اس سیریز میں کا میڈی کے چکر میں جذبات پیچھے چھوٹ گئے ہیں ، اچھی اداکاری کے باوجود سیر یز متاثر نہیں کرسکی۔
EPAPER
Updated: September 14, 2025, 11:21 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai
اس سیریز میں کا میڈی کے چکر میں جذبات پیچھے چھوٹ گئے ہیں ، اچھی اداکاری کے باوجود سیر یز متاثر نہیں کرسکی۔
ڈو یو وانا پارٹنر
(Do You Wanna Partner)
اسٹریمنگ ایپ: پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: تمنا بھاٹیہ، ڈاینا پینٹی، جاوید جعفری، نکل مہتا، رنوجے سنگھ اور شویتا تیواری، نیرج کبی، صوفی موتی والا، اندر ا نیل سین گپتا
ڈائریکٹر:آرچیت کمار اور کولن ڈی کنہا
رائٹر: نندنی گپتا، آرش وورا اور متھن گنگوپادھیائے
پروڈیوسر: کرن جوہر، ادار پونا والا اور اپوروا مہتا
پروڈکشن کمپنی ـ:دھرمیٹک انٹرٹینمنٹ
ریٹنگ:**
ایک شاندار بزنس آئیڈیا، برانڈکو لانچ کرنے کی جدوجہد، رشتوں میں غلط فہمیاں اور مارکیٹ میں مسابقت، ان سب کو ملا کر ایک کاک ٹیل بنایا جائے تو ’ڈو یو وانا پارٹنر‘ تیار ہو جائے گی۔ کل۸؍ایپی سوڈ پر مشتمل اس سیریز میں تمنا بھاٹیہ اور ڈاینا پینٹی دو پرجوش لڑکیوں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو زندگی میں کچھ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ جب بھی کسی سیریز یا فلم میں کوئی بڑی اسٹار کاسٹ ہوتی ہے تو توقعات بہت بڑھ جاتی ہیں۔ اس سیریز میں جاوید جعفری، شویتا تیواری، رنوجے سنگھ اور نکل مہتا جیسے اداکار بھی نظر آ رہے ہیں۔ اب یہ کتنا متاثر کرنے میں کامیاب رہے اور کتنا نہیں ؟ یہ تو بعد میں پتہ چلے گا لیکن یہ سیریز یہ ضرور سکھاتی ہے کہ کاروبار کبھی دوستی کے درمیان نہیں آنا چاہئے۔
کہانی
سیریز کی کہانی شیکھا رائے چودھری (تمنا بھاٹیہ) سے شروع ہوتی ہے جب اس کی کمپنی کو کسی اور کمپنی نے سنبھال لیا ہے۔ اس کے بعد وہ اپنی کارپوریٹ نوکری سے تنگ آ جاتی ہے اور آخر کار اپنے اس خواب کو پورا کرنے کے بارے میں سوچنا شروع کر دیتی ہے جو اس کے والد کبھی دیکھا کرتے تھے لیکن اس کے پاس نہ تو پیسے ہیں اور نہ ہی اس کی بہترین دوست اناہیتا (ڈاینا پینٹی) کی رضامندی۔ اناہیتا بھی اپنی ملازمت میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن جب اسے اپنی کمپنی میں اپنا حق نہیں ملتا ہے تو اسے ایک جھٹکا لگتا ہے۔ اسے پروموشن ملنے کے بجائے کسی اور کو سارا کریڈٹ مل جاتا ہے۔ اس کے بعد اناہیتا اور شیکھا دونوں مل کر شیکھا کے آئیڈیا کو کاروبار میں بدلنے کا مکمل منصوبہ بناتی ہیں۔ دونوں کےپاس رقم کی کمی ہوتی ہے۔ ایسے میں بوبی ان دونوں کا تعارف لیلا سنگھ (شویتا تیواری) سے کرواتا ہے جو ایک گینگسٹر کے بہت قریب ہے اور انہیں ۲؍کروڑ کا قرض دیتا ہے۔ ان تمام مشکلات پر قابو پانے کے بعد دونوں نے آخرکار اچھی مارکیٹنگ کی وجہ سے اپنا پروڈکٹ کامیابی سے لانچ کیا۔ یہیں سے اصل جنگ شروع ہوتی ہے۔
ہدایت کاری
اس سیریز کے ہدایت کار آرچیت کمار اور کولن ڈی کنہا ہیں۔ اسے کرن جوہر کی’ دھرمیٹک انٹرٹینمنٹ ‘نے پروڈیوس کیا ہے۔ اگر ہم سیریز کی ڈائریکشن کی بات کریں تو یہ کافی مایوس کن ہوسکتا ہے کیونکہ سیریز کا پس منظر ایک جذباتی کہانی پر مبنی ہے جہاں ایک دوست دوسرے دوست کی پیٹھ میں چھرا گھونپتا ہے لیکن اس میں اتنی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔ سیریز کو کامیڈی کا تڑکا دینے کے لئے جذبات کو بہت پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب آپ کوئی ایسی کہانی دیکھتے ہیں جس میں بچے اپنے والدین کی غلطیوں سے سیکھ کر اپنی زندگی میں آگے بڑھ رہے ہوتے ہیں تو جذبات کا ایک تعلق جو محسوس ہونا چاہئے، اس سیریز میں غائب ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ سیریز ڈائریکشن اور اسکرین پلے کےا عتبار سے اور بہتر ہو سکتی تھی۔
اداکاری
سیریز میں اداکاروں کی اداکاری کی بات کریں تو تمنا بھاٹیہ اور ڈاینا پینٹی نے اپنے کرداروں کے ساتھ کافی حد تک انصاف کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے باوجود پھیکی کہانی اور کمزور اسکرین پلے کی وجہ سے اداکاری خاص نہیں ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے رنوجے کے کردار `کبیر کو زبردستی بیچ میں ڈالا گیا ہے۔ سیریز کی کہانی میں اس کردار کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے کرداروں کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔ اگر جذبات کو محض مذاق کے طور پر نہیں بلکہ بہتر انداز میں دکھایا جاتا تو اداکار اداکاری سے سیریز کو کچھ اور بہتر بنا سکتے تھے۔
خامیاں
اگر آپ اس سیریز کو دیکھتے ہیں تو پہلے چند ایپی سوڈ بے مزہ لگ سکتے ہیں۔ جب دلچسپی بڑھنے لگتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ سیریز ختم ہونے والی ہے۔ سیریز میں کوئی ایسا گانا نہیں ہے جومن کو بھا ئے۔ اس کے درمیان دوسری فلموں کے گانوں کا تھوڑا بہت استعمال کیا گیا ہے لیکن وہ بھی اتنا موثر نہیں ہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سی ایسی چیزیں نظر آتی ہیں جو سمجھ میں نہیں آتیں۔ اگر آپ ایسی ہلکی پھلکی سیریز دیکھنا چاہتے ہیں جس میں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یا اگر آپ کاروبار میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ اسے ضرور دیکھ سکتے ہیں۔