• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جینز لیکوانے ہیمنت: پیرس کے فیشن اور ہندوستانی دستکاری کا حسین امتزاج

Updated: November 24, 2026, 12:53 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

یہ مشہور انڈو فرنچ فیشن ہاؤس ’لیکوانے ہیمنت‘ کی پیشکش ہے، اس کے بانی فرانسیسی ڈیزائنر دیدیے لیکوانے اور ہندوستانی نژاد ڈیزائنر ہیمنت ساگر ہیں۔

The image shows the exterior view of the `Jeans Lequane Hemant` store located at Phoenix Palladium Mall in Lower Parel. Photo: INN
زیر نظر تصویر میں لوئرپریل کے فینکس پلاڈیم مال میں واقع جینز لیکوانے ہیمنت کے اسٹور کا بیرونی منظر۔ تصویر: آئی این این

فیشن کی دنیا میں کچھ برانڈز ایسے ہوتے ہیں جو محض لباس تیار نہیںکرتے بلکہ اپنے ڈیزائن، معیار اور تخلیقی سوچ کے ذریعے ایک الگ شناخت قائم کرتے ہیں۔ ’جینز لیکوانے ہیمنت‘ (Genes Lecoanet Hemant) بھی ایسا ہی ایک فیشن برانڈ ہے، جس کی بنیاد فرانسیسی فیشن کی نفاست اور ہندوستانی دستکاری کی خوب صورتی پر رکھی گئی ہے۔ اس برانڈ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مغربی طرزِ لباس کو ہندوستانی ثقافت، روایتی ہنرمندی اور جدید طرزِ زندگی کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پیش کرتا ہے۔

آغاز کی کہانی

اس برانڈ کی کہانی ۱۹۷۹ءسے شروع ہوتی ہے، جب دیدیے لیکوانے اور ہیمنت ساگر کی ملاقات پیرس کے معروف فیشن ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ہوئی۔ فیشن اور ملبوسات کے ڈیزائن میں دونوں کی دلچسپی نے انہیں ایک دوسرے کے قریب کیا اور جلد ہی انہوں نے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

۱۹۸۱ءمیںدونوں نے پیرس میں اپنا فیشن ہاؤس ’لیکوانے ہیمنت‘ قائم کیا۔ اسی سال انہوں نے پیرس کے مشہور علاقے ریو ڈو فیبور سینٹ اونورمیں اپنا پہلا اسٹور بھی کھولا۔ یہ علاقہ اپنے اعلیٰ درجےکے فیشن ہاؤسیزاور لگژری برانڈز کے لیے دنیا بھر میں معروف ہے۔یہاں اپنی موجودگی درج کرانا اس بات کا ثبوت تھا کہ دونوں ڈیزائنرزبین الاقوامی فیشن کی دنیا میں ایک مضبوط مقام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ان کی تخلیقات میں فرانسیسی فیشن کی نفاست، جدید طرزِ تراش خراش اور باریک کاریگری نمایاں تھی۔ جلد ہی ان کا شمار پیرس کے معروف ڈیزائنرز میں ہونے لگا۔ ان کے تیار کردہ ملبوسات نے شاہی خاندانوں، ممتاز شخصیات اور فیشن کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کی۔ ان کے کام کو لندن کے وکٹوریہ اینڈ البرٹ میوزیم اور جرمنی کے ڈوئچس ہسٹوریشس میوزیم جیسی معروف ثقافتی اور تاریخی نمائش گاہوں میں بھی جگہ ملی۔ 

ہندوستان میں نئی پہچان

لیکوانے ہیمنت نے پیرس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنایا۔۲۰۱۵ءمیں اپنے فیشن ہاؤس کے ۳۵؍سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ڈیزائنرز نے ’جینز‘ کے نام سے ایک نئی ریڈی ٹو وئیر لائن متعارف کرائی۔ اس کا مقصد اعلیٰ درجے کے فیشن کو زیادہ وسیع صارفین تک پہنچانا تھا۔ اب تک ان کا بنیادی کام مخصوص اور اعلیٰ قیمت والے ڈیزائنر ملبوسات تک محدود تھا، لیکن جینز کے ذریعے انہوں نے ایسے افراد کو بھی اپنی تخلیقات سے متعارف کرانے کی کوشش کی جو جدید، نفیس اور معیاری لباس پسند کرتے ہیں، لیکن ہر موقع پر انتہائی مہنگے ڈیزائنر ملبوسات خریدنا ان کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھئے: گلوبل دیسی: ہندوستانی رنگوں اور جدید مغربی فیشن کا خوبصورت امتزاج

یہاں کیا ملتا ہے

جینز کےکلیکشن کو مردوں اور خواتین دونوں کی ضروریات اور پسند کو سامنے رکھ کر تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے ملبوسات میں شرٹس، ٹراؤزرز، جیکٹس، ٹاپس، ڈریسز، اسکرٹس، کُرتے اور دیگر جدید طرز کے لباس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مواقع کیلئے مخصوص ملبوسات اور فیشن کے لوازمات بھی پیش کیے جاتے ہیں۔برانڈ کی ڈیزائننگ میں روایتی اور جدید انداز کا امتزاج نمایاںہے۔اس کے ملبوسات میں کہیں سادہ اور نفیس رنگوں کا استعمال دکھائی دیتا ہے تو کہیں شوخ رنگ، منفرد پرنٹس اور دلکش کڑھائی توجہ حاصل کرتے ہیں۔ خاص طور پر اس کےجیکٹس، منفرد تراش خراش والےشرٹس، جدید ڈریسز اور کڑھائی والے ملبوسات برانڈ کی تخلیقی سوچ کے عکاس ہیں۔

ممبئی میں موجودگی

ممبئی میں اس کا اسٹور لوئر پریل کے مشہور فینکس پیلاڈیم مال کی تیسری منزل پر واقع ہے۔اس کے علاوہ نئی دہلی کے علاقے سلطان پور میں بھی اس کا اسٹور موجود ہے۔ کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ پر ان دونوں اسٹورز کے پتے درج ہیں۔ اس کے علاوہ آپ چاہیں تواس کی مصنوعات آن لائن بھی خرید سکتے ہیںجو اس کی www.geneslecoanethemant.com/ اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK