Inquilab Logo

روینہ کی نئی ویب سیریز مکر وفریب اور انتقام کے جذبات سے پر

Updated: February 18, 2024, 9:20 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

امریکی ویب سیریز’ریوینج‘ کو ہندوستانی قالب میں ڈھالنے کی کوشش لیکن بنیاد اسی پر قائم ہے،کہانی کی کچھ باتیں سمجھ سے باہر ہیں۔

Raveena Tandon, Varun Sood and other actors can be seen in the web series `Karma Calling`. Photo: INN
ویب سیریز’کرما کالنگ‘ میںروینہ ٹنڈن، ورون سود اور دیگر اداکار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

کرما کالنگ(Karmma Calling)
اسٹریمنگ ایپ :ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار(۷؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:روینہ ٹنڈن، نمرتا سیٹھ، ورون سود، وکرم جیت ورک، وراف پٹیل، روہت رائے، امے ایلا، ولوچا ڈیسوزا
ڈائریکٹر:روچی نارائن
پروڈیوسر:طاہر عباس، اشوتوش شاہ 
سنیماٹوگرافی:بھوشن کمار جین
ایڈیٹر:نکھل پریہار، مہندر سنگھ لودھی، ویبھو نگم
پروڈکشن ڈیزائن:درگاپرساد مہاپاترا، منیشا سادانی
ریٹنگ: **

 انسان کے اعمال کبھی اس کا پیچھا نہیں چھوڑتے، اس نے جو کچھ کیا ہوتا ہے وہ اس کے سامنے آکررہتا ہے۔ اسی کو ہندی میں ’کرما‘ کہاجاتاہے۔ ویب سیریز’کرما کالنگ‘ میں بھی ایساہی کچھ دکھایا گیا ہےایک شخص کوتباہ وبرباد کردینے والوں کے سامنے اس کی کرما نامی بیٹی بدلہ لینے پہنچ جاتی ہے اور جس نے جس انداز میں اس شخص کو پریشان کیا تھا کرما اسی انداز میں اس سے بدلہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ 
کہانی: کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ اندرانی کوٹھاری(روینہ ٹنڈن) علی باغ کی بے تاج ملکہ کی مانند ہے۔ اس کی مرضی کے بغیر اس کے سامنے کھڑا ہونے کی بھی کسی میں ہمت نہیں۔ وہ نہ صرف اپنے گھر اور کروڑوں کی کوٹھاری انڈسٹری کی مالک ہے بلکہ اعلیٰ معاشرے میں بھی اس کا اثررسوخ ہے۔ اندرانی کی زندگی اس وقت بدلنے لگتی ہے جب کرما تلوار (نمرتاسیٹھ) نامی لڑکی اس کے سامنے آجاتی ہے۔ پڑوسی ولا خریدنے کی دوڑ میں وہ اندرانی کو ہرا دیتی ہے۔ اس ولا پر کبھی اندرانی کی بہترین دوست ڈولی (ولوچا) کا قبضہ تھا۔ کرما تلوار کا ایک ہی مقصد ہے۔ وہ ہر قیمت پر بدلہ لینا چاہتی ہے۔ 
ہدایت کاری:روینہ ٹنڈن کی اداکاری سے سجی ویب سیریز مشہورامریکی شو ’ریوینج‘کامقامی ورژن ہے۔ یہ سیریزاندرانی کی چمک دمک والی دنیا اورخون میں لت پت انتقامی کہانی کے بیچ تال میل بٹھانے کی جدوجہد میں پھنسی محسوس ہوتی ہے۔ یہاں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ سیریز کا اسکرین پلے سطحی اورسست لگتاہے۔ بہت سےکردار دقیانوسی محسوس ہوتےہیں۔ ان کرداروں میں گہرائی کی کمی ہے۔ وہ مسلسل ’امیر‘اور ’غریب‘ جیسے الفاظ پرزور دیتے ہیں جس سے پوری کہانی پھیکی لگتی ہے۔ 
اسکرین پلے: اسکرین پر کرداروں اور ان کے حالات کی تصویر کشی میں بھی کنفیوژن ہے۔ مثال کے طور پر کوئی نہیں جانتا کہ کرما تلوار نامی ایک یتیم کےپاس اتنی دولت کیسے آگئی۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ وہ کیا کام کرتی ہے۔ اسی طرح، بھائیوں کا ایک گروپ ہےجو ساحل سمندر کےایک قصبے میں ایک پرتعیش کیفے چلاتا ہے، لیکن جس میں چھوٹا بھائی مسلسل خاندان کی ٹوٹ پھوٹ اور غربت کی شکایت کرتا رہتا ہے۔ اندرانی کی بیٹی میرا (دیوانگشی سین) ایک انسٹاگرامرہے، جو لائکس اور شیئرزکےلیےجدوجہد کرتی رہتی ہے لیکن وہ اپنی ماں پر جعلی اور مصنوعی ہونے کا الزام لگاتی ہے۔ 
 اسکرین پلے میں اعتماد کی کمی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کرداروں کے لیے کچھ بھی محسوس کرنامشکل ہے۔ یہاں تک کہ اندرانی، جو کہانی کا مرکزی کردارہے، اس کے بارے میں واضح نہیں ہے کہ اس کے ارادے کیا ہیں، وہ واقعی کیا چاہتی ہے! سیریز کو دیکھتے ہوئے یہ بہت عجیب لگتا ہے کہ کرما بہت آسانی سے بدلہ لے رہی ہے، جب کہ اس کی منصوبہ بندی بہت ہی مضحکہ خیزہے۔ وہ اندرانی اور اس سے وابستہ لوگوں کی زندگیوں میں بغیر کسی پریشانی کے افراتفری پیدا کرتی ہے۔ 
اداکاری: شوکی اصل کشش روینہ ٹنڈن ہیں، جو چھوٹے اسکرین پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہیں۔ اگرچہ اسکرین پلےمیں بہت سی خامیاں ہیں، اس کے باوجود روینہ اپنے کردار کی باریکیوں کو اچھی طرح سمجھتی ہیں۔ نمرتا سیٹھ بھی پورے اعتماد کے ساتھ کام کرتی ہیں۔ ویراف پٹیل ایک امیرزین خان کے کردار میں کارٹونش نظر آتے ہیں۔ کرماکے والد ستیہ جیت کے کردار میں روہت رائے اپنے مختصر اسکرین ٹائم میں بھی اچھے لگ رہے ہیں۔ اندرانی کے باغی بچوں کے کردار میں ورون سود اور دیوانگشی سین اچھے لگ رہے ہیں۔ 
نتیجہ:کرما کالنگ اتنا دلچسپ انتقامی ڈرامہ نہیں بن سکا جتنا اس کی خواہش تھی۔ پھر بھی اگر آپ ٹائم پاس سیریز چاہتے ہیں تو اسے ایک مرتبہ دیکھ سکتےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK