• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گلوبل دیسی: ہندوستانی رنگوں اور جدید مغربی فیشن کا خوبصورت امتزاج

Updated: November 17, 2026, 10:16 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

اس کے ملبوسات میں شوخ رنگ، پھولوں کے نقش و نگار، روایتی ہندوستانی چھاپ، دلکش ڈیزائن اور جدید طرز کی تراش خراش نمایاں ہوتی ہے۔

Shop.Photo:INN
دکان۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی فیشن کی دنیا میں کئی ایسے برانڈز موجود ہیں جنہوں نے روایتی ملبوسات کو جدید اندازمیں پیش کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ ’گلوبل دیسی‘بھی ایسا ہی ایک برانڈ ہے، جس نے ہندوستانی رنگوں، روایتی پرنٹس اور ثقافتی ورثے کو مغربی فیشن کے ساتھ ملا کر خواتین کے لیے ایک منفرد طرزِ لباس متعارف کرایا۔ اس برانڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ملبوسات میں ہندوستانی تہذیب کی جھلک بھی نظر آتی ہے اور جدید دور کی خواتین کی پسند اور طرزِ زندگی کا خیال بھی رکھا جاتا ہے۔گلوبل دیسی خاص طور پر نوجوان اور فیشن سے دلچسپی رکھنے والی خواتین کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ملبوسات میں شوخ رنگ، پھولوں کے نقش و نگار، روایتی ہندوستانی چھاپ، دلکش ڈیزائن اور جدید طرز کی تراش خراش نمایاں ہوتی ہے۔ برانڈ خود اپنے انداز کو ’بوہو شِک‘ کہتا ہے، جس میں آزاد خیالی، رنگا رنگی اور مختلف ثقافتوں کے فیشن کا امتزاج ملتا ہے۔
کچھ باتیں برانڈ کے بارے میں
گلوبل دیسی کا تعلق ہندوستان کی معروف فیشن ڈیزائنر انیتا ڈونگرے کے فیشن گروپ ’ہاؤس آف انیتا ڈونگرے‘ سےہے۔ انیتا ڈونگرےنے ہندوستانی خواتین کے لیے ایسے ملبوسات تیار کرنے کی کوشش کی جو جدید طرزِ زندگی کے مطابق ہونے کے ساتھ ہندوستانی ثقافت سے بھی جڑے رہیں۔
انیتا ڈونگرے نے۱۹۹۵ءمیںاپنے فیشن کاروبار کی بنیاد رکھی تھی۔ اس سفر میں ان کے ساتھ مینا سہرا اور مکیش ساولانی بھی شامل تھے۔ابتدائی طور پر ان کا مقصد ہندوستانی خواتین کو ایسے ملبوسات فراہم کرنا تھا جن میں مغربی فیشن کی خوبیاں بھی ہوں اور پہننے میں آرام دہ بھی ہوں۔ بعد میں اس کاروبار نے مختلف برانڈز کی شکل اختیار کی، جن میں ’اے این ڈی‘ (AND)، ’گلوبل دیسی‘، ’انیتا ڈونگرے‘ اور ’گراس روٹس‘ شامل ہیں۔
 
 
یہاں کیا کچھ ملتا ہے
گلوبل دیسی کی سب سے بڑی پہچان خواتین کے ملبوسات ہیں۔اس کے کلیکشن میں ہندوستانی اور مغربی طرز کے لباس کو اس اندازمیں یکجا کیا جاتا ہے کہ انہیں روزمرہ استعمال سے لے کر مختلف سماجی تقریبات تک پہنا جاسکے۔اس برانڈ کی نمایاں مصنوعات :
کُرتیاں: گلوبل دیسی کے کُرتوں اور کُرتیوں میں رنگین پرنٹس، پھولوں کے ڈیزائن اور روایتی نقش و نگار نمایاں ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ مختلف طرز کے ٹراؤزر اور پاجامے بھی دستیاب ہوتے ہیں۔
ڈریسز اور میکسی: مغربی طرز کے لباس میں لمبی میکسی، پرنٹڈ ڈریسز اور مختلف اندازکے فراکس شامل ہیں۔ ان میں شوخ رنگوں اور ہلکے پھلکے ڈیزائن کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
ٹاپس اور ٹونکس: روزمرہ استعمال کے لیے مختلف طرز کے ٹاپس، ٹونکس اور آرام دہ ملبوسات بھی اس کے کلیکشن کا حصہ ہیں۔ انہیں جینز، ٹراؤزر یا دیگر مغربی لباس کے ساتھ پہنا جاسکتا ہے۔
کو آرڈ سیٹس: ایک ہی رنگ، پرنٹ یا ڈیزائن کے مطابق تیار ٹاپ اور باٹم پر مشتمل کو آرڈ سیٹس بھی اس برانڈ کی مصنوعات میں شامل ہیں۔ یہ جدید فیشن پسند خواتین کیلئے ایک مقبول طرز ہے۔
دیگر ملبوسات:اس کے علاوہ مختلف موسموں اور مواقع کے مطابق جیکٹس، ٹراؤزر، شرٹس اور دیگر فیشن ملبوسات بھی کلیکشن میں شامل کیے جاتے ہیں۔اس برانڈ کے ملبوسات میں عام طور پر رنگوں کا خوب صورت امتزاج اور نمایاں پرنٹس دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہی خصوصیت اسے ان برانڈز سے الگ کرتی ہے جو زیادہ تر سادہ یا مغربی طرز کے ملبوسات تیار کرتے ہیں۔
 
 
ممبئی میں موجودگی
جیسا کہ پہلے ہی کہا گیا، یہ برانڈ انیتا ڈونگرے گروپ کا حصہ ہے اور یہ ایک بہت بڑاگروپ ہے جس کے تحت کئی برانڈ موجود ہیں۔ اس گروپ کاسب سے مشہور برانڈ ’اے این ڈی‘ ہے جس کے کئی اسٹور موجود ہیںجبکہ گلوبل دیسی کا ممبئی میں فی الحال ایک ہی اسٹور موجود ہے جو کہ گوریگائوں کے اوبرائے مال میں واقع ہے۔اس کے علاوہ گروپ کے دیگر برانڈس کے ساتھ  اس کے کئی اسٹور ممبئی کے مختلف مالز میں واقع ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK