یہاں چینی ماہی گیری کے جال دیکھنے کے علاوہ آپ مقامی افراد کے ساتھ ان کے گھر میں قیام کرسکتے ہیں تاکہ ان کے کام اور غذا سے لطف اندوز ہوسکیں۔
EPAPER
Updated: May 07, 2025, 11:22 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں چینی ماہی گیری کے جال دیکھنے کے علاوہ آپ مقامی افراد کے ساتھ ان کے گھر میں قیام کرسکتے ہیں تاکہ ان کے کام اور غذا سے لطف اندوز ہوسکیں۔
کومبلنگی، کیرالا کے شہر کوچی کے نواح میں واقع ایک خوبصورت جزیرہ نما گاؤں ہے، جو اپنی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور پائیدار طرزِ زندگی کے لیے مشہور ہے۔ یہ ملک کا پہلا ماڈل ماہی گیری گاؤں اور ایکو-ٹورزم پروجیکٹ ہے، جو سیاحت اور مقامی زندگی کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔
چینی ماہی گیری جال
کومبلنگی کی پہچان ان کے روایتی چینی ماہی گیری جال ہیں، جو صدیوں سے استعمال ہو رہے ہیں۔ یہ دراصل بڑے سائز کےمچھلی پکڑنے کے جال ہیں، جنہیں لکڑی کے لمبے ڈھانچوں اور وزنی پتھروں کی مدد سےتوازن میں رکھا جاتا ہے۔ جال سمندر میں آہستہ سےنیچے اتارے جاتے ہیں اور چند منٹ بعد اوپر کھینچے جاتے ہیں تاکہ مچھلیاں جال میں آسکیں۔
یہ جال درحقیقت چینی نہیں بلکہ چینی طرز کے ہیں، اور روایت یہ ہے کہ انہیں ۱۴؍ویں صدی میں چینی سیاح ژینگ ہی کے ذریعہ متعارف کرایا گیا تھا۔ ان جالوں کا ڈیزائن جنوب مشرقی ایشیاکے ساحلی علاقوں میں بھی پایا جاتا ہے، لیکن ہندوستان میں یہ خاص کر کیرالا (بالخصوص کومبلنگی اور فورٹ کوچی) میں رائج ہے۔ سیاح یہاں ماہی گیروں کے ساتھ جال کھینچنے کا تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔ تازہ مچھلی پکڑ کر مقامی انداز میں پکوا سکتے ہیں۔ جالوں کی حرکت کو غروبِ آفتاب کے منظر کے ساتھ کیمرے میں قید کر سکتے ہیں۔ یہ صرف ایک نظارہ نہیں، بلکہ ایک زندہ روایت ہے، جو صدیوں سے محنت، ہنر، اور فطرت کی ہم آہنگی کا ثبوت کے طور پرزندہ ہے۔
کوائر بنانے کا عمل
کومبلنگی میں ناریل کے چھلکوں سے کوائر بنانے کا روایتی عمل دیکھاجا سکتا ہے۔ کوائر دراصل ناریل کے بیرونی سخت خول سے حاصل کیا جانے والا قدرتی فائبرہے۔ اس سےرسی، دری، قالین کشتیوں کے بانڈ، دروازے پر پیرصاف کرنے کی چٹائی کے علاوہ اسے گدے میں بھرنے کیلئےبھی استعمال کیا جاتاہے۔
یہ عمل کئی مراحل پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں چھلکوں کو پانی میں بھگو کر ریشے نکالے جاتے ہیں، پھر ان ریشوں کو ہاتھ سے کاتا جاتا ہے اور آخر میں لوم پر چٹائیاں اور رسیاں بنائی جاتی ہیں۔ اگر آپ وہاں جاتے ہیں تو آپ بھی تفریح کی خاطر اس عمل کو اپنے ہاتھ سے کرکے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
کشتی رانی اور کینوئنگ
کومبلنگی کے پرسکون بیک واٹرزمیں کشتی رانی اور کینوئنگ کا تجربہ سیاحوں کو قدرتی خوبصورتی سے روشناس کراتا ہے۔ بیک واٹرز دراصل کیرالا کا وہ قدرتی آبی نظام ہے جو ندیوں، سمندر کے کھارے پانی اور زمین کے اندرونی میٹھے پانی کے سنگم سے وجود میں آتا ہے۔ یہ ایک قسم کا ’لگون نیٹورک‘ہے۔ یہ پانی زمین سے کچھ نیچے سطح پر ہوتا ہےسمندر کی اونچی لہروں سےمحفوظ، لیکن سمندری پانی سے جڑا ہوا ہلکی لہروں والا، نہایت پر سکون کومبلنگی کی بیک واٹرزمیں میٹھے اور کھارے پانی کی آمیزش ملتی ہے۔ ماہی گیری، کوئر، جھینگا فارمنگ اور ناریل کی کھیتیاں ساتھ ساتھ دکھائی دیتی ہیں
مینگرو میں پرندوں کا مشاہدہ
کومبلنگی کے مینگرو اورجنگلات مختلف اقسام کے پرندوں کا مسکن ہیں، جن میں ہیرون، ایگریٹ، اورکنگ فشر شامل ہیں۔ یہاں پرندوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے کشتی کی سیر کی جا سکتی ہے، جو قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کا بہترین طریقہ ہے۔
ہوم اسٹے میں قیام
آپ جب کسی نئی جگہ جاتے ہیں تو اس جگہ کی نئی ثقافت کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسے قریب سے دیکھا جائے اور اسے جینے کی کوشش کی جائے۔ کومبلنگی میں اس کا بھی انتظام ہے یعنی آپ یہاں مقامی افرادکے ساتھ ان کے گھر میں رہنے یعنی ہوم اسٹے کا تجربہ کر سکتے ہیں جو آپ کو کیرالا کی روایتی طرزِ زندگی سے روشناس کراتا ہے۔ یہاں قیام کے دوران مقامی کھانوں کا لطف، ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت، اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کا موقع ملتا ہے۔
مقامی سمندری غذا کا لطف
کومبلنگی میں تازہ سمندری غذاکا ذائقہ چکھنا ایک لازمی تجربہ ہے۔ ہوم اسٹے اور مقامی ریستوران مختلف قسم کی مچھلیوں، کیکڑوں، اور جھینگوں سے تیار کردہ روایتی کیرالا کھانے پیش کرتے ہیں۔