Inquilab Logo Happiest Places to Work

گرام چکتسالیہ: گائوں کی زندگی اور وہاں کے مسائل پر ایک عمدہ سیریز

Updated: May 25, 2025, 11:14 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

’پنچایت‘ کی یاد دلانے والی ایک اور سیریز جس میں ایک ڈاکٹر کی کہانی کے ذریعہ دیہاتوں میں پیش آنے والے مسائل کو خوبی سے اجاگر کیا گیا ہے۔

Amul Parashar, Anandeshwar Dwivedi and Akash Makhija can be seen in a scene from the web series `Gram Chakatsaliya`. Photo: INN.
ویب سیریز’گرام چکتسالیہ ‘ کا ایک منظرمیں امول پراشر، آنندیشور دویوی اور آکاش مکھیجا کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

گرام چکتسالیہ (Gram Chikitsalay)
اسٹریمنگ ایپ: پرائم ویڈیوز(۵؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: امول پراشر، آنندیشور دیویدی، آکاش مکھیجا، گریما وکرانت سنگھ، اکھیلیش پرساد سنہا، ونئے پاٹھک۔ 
ڈائریکٹر: راہل پانڈے
رائٹر: ارونبھ کمار، دیپک کمار مشرا، شریہ شریواستو، ویبھو سمن
پروڈیوسر: ارونبھ کمار، نمت کپور، وجے کوشی، دیپک کمار مشرا
کمپوزر: نیلوتپال بورا
سنیماٹوگرافی: گریش کانت
ایڈیٹر: چندرشیکھر پرجاپتی
سیٹ ڈیکوریشن: نشیتا جین
کاسٹیوم ڈیزائن: سمیدھا شکتی
ریٹنگ:***
آپ نے ویب سیریز’پنچایت‘تو دیکھی ہوگی جس میں ایک گائوں کی کہانی دکھائی گئی ہے۔ جہاں ایک افسر گائوں میں تعینات کیا جاتا ہے اور وہاں وہ کئی مسائل کو دیکھتا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایسی ہی ایک اور سیریز بنائی گئی ہے جس کا نام’گرام چکتسالیہ‘ ہے۔ اس میں ایک نوجوان ڈاکٹر کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ 
سیریز کی کہانی
’گرام چکتسالیہ‘ ایک نوجوان ڈاکٹر کی کہانی ہے۔ اس کی پہلی پوسٹنگ گاؤں کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ہوئی ہے۔ گاؤں کے روزمرہ کے کاموں اور صحت سے متعلق سہولیات کے کم وسائل کے درمیان، ڈاکٹر پربھات سنہا رضاکارانہ طور پر ایک میڈیکل آفیسر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ لیکن انہیں اس وقت حیرت ہوتی ہے جن انہیں معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تردیہاتی افراد ہیلتھ سینٹرجانے سے کتراتے ہیں۔ طویل عرصے سے نظر انداز کئےگئے، شمالی ہندوستان کےایک دور افتادہ گاؤں بھٹکنڈی میں واقع یہ صحت کی بنیادی دیکھ بھال کا مرکز بری حالت میں ہے۔ سہولیات ناقص ہیں۔ بی پی چیک کرنےکی مشین کام نہیں کر رہی، آلات کو زنگ لگ رہا ہے اور ضروری ادویات مقامی ڈاکٹرچیتک کمارکو دی جا رہی ہیں، جو مریضوں کے علاج کیلئے گوگل پر انحصار کرتا ہے۔ کمپاؤنڈرپھٹانی جی (آنندیشور دویدی) اور وارڈ بوائے گووند (آکاش مکھیجا) شاذ و نادر ہی دستیاب ہوتےہیں۔ لیکن چیزوں کو تبدیل کرنے کے لیے پرعزم، ڈاکٹر پربھات نظام اورکارکردگی دونوں کو بہتر بنانے کے لیےکوشاں ہیں۔ انہیں نہ صرف توہم پرست دیہاتیوں کو راضی کرنا ہے بلکہ نرس کے ذہنی طورپر غیر مستحکم بیٹےاور مقامی لیڈروں سے بھی نمٹنا ہے جو اپنے مفادات کے لیے سب کچھ خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ 
ہدایت کاری
اس ویب سیریز کو بلیک کامیڈی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ مشہور ویب سیریز’پنچایت‘بنانےوالے یہاں بھی دیہی زندگی کی حقیقتوں کےبہت قریب پہنچ گئےہیں، جو بے تکےپن، معصومیت اور جذباتی گہرائی سے بھری ہوئی ہے۔ کہانی طنز کے ذریعے ہنسی کی خوراک فراہم کرتی ہے، جب کہ آخری ۲؍ ایپی سوڈبہت ہی جذباتی ہیں جودل کو چھولیتےہیں۔ تاہم اس سیریز کو دیکھتے ہوئے آپ کو اس سے قبل ریلیز ہونے والی ویب سیریز’پنچایت‘ بھی یاد آئے گی، کیونکہ دونوں شوز کے موضوعات میں بہت کچھ مماثل ہے۔ 
اداکاری
ویب سیریز’گرام چکتسالیہ‘ کی سب سے بڑی خوبی اداکاروں کی زبردست کارکردگی ہے۔ امول پراشر نے ڈاکٹر پربھات سنہا کےکردار میں پوری ایمانداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے کردارکی چھوٹی چھوٹی تفصیلات کو بھی بڑی تفصیل سے اسکرین پر پیش کیاہے۔ وہ اپنے آدرشوں اور اپنے اردگرد کی افراتفری کی حقیقت کے درمیان پھنسے ہوئے آدمی کے طور پر ایک تاثر دیتے ہیں۔ 
ونے پاٹھک نے جعلی ڈاکٹر چیتک کمار کے طور پر شاندار پرفارمنس دی ہے۔ ان کا کردار آپ کو ہنساتا ہے اور آپ کو یہ اعتماد بھی دلاتا ہے کہ ایسے لوگ حقیقی زندگی میں موجودہیں۔ وہ شو میں سپورٹنگ کاسٹ کے طور پرہیں پھر بھی اپنا تاثر قائم کرنے میں کامیاب ہیں۔ آنندیشور دویدی کا ھٹانی جی کا کردار ٹھنڈی ہوا کی طرح پر لطف ہے۔ وہ عجائبات سےبھرا ہوا ہے۔ اس میں گرمجوشی ہے اورایک دیہاتی شخص کی طرح دیسی پن پایا جاتا ہے۔ گووند کے طور پر آکاش مکھیجانےبھی اچھا کام کیا ہے۔ وہ ہر افراتفری کے منظر میں اپنے مزاحیہ انداز سےہلکی بارش لاتا ہے۔ ٹی وی ایف کی اس نئی سیریز کا موازنہ سپر ہٹ ویب سیریز ’پنچایت‘ سےکیا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ دونوں ہی گاؤں میں تعینات ایک سرکاری ملازم کی زندگی کی کہانیوں پر مبنی ہیں۔ دونوں نےدیہی زندگی کو اسکرین پربہت مستند اندازمیں پیش کیا ہے۔ لیکن ’گرام چکتسکالیہ‘ میں شدید طنز بھی ہے۔ 
نتیجہ
’گرام چکتسالیہ‘گاؤں کی زندگی پر ایک پُرجوش لیکن پیچیدہ طریقے سے تیار کردہ، سست رفتار اور اثر انگیز سیریز ہے۔ یہ ان مسائل کو اجاگر کرتا ہے جو ہمارا دیہی ہندوستان ہر روزجیتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK