• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غازی آباد : اس شہر کے پارک اسے خاص بناتےہیں

Updated: August 27, 2025, 11:55 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

دریائے ہنڈن کے کنارے واقع یہ شہر ایک طویل عرصے تک شاہی خاندانوں کے لئے پکنک کا مقام تھا

The lake of the `City Forest` can be seen. Photo: INN
’سٹی فاریسٹ ‘ کی جھیل کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

غازی آباد ریاست اتر پردیش کا ایک بڑا شہر ہے جو قومی دارالحکومت نئی دہلی سے قربت کی وجہ سے’ `گیٹ وے ٹو یوپی‘ کے نام سے مشہور ہے۔ غازی آباد ہندوستان کے اہم صنعتی مراکز میں سے ایک کے طور پر بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ہندوستان کے صنعتی مرکز کے طور پر ابھرتا ہوا یہ شہر الیکٹرک انجنوں اور ای ایم یو ٹرینوں،  سائیکلوںاور مٹی کے برتنوںوغیرہ کی کئی صنعتوں کے لئے توجہ کا مرکز ہے، ان سب کے علاوہ غازی آباد اپنی سیاحت کے لئے بھی بہت مشہور ہے۔ غازی آباد سیاحتی مقامات کے ساتھ یہاں آنے والے سیاحوں کیلئے بہت سے شاپنگ مال، فلم تھیٹر، ریستوراں اور نائٹ کلب بھی   فراہم کرتا ہے۔
غازی آباد کی تاریخ 
  غازی آباد کی تاریخ۲۵۰۰؍ قبل مسیح کی ہے۔ اگر ہم جدید دور کی بات کریں تو اس شہر کی بنیاد مغلیہ سلطنت کے وزیرغازی الدین نے۱۷۸۰ءمیں رکھی تھی جس نے اپنے نام پر اس شہر کا نام غازی الدین نگر رکھا تھا۔ بعد میں اسے مختصر کر کے غازی آباد کے نام سے جانا جانے لگا۔
 دریائے ہنڈن کے کنارے واقع یہ شہر ایک طویل عرصے تک شاہی خاندانوں کے لئے ’پکنک اسپاٹ ‘ تھا۔ اس پر بہت سے شہنشاہوں نے حکومت کی جن میں محمد بن تغلق اور تیمور کے علاوہ مغل بادشاہ اور مراٹھا راجا شامل ہیں۔غازی آباد۱۸۵۷ء کی جدو جہد آزادی سے ہندوستان کی آزادی کی تحریک سے بھی وابستہ تھا۔ غازی آباد۱۹۷۶ء تک میرٹھ ضلع کی ایک تحصیل تھی جس کے بعد یہ ایک آزاد ضلع بن گیا اور اس کے بعد سے یہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
 غازی آباد کو ’گیٹ وے آف اتر پردیش‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ نئی دہلی سے قربت کے پیش نظر غازی آباد کو یوپی کا گیٹ وے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ یوپی اور نئی دہلی کے درمیان نوئیڈا اور اتر پردیش کے دیگر بڑے شہروں کے درمیان ایک اہم راستے کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ شہر صنعتی اور تجارتی شعبے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے میدان میں بھی بہت ترقی کر رہا ہے۔یہاں گھومنے کے چند اہم مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ 
ڈریزلنگ لینڈ واٹر اینڈ ایموزمنٹ پارک 
 اگر آپ غازی آباد میں اپنے بچوں، خاندان یا دوستوں کے ساتھ گھومنے کے لئے ایسی جگہ تلاش کر رہے ہیں جہاں آپ بھرپور تفریح کرنا چاہتے تو آپ کے لئے’ ڈریزلنگ لینڈ واٹر اینڈ ایموزمنٹ پارک‘ بہترین جگہ ہے جہاں آپ اپنے سفر کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ ’ڈرزلنگ لینڈ واٹر اینڈ ایموزمنٹ پارک‘۲۰۰۵ء میں شروع کیا گیا ایک واٹر تھیم والا پارک ہے۔ یہاں تفریح کے بھر پور مواقع ہیں۔ 
سوورن جینتی پارک
 سوورن جینتی پارک ایک مشہور تفریحی اور ایڈونچر پارک ہے جو غازی آباد کے اندرا پورم علاقے میں واقع ہے جس کا شمار غازی آباد کے بڑے سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے۔ اس مشہور پارک میں ایک خوبصورت جاپانی باغ ہے، کشتی رانی کی بھی سہولیات ہیں۔ ایک جاگنگ ٹریک ہے، لمبے لمبے سبز درختوں سے گھرا ہوا واک وے ہے اور سرسبز و شاداب لانوں کے درمیان فوارے اور اہم شخصیات کے مجسموں کے ساتھ بچوں کے کھیل کا میدان ہے۔ سوورن جینتی پارک میں کچھ چھوٹے کھانے کے اسٹال بھی ہیں جو اسنیکس اور جوس پیش کرتے ہیں۔شہر کی ہلچل سے دور پرسکون ماحول میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لئے یہ پارک غازی آباد میں بہترین جگہ ہے۔ اگر آپ اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ غازی آباد کی سیر پرجائیے تو سورن جینتی پارک ضرور دیکھئے۔
سٹی فاریسٹ
 راج نگر ایکسٹینشن کے کرہیڑہ میں واقع سٹی فاریسٹ ایک شاندار پارک اور۱۷۵؍ایکڑ پر پھیلا ہوا سیاحتی مقام ہے۔ غازی آباد میں سیر کیلئے بہترین مقامات میں سے ایک سٹی فاریسٹ ہے۔  بہترین پکنک اسپاٹ ہے اور اس میں دو جھیلیں ہیں جو ۵؍ایکڑ اور ۳؍ ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہیں۔۹؍مختلف حصوں میں منقسم جنگل میں دواؤں اور پھلوں والے درختوں کی قطاریں ہیں جن کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ ان کے علاوہ غازی آباد میں اور بھی سیاحتی مقامات ہیں جن سے آپ کا سفر یاد گار بن سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK