ہیں۔  یہاںکچھ یادگار عمارتیں بھی ہیں۔یہ مارکیٹ شاندار ہے۔یہاں ملبوسات سے لےکرہرطرح کی چھوٹی بڑی ، اصلی اور امیٹیشن جویلری کی متعدد اقسام دستیاب ہیں۔ مارکیٹ صبح ۸؍ بجےسے رات ۹؍ بجے تک کھلا رہتا ہےالبتہ کچھ دکانیںاتوار کو بند رہتی ہیں۔

کیسے پہنچیں:قریب ترین ریلوے اسٹیشن مرین لائنز (ویسٹرن لائن) اورسی ایس ایم ٹی (سینٹرل لائن)  ہے جہاں سے بھولیشور مارکیٹ تک پہنچنے میںدس بارہ منٹ لگتے ہیں۔

پی ایس ٹیکسٹائل کا ہاؤس آف فیبرک 

بھولیشور مارکیٹ میں یہ دکان ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو شا دیوں کے موقع پرلہنگے خریدنا چاہتے ہیں۔ یہاں مردوخواتین کیلئے کپڑوں کی وسیع اقسام دستیاب ہیںجن میں سوتی، ریشم، ململ، ساٹن، شیفون اور بہت کچھ۔ قیمتیں مناسب ہیں، سادہ کپڑوں کی قیمت۵۰؍ روپے فی میٹر سے شروع ہوتی ہے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں آپ اپنے منتخب کردہ کپڑے بغیر کسی اضافی قیمت کے رنگوا بھی  سکتے ہیں۔قابل ذکر ہےکہ یہاںکپڑوں کے دام ۵۰؍روپے فی میٹر سے شروع ہوتے ہیں۔

دلہن

شادی بیاہ کے موقع پر بھلیشور مارکیٹ دلہنوں کیلئےکپڑوں اور زیورات میںکئی ویرائٹیز پیش کرتا ہے۔ ’دلہن‘ زیورات کی دکان ہے۔  یہاںچوڑیاں، کندن، یہاں تک کہ امریکی ہیروں کے زیورات کا  اچھاکلیکشن موجود ہے۔ قابل ذکر ہےکہ یہاں زیورات کی قیمت کم از کم ۶۰۰؍روپے سے شروع ہوتی ہے۔

شری گنیش چنری سینٹر

شادیوںکے موقع دوپٹہ کیلئےشری گنیش چنری سینٹر ایک  اچھی جگہ ہے۔ اوڑھنی اوردوپٹوں کا یہاںوسیع ذخیرہ موجود ہےاورہر طرح کے رنگ اور ڈیزائن  میں دستیاب  ہے۔دوپٹوںکی قیمت یہاںکم از کم ۳۵۰؍روپےسے شروع ہوتی ہے۔

گڈی کلیکشن 

گڈی کلیکشن میں بچوں کیلئے مختلف اقسام کے کپڑے دستیاب ہیں۔ یہ دکان چھوٹے بچوں کے لیے رنگ برنگے ملبوسات سے بھری پڑی ہے۔ یہاں ہرطرح کے فیشن کے کپڑے اورجیکٹ وغیرہ مل جائیں گے۔کپڑوں کی قیمت یہاںکم از کم ۵۰۰؍ روپے سے شروع ہوتی ہے۔

نکوڈافیسٹیویٹیز

شادیوںکے سیزن میںجب سجاوٹ کےسامان خریدنے کی بات آتی ہے تونکوڈا فیسٹیویٹیز ایک بہترین جگہ ثابت ہوسکتی ہے۔ یہاںاسٹیج اور ٹیبل کے پردوںاور سجاوٹ کیلئے استعمال ہونے والے چھوٹے بڑے دیگر رنگین سامان ولوازمات کابھرپور کلیکشن دستیاب ہے۔سامان کی قیمت یہاںکم از کم ۶۰۰؍روپے سے شروع ہوتی ہے۔

شگون فٹ ویئر

ملبوسات کے ساتھ میچ کرنے وا لے صحیح چپل ، جوتی اور سینڈل مل جائیں توکیا کہنے !بھلیشور مارکیٹ میں شگون فٹ ویئر ایسی ہی تلاش کی منزل ثابت ہوسکتی ہے۔یہاںبرائیڈل شوز کا بھی اچھا کلیکشن موجود  ہے۔ قیمت کم ازکم ۷۰۰؍ سے شروع ہوتی ہے اور ڈھائی سے ساڑھے ۳؍ ہزارتک کےبھی شوز اور سینڈل موجود ہیں۔

کچھ مزید خاص باتیں 

دیکھا گیا ہےکہ بھلیشور مارکیٹ میں بالیاں صرف ایک روپے میں فروخت ہوتی ہیں۔ جگن امپیکس نامی دکان میں بعض بالیاں  ایک روپے سے لے کر۲۵؍ روپے میں ملتی ہیں۔ دیگر زیورات بھی انتہائی سستی قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ کنگن صرف۱۲؍ روپے میں اور اسٹون ۱۵؍ روپے میں خریدے جا سکتے ہیں۔مہنگائی کی وجہ سے ہر شے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کے بعد مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تاہم بھولیشور مارکیٹ میں کوئی بھی اپنے لئے مختلف تھوک قیمتوں پر زیورات خرید سکتا ہے۔ ممبئی واطراف سے لوگ یہاں شادی کی انگوٹھیاں خریدنے بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK