Inquilab Logo

کیلوا: ساحل اورقلعہ کیلئے مشہور پالگھر کا ایک مشہورعلاقہ

Updated: February 15, 2024, 11:25 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں کا ساحل ۸؍کلومیٹر طویل ہے جس کے ایک جانب درختوںکا جھنڈ اور دوسری جانب سمندر دیکھا جاسکتاہے،کیلوا اور پینکوٹ قلعہ بھی قابل دید ہے

Pankot fort can be seen.
پینکوٹ کا قلعہ دیکھا جاسکتاہے۔

پالگھر ممبئی سے قریب واقع ایک ایسا مقام ہے جو کئی باتوں کیلئے مشہور ہے لیکن انہیں میں یہاں کے تفریحی مقامات بھی ہیں۔ چونکہ یہ مہاراشٹر کےمغربی جانب واقع ہے اس لئے یہاں کئی خوبصورت ساحل بھی پائے جاتے ہیں، انہیں میں ایک کیلوا بیچ بھی شامل ہے۔ یہ ایک نہایت دلکش بیچ ہے جہاں مقامی افراد بڑی تعداد میں جاتے ہیں جبکہ ممبئی کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بھی کثیر تعداد میں لوگ یہاں پہنچتے ہیں۔ کیلوا بیچ کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہاں کا ساحل بہت لمبا یعنی۸؍کلومیٹر طویل ہے۔جب آپ اس بیچ پر چلتے ہیں تو آپ خود کو تاڑ کے درختوں سے گھرا ہوا پاتے ہیںجبکہ دوسری جانب دور تک پھیلا ہوا سمندر دکھائی دیتا ہے۔ یہاں کی دوسری سب سے زیادہ دلکش چیز کیلوا قلعہ ہے۔
کیلوا بیچ
 جب پالگھرمیں دیکھنے کے لیے بہترین مقامات کی بات آتی ہےتوکیلوا بیچ کا تذکرہ ضرور ہوتا ہے۔ زندگی کی بھاگ دوڑسے بہت دور یہ ساحل ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔اگر آپ شہر کی مصروف زندگی سے دور اپنے پیاروں کے ساتھ پر سکون لمحات گزارناچاہتےہیں تو یہ ایک بہترین جگہ ہے۔یہاں آپ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا حیرت انگیز نظارہ بھی کر سکتے ہیں اور تفریحی پانی کے کھیلوں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
 جب آپ اس ساحل پر پہنچتے ہیں، تو پہلی چیزجو آپ کا استقبال کرتی ہےوہ سوروے درختوں کا گھنا جنگل ہے،جو۸؍کلومیٹر طویل ساحل کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پھیلا ہوا ہے۔  یہاںجانےکابہترین وقت صبح یا ہفتےکے آخری دنوں میں ہےکیونکہ اس دوران یہاں خوب چہل پہل رہتی ہے۔
کیلوا بیچ کا قلعہ
 دیگر ساحلی مقامات کی طرح کیلوا بیچ کے قریب بھی ایک قلعہ موجود ہے۔ اس قلعہ کی تاریخ بھی بہت شاندار رہی ہے۔اس شاندار بیچ کے جنوبی کنارے پر واقع اس قلعہ کو پرتگالیوں نے بنایا تھا۔ مراٹھا دور حکومت میں یہ قلعہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے زیر استعمال رہا۔ اس قلعہ میں سے باہر کا دلکش نظارہ بہت اچھا معلوم ہوتا جس میں ایک جانب سورو کے درخت اور دورتک پھیلا سمندرنظر آتا ہے ۔ اس کا آرکیٹیکچر بھی شاندار ہے۔
کیلوا پینکوٹ قلعہ
  کیلوا قلعہ کے علاوہ یہاں کیلوا پینکوٹ قلعہ بھی موجود ہے جو چہار جانب  پانی سے گھرا ہوا ہے۔ اس شاندار قلعہ میں اسی وقت جاسکتے ہیںجب سمندر میں طغیانی کم ہو۔ یہاں سے سمندر کا ددلکش نظارہ کیا جاسکتاہے۔یہ قلعہ کیلوا بیچ سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔
کیلوا میں زراعت
 ان دلکش مقامات کے علاوہ کیلوا اپنی کھیتی باڑی کیلئے بھی مشہور ہے۔یہاں نامیاتی انداز میں کئی قسم کی سبزیاں اور پھل اگائے جاتے ہیں۔ یہاں ناریل،پان،چیکو اور پپیتا اگایا جاتا ہے۔
کیلوا بیچ کیسے جائیں؟
ٹرین کے ذریعے: کیلوے روڈ دراصل چرچ گیٹ سے دہانو جانے والے راستے میں  ایک ریلوے اسٹیشن ہے۔دہانو جانے والی ٹرین کے ذریعہ آپ اس اسٹیشن پر آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔لوکل ٹرین کے ذریعہ کیلوے روڈ پہنچنے کیلئے آپ کو چرچ گیٹ سے ایک گھنٹہ ۴۰؍منٹ، بوریولی سے ایک گھنٹہ اور ویرار سے محض ۲۵؍منٹ لگتے ہیں۔ ویرار سے تیسرے اسٹیشن یعنی کیلوے روڈ اتر کر آپ محض ۱۵؍منٹ سفرکرکے آپ کیلوے روڈ پہنچ سکتے ہیں۔
ہوائی جہاز سے:اگر آپ ممبئی کے باہر سے کہیں سے آرہے ہیں تو ہوائی جہاز کے ذریعہ یہاں پہنچنا چاہتے ہیںتو آپ کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس اترنا ہوگا اوریہاں سے۷۰؍کلومیٹر کا فاصلہ آپ کسی ٹیکسی یاپرائیویٹ گاڑی کے ذریعہ پہنچ سکتے ہیں۔
 سڑک کے ذریعے:سڑک کے ذریعہ جانے کیلئے آپ اپنی گاڑی سے یا کرائے پر ٹیکسی کے ذریعہ پہنچ سکتے ہیں۔یہاں پہنچنے کیلئے آپ کوممبئی احمد آباد ہائی وے یعنی نیشنل ہائی وے نمبر۸؍ پر سفر کرنا ہوگا۔ ہائی وے پر سفر کرتے ہوئے آپ کو وسئی سفالے روڈ یا منور پالگھر روڈ پر مڑنا ہوگا۔پالگھر کو بائی پاس کرتے ہوئے آپ براہ راست کیلوا پہنچ سکتے ہیں۔ممبئی سینٹرل سے ۱۲۵؍کلومیٹر،بوریولی سے ۹۰؍کلومیٹر اور ویرار سے کیلوا محض ۶۸؍کلومیٹر دور ہے  ۔n

palghar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK