Inquilab Logo

وجے واڑہ کو آندھرا پردیش کاثقافتی مرکز قرار دیا جاتا ہے

Updated: May 15, 2024, 10:48 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں ایک جانب انڈاولی کے غار، بھوانی جزیرہ اور کونڈاپلی کا قلعہ موجود ہے تودوسری جانب وکٹوریہ جوبلی میوزیم،راجیو گاندھی پارک جیسے مقامات ہیں۔

Caves of Andavali in Vijayawada. Photo: INN
وجے واڑہ میں واقع انداولی کے غار۔ تصویر : آئی این این

  آندھرا پردیش کا دارالحکومت وجئے واڑہ دریائے کرشنا کے کنارےواقع ایک شاندار شہر ہے۔ شہر کا نیا رخ سیاحوں کو عصری فن تعمیراور میٹروپولیٹن ثقافت کو دیکھنےکاموقع فراہم کرتا ہے، جبکہ پرانا پہلو شہر کی دلکشی، اس کی بھرپور تاریخ اور اس کے ثقافتی ورثے کو ظاہر کرتاہے۔ اگر آپ نے اپنی اگلی چھٹی اس خوبصورت شہر میں گزارنےکا فیصلہ کیا ہے، تو وجئے واڑہ کے سیاحتی مقامات آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ 
انڈاولی غار:وجئے واڑہ میں شہر کے بھرپور ثقافتی ورثےسے لطف اندوز ہونے کیلئے انڈاولی غارچٹان سے کٹے ہوئےمندروں کا ایک مجموعہ ہیں جو سرسبز پودوں کے اندر قائم ہیں، اور یہ خطےکی بھرپور تاریخ، فن اور روایت کیلئےایک شاندار ثبوت کے طور پرپیش کئے جات ہیں۔ یہ غار ۱۳۰۰؍سال سے زیادہ پہلےریت کے پتھر سے کاٹ کر بنائےگئےتھے۔ غاروں سے تھوڑی سی چڑھائی کے بعد آپ دریائے کرشنا کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ ایک پرسکون علاقے میں پہنچ سکتےہیں۔ 
بھوانی جزیرہ:ہندوستان کے بڑے دریائی جزیروں میں سے ایک اور وجئےواڑہ میں دیکھنے کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک، بھوانی جزیرہ دریائے کرشنا کےبیچ میں واقع ہے اور۵۰؍ ہیکٹرپر پھیلا ہوا ہے۔ یہ وجئے واڑہ کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ دلکش دریاکے کنارے دلکش نظاروں کے علاوہ، آپ تیراکی، کشتی رانی اور پانی کی بہت سی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکتےہیں۔ بھوانی جزیرہ اپنےپُرسکون ماحول، سرسبز و شاداب باغات اور خوبصورت قدرتی نظاروں کی وجہ سے اپنے دوستوں یارشتہ داروں کے ساتھ پر سکون شام گزارنے کے لیے وجئے واڑہ کے سب سے بڑے پکنک اسپاٹ میں سے ایک ہے۔ 
کونڈاپلی قلعہ:کونڈاپلی قلعے کے کھنڈرات، جسے کونڈاپلی کوٹا بھی کہا جاتا ہے، قرون وسطی کے دوران وجے واڑہ کی سابقہ شان کی ایک جھلک پیش کرتے ہیں۔ وجئے واڑہ کا یہ سیاحتی مقام، ایک پہاڑی علاقے میں چھپا ہوا ہے۔ یہ ایک پر سکون جگہ ہے جہاں کوئی بھی اس کی دیواروں پر گھومنےمیں گھنٹوں گزار سکتا ہے۔ یہ ۷؍صدی پرانا ہے۔ جو لوگ تھوڑا آگےجانا چاہتے ہیں، ان کے لیے قریبی جنگلات میں ٹریکنگ کے کئی اچھے راستےہیں۔ یہ عمارت فوٹوگرافروں اور جنگلی حیات کے شائقین میں مقبول ہےکیونکہ اس کے ارد گرد بہت سےدلکش مقامات ہیں۔ گڑیا، اور ہاتھ سے بنے ہوئے لکڑی کے کھلونے اس علاقے کی خصوصیات ہیں۔ 
حضرت بل مسجد: وجے واڑہ شہر کی حضرت بل مسجد دیکھنے میں بہت ہی دلکش۔ ذات پات یا مذہب سے قطع نظر، سیکڑوں لوگ ہر سال اس مسجدمیں حضور اکرم حضرت محمدؐسے منسوب اشیاءکو دیکھنے کیلئے یہاں آتےہیں جن کی یہاں نمائش کی جاتی ہے۔ 
وکٹوریہ جوبلی میوزیم :وکٹوریہ جوبلی میوزیم، جسے بڑے پیمانے پر باپو میوزیم کے نام سے جانا جاتا ہے، وجئے واڑہ میں ان لوگوں کے لیے بہترین جگہ ہے جو تاریخ میں دلچسپی رکھتےہیں۔ ۱۸۸۷ءمیں قائم ہونےوالا یہ میوزیم، جو فی الحال محکمہ آثار قدیمہ کے زیر انتظام ہے، صدیوں پر محیط ثقافت اور تاریخ کے مختلف نوادرات یہاں دیکھنے کو ملتی ہیں جن میں باریک تراشے ہوئے مجسمے سے لے کر پینٹ شدہ اشیاء اور ہتھیار شامل ہیں۔ سنگ مرمر سےبنا گوتم بدھ کا ایک بے عیب مجسمہ باپو میوزیم کےاہم پرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ 
راجیو گاندھی پارک :اگر آپ شہر میں کچھ پرسکون اور آرام دہ وقت گزارنا چاہتےہیں تو وجئے واڑہ میں دیکھنے کے لیے سب سے اہم مقامات میں سےایک راجیو گاندھی پارک ہے۔ پارک، جس کی دیکھ بھال بہت اچھی طرح کی گئی ہے اور اس کے چاروں طرف خوبصورت پھول، سرسبز و شاداب میدان اور گھنے پودوں کے ساتھ ایک چھوٹا چڑیا گھر بھی ہے اور ہر شام یہاں موسیقی کی پرفارمنس ہوتی ہے۔ 
گاندھی ہل :وجئے واڑہ میں گاندھی ہل کا نام گاندھی جی کی پہلی یادگار کےنام پر رکھاگیاہےجو پہاڑی کی چوٹی پر بنائی گئی تھی۔ گاندھی جی کا ستون، جس کی اونچائی۱۵ء۸؍میٹرہے، ۱۹۶۸ءمیں وقف کیا گیا تھا۔ یہاں ایک بڑی لائبریری ہے جسے گاندھی میموریل لائبریری کہتے ہیں۔ یہاں آڈیو ویژول شو پیش کیا جاتا ہے۔ یہاں سے دور دور تک کا دلکش نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK