ہندوستان سے۲۰۲۷ء کیلئے آسکرمیں جانے والی فلم اپنی کہانی اور کرداروں کیلئے اہم ہے،متعدد اداکاروں نے فطری اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 1:02 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai
ہندوستان سے۲۰۲۷ء کیلئے آسکرمیں جانے والی فلم اپنی کہانی اور کرداروں کیلئے اہم ہے،متعدد اداکاروں نے فطری اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
گوندھل (Gondhal)
اسٹارکاسٹ:ایشیتا دیشمکھ، کشور کدم، کیلاش واگھمارے، سریش وشوکرما، نشاد بھوئر، پروین دالمبکر، انوج پربھو،اروند پوار
رائٹر اورڈائریکٹر:سنتوش دیواکر
پروڈیوسر:دکشا دیواکر، سنتوش دیواکر
موسیقی:الیا راجا
ایڈیٹر:اشیش مہاترے
سنیماٹو گرافر:املیندو چودھری
کاسٹیوم ڈیزائن:گرپریت کور، سچن لووالیکر
پروڈکشن ڈیزائن:سندیپ مِہیر
میک اپ :شریکانت دیسائی
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: نخرےوالی: بھیس بدلنے اور رومانوی الجھنوں پر مبنی مزاحیہ کہانی
’گوندھل‘ مراٹھی زبان کا ایک لفظ ہے، جس کے معنی گڑبڑ یا افراتفری کےہیں۔ تاہم یہ مہاراشٹر کی قدیم لوک رسم، رقص اور موسیقی کی ایک روایت کا نام بھی ہے، جسے شادی اور بچوں کے مونڈن جیسی خوشی کی تقریبات میں پیش کیا جاتا ہے۔ہدایت کار سنتوش ڈاؤکھرےکی تحریر اور ہدایت کاری میں بنی فلم ’گوندھل‘ ان دونوں معنوں کو یکجا کرتے ہوئے ایک پراسرار تھرلر کی شکل اختیار کرتی ہے۔فلم میں عقیدے، روایتی رسومات اور انسانی تضادات کے درمیان چھپے راز رفتہ رفتہ سامنے آتے ہیں اور بالآخر ایک ایسے انصاف تک پہنچتے ہیں جو ناظرین کو بے چین کردیتا ہے۔یہ فلم ان دنوں خاصی موضوعِ بحث ہے، کیونکہ اسے آسکر۲۰۲۷ءکے لیے ہندوستان کی باضابطہ انٹری کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر ۲۰۲۵ءمیں ریلیز ہونے والی اس مراٹھی فلم کو۱۳؍نومبر۲۰۲۶ءکو سنیماگھروں میں ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ زبانوں میں ڈب کرکے ریلیز کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی
فلم کی شروعات تقریباً۲۵؍منٹ کے ایک طویل اور مسلسل شاٹ سے ہوتی ہے۔ اس منظر میں بزرگ گوندھلی سازندہ بھیوابا (کشور کدم) اپنے پوتے وشنو (دھرو ٹھوکے) اور گاؤں کے لوگوں کے ساتھ رات کے اندھیرےمیں شادی کی ایک رسم ادا کرنے کے لیے نکلتاہے۔ راستے میں وشنو کے معصوم سوالات کے ذریعے گوندھل کی روایت، خاندان کے مقدس چراغ اور اس کی غیر موجود ماں سے وابستہ کئی ان کہے راز سامنے آنے لگتے ہیں۔
دوسری جانب شادی کی مرکزی کردار دلہن سمن (ایشیتا دیشمکھ) ہے،جس کے اپنے بھی کئی پوشیدہ رازہیں۔ گاؤں کے بااثر اور دبنگ مکھیا کا بیٹا سرجیراؤ (نشاد بھوئیر)سمن سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن جہیزکے مسئلے کے باعث سمن کی شادی سرجیراؤ کے چچازاد بھائی آنند راؤ عرف آنڈیا (یوگیش سوہونی) سے کردی جاتی ہے۔جیسے جیسے گوندھل کی رسم آگے بڑھتی ہے، رشتوں، سازشوں اور ناپاک عزائم کی پرتیں کھلنے لگتی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ جس رسم کو نوبیاہتا جوڑے کی زندگی سے رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ادا کیا جاتا ہے، کیا وہی ایک ایسے خوفناک سچ کی گواہ بننے والی ہے جو سب کی زندگی بدل کر رکھ دے گا؟ اس اہم سوال کا جواب فلم دیکھنے کے بعد ہی ملے گا۔
ہدایت کاری
ہدایت کار سنتوش ڈاؤکھر کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بنی ’گوندھل‘ ایک رات پرمبنی تاریک اور پراسرار تھرلر ہے۔ فلم کا تقریباً ۲۵؍منٹ طویل ون ٹیک شاٹ ابتدا ہی سےکسی انہونی کا خدشہ پیدا کردیتاہے۔ فلم کا پہلا حصہ دھیمی رفتار سے کہانی اور کرداروں کی بنیاد تیار کرتا ہے، لیکن دوسرے حصے میں واقعات اور کردار کہیں زیادہ گہرے، پیچیدہ اور مختلف رنگ اختیار کرتے چلے جاتے ہیں۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ذات پات، طبقاتی تفریق، مردانہ بالادستی، اقتدار کی سیاست، خواتین پر مظالم اور بچوں کے استحصال جیسے سماجی مسائل کو بے باکی سے پیش کیا گیا ہے۔
اداکاری
اداکاری کے معاملے میں پدرشاہی معاشرے میں اپنی خواہشات اور محبت کو حاصل کرنے کیلئےجدوجہد کرنے والی سمن کے کردار میں ایشیتا دیشمکھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے کردار کے ہر جذبے اور ذہنی کیفیت کو خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ بھیوابا کےکردار میں کشور کدم کی اداکاری بھی متاثر کن ہے۔ یوگیش سوہونی نے آنند راؤ کے کردار کی معصومیت کو فطری انداز میں پردۂ سیمیں پر اتارا ہے، جبکہ ان کے کردار میں آنے والی تبدیلی حیران کردیتی ہے۔نشاد بھوئیر نے سرجیراؤ کے تکبر اور دبنگ مزاج کو بخوبی اجاگر کیا ہے۔ دوسری جانب گاؤں کے بااثر اور دبنگ مکھیا پاٹل کے کردار میں سریش وشوکرما بھی اپنی چھاپ چھوڑتے ہیں۔ صاحب راؤ کے کردار میں انوج پربھونےفطری اداکاری کی ہے۔ معاون فنکاروں کی کارکردگی بھی حقیقت سے قریب تر ہے۔ ان میں کئی مقامی دیہی فنکار شامل ہیں، جن کا کیمرے کے سامنے یہ پہلا تجربہ ہے، لیکن ان کی فطری اداکاری فلم کو ایک خاص حقیقت پسندی عطا کرتی ہے۔
کیوں دیکھیں؟
دیہی زندگی، گاؤں کے ماحول اور روایتی رسومات پر مبنی کہانیاں پسند کرنے والے ناظرین یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔