Inquilab Logo

حاجی علی کے قریب واقع ہیرا پنا، خریداری کیلئے چھپا ہوا ہیرا ہے

Updated: April 09, 2024, 9:43 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں آپ کوعالمی سطح کے برانڈس کےکپڑے، اعلیٰ کوالیٹی کی چاکلیٹ، پرفیوم ،گھڑیاں، چشمے اور دیگر اشیا کم قیمت پر مل جائیں گی۔

Entrance to Hera Panna Shopping Centre
ہیرا پنا شاپنگ سینٹر کا داخلی دروازہ۔ تصویر : آئی این این

 آج ہم آپ کو ایک ایسی جگہ سے متعارف کروانا چاہتے ہیں جسےخریداروں کی جنت کہا جاسکتاہے جبکہ سیاح محض تفریح کیلئے بھی یہاں جانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ خصوصی طور پرالیکٹرانکس آلات، گیجٹ یاپرفیوم خریدنا چاہتے ہیں تو یہ یہاں آپ کو ضرور جانا چاہئے۔ یہ جگہ مہالکشمی پردرگاہ حاجی علی کے قریب واقع ہیرا پنا شاپنگ سینٹر ہے۔ یہ شاپنگ سینٹر ممبئی میں وہی حیثیت رکھتا ہے جو دہلی میں کناٹ پلیس کو حاصل ہے۔ ممکنہ طور پر خریداری کے میدان میں ابھرنے والی پہلی گرے مارکیٹوں میں سے ایک، ہیرا پنا وقت کے ساتھ آہستہ آہستہ تیار ہوئی ہے۔ داخلی راستے پر سخت حفاظتی انتظامات ہیں، اور پوری مارکیٹ میں مرکزی اے سی لگا ہواہے۔ لوگ زیادہ تر اپنی الیکٹرانک کی ضروریات اور سستے پرفیوم کے لیے یہاں کا دورہ کرتے ہیں۔ لیکن یہ جتنا نظر آتا ہے اس سے کہیں زیادہ بڑاہے۔ اس کی لامتناہی راہداریوں اور دکانوں کے ساتھ آپ اس میں اور بھی بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ 
کپڑے
 ہیرا پنا شاپنگ سینٹرچھوٹی چھوٹی دکانوں سے بھرا ہواہے، لیکن اسے بنیادی طور پر مردوں کی خریداری کا مرکز قرار دیا جاسکتاہے۔ یہاں کچھ غیر معروف برانڈس کے ساتھ زارا، امبرکومبی اینڈ فنچ، ورسیس، یونائٹیڈ کلر آف بنیٹن اور دیگر چند مشہور برانڈس کی دکانیں موجود ہیں۔ مول بھائو کرنا یہاں کا بنیادی کام ہےاس طرح آپ ان برانڈس کے کپڑے بھی آدھے دام میں خرید سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو وہ کوالیٹی یہاں دیکھنے کو نہ ملے۔ یہاں آپ ایک ٹی شرٹ ۱۵۰؍ روپے سے اعلیٰ کوالیٹی کے ۲۰۰۰؍روپے تک میں خرید سکتے ہیں۔ مول بھائو کرنے پر آپ کو زاراجیسے بڑے برانڈ کا شرٹ ۵۰۰؍روپے تک میں مل سکتا ہے۔ 
امپورٹیڈ چاکلیٹس
 یہاں آپ کو خصوصی طور پر امپورٹیڈ یعنی درآمد شدہ چاکلیٹس بھی خریدنے کو ملیں گی۔ یہاں آپ مارش میلوسے لے کر رس بیری اور پیچ مرملیڈ تک ۲۰۰؍ روپے میں مل جائیں گی۔ ہیراپنا کو مٹھائیوں اور امپورٹ شدہ چاکلیٹس کے معاملے میں چھپا ہوا خزانہ قرار دے سکتے ہیں۔ یہاں موجود دکانوں میں ٹوبل رون، ہرشی، گائلین، مارس اور کیڈبری تک سب کچھ ملے گا۔ اگر آپ اس کے اندر چلے گئے تو یہ یقینی ہے کہ خالی ہاتھ واپس نہیں آسکتے۔ 
پرفیوم
 چاکلیٹوں کے علاوہ پرفیوم کے معاملے میں بھی ہیرا پنا کو ایک ہیرے کی حیثیت حاصل ہے۔ جکی اور چینل جیسے بڑے برانڈ کے پرفیوم بھی آپ کو یہاں مل جائیں گے۔ یہاں آپ کو لوکل سے انٹرنیشنل برانڈ تک کے پرفیوم آسانی سے مل جائیں گے۔ ہو سکتا ہے کہ قیمت آپ کو زیادہ لگے کیوں کہ یہ چیزیں یہاں ایم آر پی پر فروخت ہوتی ہیں لیکن مول بھائو کا متبادل پھر بھی موجود رہتا ہے۔ 
ایکسیسریز
 ایکسیسریز کے معاملے میں بھی یہ بہت اچھی جگہ ہے جہاں آپ ہر قسم کی برانڈیڈ گھڑیوں سے لے کر چشموں، بیلٹ اور خواتین کی جویلری تک سب مل جائے گی۔ یہاں آپ کو ہر طرح کا برانڈ ملے گا پھر چاہے وہ راڈو، ارمانی، ٹومی ہلفائگر، اومیگا، اسپینسر ہو یا کوئی اورسب آپ کو یہاں مل جائے گا۔ 
جوتے
 ایسا ہی کچھ معاملہ جوتوں کا بھی ہے، یہاں آپ کو ہر طرح کے جوتےخریدنے کو مل جائیں گے۔ وانس کے اوریجنل جوتوں سے لے کر چمڑے کے جوتے اور اسپورٹس شوز وغیرہ سب آپ کو یہاں اچھے داموں میں مل جائیں گے۔ 
گیجٹس
 ہیرا پنا کو خصوصی طور پر گیجٹس کیلئے ہی جانا جاتا ہے جس میں خصوصیت کے ساتھ موبائل فون شامل ہیں۔ یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں آپ کو لیٹیسٹ ماڈل کے فون سے کر سافٹ ویئر تک سب کچھ مل جائے گا۔ یہاں پر آپ موبائل کور سے لے کر یو ایس بی اسٹک، ہارڈ ڈسک، فون اور دیگر کئی چیزیں مل جائیں گی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK