• Sat, 24 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اڑتا تیر: جاسوسی، طنز و مزاح اور حب الوطنی کا دلچسپ امتزاج

Updated: October 24, 2026, 12:55 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ہندوستان اور پاکستان تنازع پر بننے والی فلموں سے مختلف رخ اپناتے ہوئے اسے ایک مزاحیہ فلم کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو تفریح پیش کرتی ہے۔

Ayushmann Khurrana can be seen in a scene from the film `Udta Teer`. Photo: INN
فلم’اڑتا تیر‘کےایک منظر میںآیوشمان کھرانہ کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

اڑتا تیر (Udta Teer)
اسٹارکاسٹ: آیوشمان کھرانہ، رگھوبیر یادو، سارہ علی خان، مکل دیو، سہیل نیئر، گلشن گروور، رام کپور، سندیپ آنند، راہل بوس
ڈائریکٹر : آکاش کوشک 
رائٹر: آکاش کوشک، دیا والیا
پروڈیوسر: کرن جوہر، اچین جین، اپوروا مہتا، گنیت مونگا
موسیقی: سچن جگر،کیتن سوڈھا
ایڈیٹر: شیو کمار پنیکر
سنیماٹو گرافر: ارپت بھرڈے، ہرشویر اوبرائے، سنیل پٹیل
آرٹ ڈائریکٹر: میتھلی چوان
کاسٹیوم ڈیزائن: ابھیلاش شرما
میک اپ: مہیما واچھیر سالوی
ریٹنگ: ****

یہ بھی پڑھئے: جیلر۲: رجنی کانت کے شاندار انداز کے دم پر بنائی گئی ایک اور فلم

ہندوستان اورپاکستان کے تعلقات ہندی سنیما کا پسندیدہ موضوع رہے ہیں اور اس پر اب تک کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ لیکن ہدایت کار آکاش اے کوشک کی فلم ’اڑتا تیر‘ میں آیوشمان کھرانہ اور سارا علی خان کے ساتھ آئی ایس آئی، جاسوسی اور دہشت گردی جیسے سنجیدہ موضوعات کو مزاح اور طنز کے رنگ میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم ہندوستان اورپاکستان کی دشمنی کو ہلکے پھلکے اور تفریحی انداز میں دکھانے کی کوشش کرتی ہے۔ اگرچہ فلم میں منطق اور دلیل کی کمی محسوس ہوتی ہے، لیکن تفریح کے معاملے میں یہ پیچھے نہیں رہتی۔

فلم کی کہانی

فلم کی کہانی دلچسپ انداز میں شروع ہوتی ہے، جہاں ہندوستانی جاسوس وکرانت(آیوشمان کھرانہ) اپنی ٹیم کے ساتھ پاکستانی دہشت گرد اظہر مقصود (مکل دیو) کو گرفتار کرنے کے مشن پر ہوتاہے۔ اظہر کا تعاقب کرتے ہوئے وکرانت پاکستان کی سرحد میں داخل ہوجاتا ہے۔ لیکن اگلے ہی لمحے کہانی ایک چونکا دینے والا موڑ لیتی ہے، جب انکشاف ہوتا ہے کہ وہ ہندوستانی جاسوس وکرانت نہیں،بلکہ آئی ایس آئی کا خفیہ ایجنٹ بلال احمد ہے، جسے ہندوستان سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔

ہندوستان میں بلال اپنی اصل شناخت چھپا کر ہندوستانی خفیہ ایجنسی کے ایک بہادر جاسوس کی حیثیت سے رہتا ہے۔ یہاں وہ اپنی ماں (سپریا پلگاؤںکر) اور بیوی یامنی (سارا علی خان) کے ساتھ زندگی گزارتا ہے،جبکہ پاکستان میں وہ جنرل میر (گلشن گروور) اور نیاز ی (رام کپور)کو اپنی سرگرمیوں کی رپورٹ دیتا ہے۔ کہانی میں اگلا دلچسپ موڑ اس وقت آتا ہے، جب اس کی اصلیت سامنے آنے ہی والی ہوتی ہے کہ وہ ایک حادثے کا شکار ہوجاتا ہے اور اپنی یادداشت کھو بیٹھتا ہے۔اب بلال اپنی اصل شناخت بھول کر خود کو حقیقت میںہندوستانی جاسوس وکرانت سمجھنے لگتاہے۔ پاکستان کے لیے کام کرنے والا ایجنٹ اب ہندوستان کی حفاظت اور حب الوطنی کیلئےوقف ہوجاتا ہے اور اس مقصد کیلئےکسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ اس کی بدلی ہوئی شناخت سے جہاں اس کے پاکستانی آقاؤں کی سازشیں بگڑنے لگتی ہیں، وہیں کہانی میں مزاح اور غلط فہمیوں کی نئی صورتِ حال پیدا ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: لکھنوی فلیئر میں مرغ، گوشت اور مچھلیوں پر مشتمل لکھنوی دشیز دستیاب

اب سوال یہ ہے کہ کیا یادداشت واپس آنے پر وکرانت دوبارہ بلال بن جائے گا؟یامنی کو جب معلوم ہوگا کہ اس کا شوہر کسی محب وطن ایجنٹ کے بجائے دشمن ملک کا جاسوس ہے تو کیا ہوگا؟ اور کہانی کا انجام کیا ہوگا؟ ان تمام سوالات کے جواب فلم دیکھنے پر ملیں گے۔

ہدایت کاری

ہدایت کارآکاش کوشک کی لکھی ہوئی کہانی میں جاسوسی، سسپنس اور خاندانی تفریح کا دلچسپ امتزاج ہے۔

فلم کی تحریر کی ایک خاص بات مقبول فلموں، مشہور گانوں اوریادگار کرداروں کے حوالوں کا چالاکی سے استعمال ہے۔ ’تارا سنگھ نہیں، تو اشرف علی ہے‘ جیسے پرانے فلمی حوالے ہوں یا ’یہ دنیا کا پہلا بندہ ہے، جسے دیش بھکتی تو یاد آگئی، مگر یہ بھول گیا کہ ملک کون سا ہے‘ جیسے چٹ پٹے مکالمے، یہ سب فلم میں مزاح کی سطح برقرار رکھتے ہیں۔ وہیں ’تجھے یاد نہ میری آئی‘ جیسے مقبول گیت کو نئے انداز میں پیش کرنے کی کوشش بھی مزاح کو بڑھاتی ہے۔

اداکاری

اداکاری کی بات کریں تو آیوشمان کھرانہ فلم کی جان ہیں۔ ان کا کردار مزاحیہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی پیچیدگیوں اور منفی پہلوؤں کا حامل بھی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان، دونوں کے خفیہ نظام سے وابستہ کردار کو انہوں نے جس دلچسپ اور تفریحی انداز میں نبھایا ہے، وہ فلم کی خاص کشش بن کر ابھرتا ہے۔ البتہ سارا علی خان کو اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے زیادہ مواقع نہیں ملے۔ راہل بوس اپنے اندازِ نشست و برخاست اور جسمانی حرکات سے مزاح میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ دیگر کرداروں میں رام کپور، گلشن گروور، برجندر کالا، سہیل نیّر اور سندیپ آنند بھی تفریح کا تڑکا لگاتے ہیں۔

کیوں دیکھیں؟

جاسوسی اور مزاح پر مبنی فلموں کے شوقین افراد اور آیوشمان کھرانہ کی دلچسپ اداکاری دیکھنے کے خواہش مند ناظرین ’اڑتا تیر‘ دیکھ سکتے ہیں۔ منطق کے بجائے تفریح کو ترجیح دینے والوں کے لیے یہ فلم ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK