• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹھے میں کیا ہے: آپسی رشتوں او ر تہوار کے پس منظر پر مبنی فلم

Updated: October 31, 2026, 1:05 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

رادھیکا بنسل کی پہلی فلم سنیما گھروں کے بجائے نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی ہے، اس میںخاندان کے مختلف افراد کے تعلقات پیش کئے گئے ہیں۔

Rohini Hattangadi and other actors can be seen in a scene from the film `Meethay Mein Kya Hai`. Photo: INN
فلم’میٹھے میں کیا ہے‘کےایک منظر میںروہنی ہتنگڑی اور دیگر اداکاروں کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

میٹھے میں کیا ہے (Meethe Mein Kya Hai)
اسٹارکاسٹ: رتوک بھومک، روہنی ہتنگڑی، عائشہ رضا،ابھے کول، ترانہ راجا، وکرم بخشی، دلائی، شیویکا رشی، گورو شرما، آیوشمان گھئی
رائٹرڈائریکٹر: رادھیکا بنسل 
پروڈیوسر: نیہا مہرا
موسیقی: امیت تریویدی
ایڈیٹر: شیو کمار پنیکر
سنیماٹو گرافر: پیوش پٹی
کاسٹیوم ڈیزائن: تھیا تکچندانی
میک اپ: دیواکر چورسیا، رمیش پانڈا
اسسٹنٹ ڈائریکٹر: ہرشت راج
 کیمرہ اور الیکٹریکل: پرویندر شکیا،محمد امان صدیقی
ریٹنگ: ***

کہتے ہیں کہ زندگی کے دکھ سکھ میں خاندان اور اپنے ہی کام آتے ہیں۔ مصنفہ اور ہدایت کارہ رادھیکا بنسل کی پہلی فلم ’میٹھے میں کیا ہے‘ بھی اسی احساس کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ دیوالی کے تہوار کے پس منظر میں بنائی گئی یہ ہلکی پھلکی فلم کسی اپنے کو کھونے کے غم، اپنوں کے ساتھ اور خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔یہ فلم سنیما گھروں میں  ریلیز نہیں کی گئی ہے بلکہ اسے او ٹی ٹی پر ہی پیش کیا گیا ہے۔ آپ اسے نیٹ فلکس پر دیکھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اڑتا تیر: جاسوسی، طنز و مزاح اور حب الوطنی کا دلچسپ امتزاج

فلم کی کہانی

فلم کی کہانی جے (رتوک بھومک) اور اس کے ہنستے کھیلتے خاندان کے گرد گھومتی ہے۔جے ۲؍سال پہلے انتقال کرجانے والی اپنی بیوی تارا (کنیکا کپور) کی جدائی کے غم سے اب تک باہر نہیں نکل سکاہے۔ وہ اپنا سب کچھ فروخت کرکے بیرون ملک آباد ہونے کا ارادہ کرچکا ہے، لیکن اسی دوران اس کی بہن ثنا (دلائی) گھر والوں کو بتائے بغیر کرم (وکرم بخشی)سے شادی کرلیتی ہے۔ اس صورت حال کے باعث جے کو دیوالی کے موقع پر لکھنؤ میں اپنی نانی (روہنی ہتنگڑی)کے گھر جانا پڑتا ہے، جہاں پورا خاندان جمع ہوتا ہے۔

اب ایک طرف دیوالی کا تہوار ہے، دوسری طرف خاندان کے تمام افراد کا دوبارہ اکٹھا ہونا اور ثنا کی اچانک شادی کا انکشاف۔ ایسے میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ گھر والے اس شادی پر کیا ردعمل ظاہر کریں گے؟ جے ان تمام حالات کے درمیان اپنی بیوی کی جدائی کے غم سے کس طرح باہر نکلتا ہے؟ فلم میں خاندان کی ہنسی مذاق، نوک جھونک، محبت اور اپنائیت کو ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

ہدایت کاری

رادھیکا بنسل نے ایک خوب صورت اور خوش گوار خاندانی فلم کے ذریعے سنیما کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ فلم دیکھتے ہوئے ناظرین کو اپنے ماموں ممانی، نانی دادی، پھوپھی پھوپھا اور کزنز کے ساتھ گزارے ہوئے دن یاد آسکتے ہیں۔ ہدایت کارہ نے کرداروں اور ان کے باہمی رشتوں کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور کہانی کو غیر ضروری طور پر ڈرامائی نہیں بنایا۔

مثال کے طور پر ثنا کا ایک ایسے شخص کرم سے شادی کرنے کا فیصلہ، جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور ایک بیٹی کا باپ بھی ہے، گھر میں مختلف ردعمل پیدا کرتا ہے۔ اس معاملے میں ثنا کی ماں امرتا (عائشہ رضا)کے علاوہ خاندان کے بیشتر افراد کا رویہ نسبتاً معمول کے مطابق رہتا ہے۔ اس سے فلم میں خاندانی رشتوں کے مختلف پہلو سامنے آتے ہیں۔

اسکرین پلے

تاہم، فلم کے اسکرین پلےکو مزید بہتر اور مربوط بنانے کی گنجائش موجود تھی۔جے اور اس کی نانی کے رشتے کو قدرے تفصیل سے دکھایا جاتا اور ان دونوں کے درمیان کچھ مزید جذباتی مناظر شامل کیے جاتے تو کہانی کا اثر زیادہ گہرا ہوسکتا تھا۔ اسی طرح چند مزید دلچسپ اور دل کو چھو لینے والے مناظر فلم کو زیادہ یادگار بنا سکتے تھے۔ البتہ جے اور میرا (شیویکا رشی) کے درمیان ہونے والے مناظر کہانی میں خوب صورت جذباتی رنگ بھرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جیلر۲: رجنی کانت کے شاندار انداز کے دم پر بنائی گئی ایک اور فلم

اداکاری

فلم کے کرداروں کو حقیقی خاندان کا روپ دینے میں اداکاروں کا بھی اہم کردار ہے۔ روہنی ہتنگڑی،عائشہ رضا، ترنا راجا، شیویکا رشی، وکرم بخشی، رتِوک بھومک اور دلائی سمیت تمام فن کاروں نے اپنے کرداروں کو عمدگی سے نبھایا ہے۔ ان کی فطری اداکاری کی وجہ سے یہ کردار محض فلمی کردار محسوس نہیں ہوتے بلکہ ایسا لگتا ہے جیسے واقعی کسی خاندان کے افراد اپنی روزمرہ زندگی گزار رہے ہوں۔

مجموعی طور پر ’میٹھے میں کیا ہے‘ کوئی بہت گہری یا چونکا دینے والی کہانی پیش نہیں کرتی، لیکن رشتوں کی گرم جوشی اور تہوار کی خوشیوں کے ذریعے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ ضرور لاتی ہے۔ فلم میں کچھ مزید جذباتی اور تفریحی لمحات کی کمی محسوس ہوتی ہے، اس کے باوجود دیوالی کے موقع پر خاندان کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے کے لیے یہ ایک اچھی ہلکی پھلکی فلم ثابت ہوسکتی ہے۔

کیوں دیکھیں؟

اگر آپ خوش گوار ماحول، خاندانی رشتوں کی مٹھاس اور ہلکی پھلکی تفریح سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو اپنے پورے خاندان کے ساتھ نیٹ فلکس پر فلم ’میٹھے میں کیا ہے‘ دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK